کیا ہو رہا ہے؟
امثال کی کتاب میں پیسے کے بارے میں دی گئی تعلیم شاید سب سے زیادہ غلط سمجھی جانے والی تعلیمات میں سے ایک ہے۔ ایسا لگ سکتا ہے کہ سلیمان یہ کہہ رہا ہے کہ دانشمند لوگ ہمیشہ دولت مند ہو جاتے ہیں اور مفلسی کا الزام ہمیشہ لوگوں کی حماقت پر لگایا جا سکتا ہے۔ مثال کے طور پر:
”ڈھیلے ہاتھ مفلسی کا باعث بنتے ہیں، لیکن محنتی ہاتھ دولت لاتے ہیں“ (امثال 10:4)۔
درحقیقت، خاتونِ حکمت وعدہ کرتی ہے، ”دولت اور عزت میرے ساتھ ہیں، پائیدار مال اور خوشحالی بھی“ (امثال 8:18)۔ لیکن جیسا ہم پہلے کہہ چکے ہیں، امثال وعدے نہیں ہیں۔ اگرچہ یہ اکثر سچ ہوتا ہے کہ دانشمند لوگ دولت مند ہو جاتے ہیں اور احمق لوگ مفلس ہو جاتے ہیں، مگر اِس کی ضمانت ہمیشہ نہیں ہوتی۔
سلیمان سمجھتا ہے کہ مفلسی ہمیشہ کسی کا اپنا انتخاب نہیں ہوتی، بلکہ اکثر یہ اُن کج رَو لوگوں کا قصور ہوتی ہے جو نظام کی خامیوں سے فائدہ اُٹھاتے ہیں (امثال 13:23)۔ وہ یہ بھی جانتا ہے کہ احمق لوگ بھی دولت مند ہو جاتے ہیں، چاہے اُسے یقین ہے کہ ایسی دولت جلد ہی مٹ جائے گی (امثال 11:18)۔ امثال میں دولت اور مفلسی کی سمجھ باریک اور گہری ہے، اگرچہ یہ کتاب سخت اور دانشمندانہ محنت کے فراخ دلانہ صلے کے تصور کو بھی تھامے رکھتی ہے۔
لیکن پیسے کے بارے میں امثال کی سب سے دلچسپ بات یہ ہے کہ پیسہ کافی نہیں ہے۔ ہمارا پیسہ ہمیشہ خطرے میں ہوتا ہے۔ چاہے بازار کی قوتوں سے ہو یا تاوان کے مطالبوں سے، پیسہ اپنے ساتھ ایک انوکھا بوجھ لاتا ہے (امثال 13:8)۔ اِس کے علاوہ، پیسہ ہمیں قدرتی آفتوں، بازارِ حصص کے دھڑام سے گرنے، جنگ، یا اپنے پیاروں کی موت سے نہیں بچا سکتا (امثال 11:4)۔
پیسہ کافی نہیں ہے، اِس لیے ہمیں دولت مند ہونے کی کوشش میں اپنے آپ کو تھکا نہیں دینا چاہیے (امثال 23:4-5)۔ اجور نامی ایک دانشمند شخص نے خدا سے دعا کی کہ اُسے ”نہ مفلسی دے اور نہ دولت“ (امثال 30:7)۔ اجور نے پہچان لیا کہ بہت زیادہ دولت اور بہت زیادہ مفلسی، دونوں خطرناک ہیں۔ دولت میں خدا کو بھول جانا آسان ہو جاتا ہے، جبکہ مفلسی میں اُس کی بےعزتی کرنا آسان ہو جاتا ہے۔
امثال پیسے کے بارے میں جو کچھ کہتی ہے، اُس سب کا خلاصہ کرنے کا ایک مفید طریقہ یہ ہے: ”دانشمند لوگ پیسے کی تلاش نہیں کرتے۔ دانشمند لوگ حکمت کی تلاش کرتے ہیں۔ اور اگرچہ اِس کی ضمانت نہیں، پیسہ اکثر اُس کے پیچھے پیچھے آتا ہے۔“
خوشخبری کہاں ہے؟
یہ سلیمان کی کہانی ہے۔ 1 سلاطین 3 میں سلیمان کو ایک انتخاب دیا جاتا ہے۔ وہ خدا سے جو بھی نعمت چاہے حاصل کر سکتا ہے، لیکن قوت یا دولت چننے کی بجائے وہ حکمت چنتا ہے۔ خدا سلیمان کی حکمت کی درخواست کا جواب یہ دیتا ہے کہ اُسے وہ بھی دیتا ہے جو اُس نے مانگا، اور ساتھ ہی دولت اور قوت کی وہ نعمتیں بھی جو اُس نے نہیں مانگی تھیں۔ پیسے پر لاگو کی جانے والی امثال کی پوری تعلیم یہی ہے: ”حکمت حاصل کر … اور وہ تجھے سرفراز کرے گی؛ اُسے گلے لگا، اور وہ تجھے عزت بخشے گی“ (امثال 4:7-8)۔
یہی یسوع کی تعلیم بھی ہے۔ اُن لوگوں کے ہجوم سے بات کرتے ہوئے جو اپنے اگلے کھانے کے بارے میں فکرمند تھے، وہ اُن سے کہتا ہے، ”پہلے اُس کی بادشاہی اور اُس کی راستبازی کی تلاش کرو، تو یہ سب چیزیں بھی تمہیں مل جائیں گی“ (متی 6:33)۔ کھانا کافی نہیں ہے؛ وہ ہمیشہ خطرے میں رہتا ہے۔ اگر یسوع لوگوں کا پیٹ بھر بھی دے، تو وہ کل پھر بھوکے ہوں گے—اور یسوع پانچ ہزار کو کھلانے کے بعد بالکل یہی بات کہتا ہے (یوحنا 6:27)۔
کھانے یا پیسے سے زیادہ اہم وہ حکمت ہے جو یسوع پیش کرتا ہے۔ یسوع نے لامحدود فراوانی اور دولت کا اپنا گھر چھوڑ دیا تاکہ ہمارے ساتھ رہے اور ہمارے ساتھ ایک بادشاہی قائم کرے (فلپیوں 2:6، 10)۔ زیادہ تر لوگوں کی نظر میں خدا کے محل کا مقام چھوڑ کر ایک خادم کی موت مرنا حماقت ہے۔ لیکن یسوع کی سب کچھ چھوڑ دینے کی رضامندی اِس بات کو یقینی بناتی ہے کہ جو کوئی اُس کی مفلسی کی حکمت پر بھروسا کرے، وہ اُس کی بادشاہی میں دولت مند ہو جائے گا (2 کرنتھیوں 2:8-9)۔
ہمیں ہمیشہ یہی لگے گا کہ ہمارے پاس نہ کافی پیسہ ہے اور نہ کافی کھانا۔ لیکن جب ہم یسوع کی حکمت کی تلاش کرتے اور اُس پر ایمان لاتے ہیں، تو ہمیں یسوع کے جی اُٹھنے کی دولت مل جاتی ہے۔
خود دیکھیں
روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو دانشمندوں کو دولت مند بناتا ہے۔ اور آپ یسوع کو دیکھیں جو مفلسوں کو دولت مند اور احمقوں کو دانشمند بناتا ہے۔

