کیا ہو رہا ہے؟
امثال حکمت کی کتاب ہے۔ یہ اِس بارے میں ہے کہ دُنیا کس طرح چلتی ہے، اُس کی بُرائیوں سے کیسے بچا جائے، اور خُدا کی برکت کا تجربہ کیسے کیا جائے۔ ابتدائی آیات میں سلیمان ہمیں اپنی کتاب کے دو مقاصد بتاتا ہے: وہ سامعین جن کے لیے وہ لکھ رہا ہے، اور سچی حکمت کا مرکز۔
امثال کا پہلا مقصد یہ ہے کہ جب ہم حکمت سنیں تو اُسے پہچانیں اور سمجھیں (امثال 1:2)۔ اِس کا دوسرا مقصد یہ ہے کہ ہمیں سکھائے کہ دانائی کی بات کیا ہے (امثال 1:3)۔ سلیمان کے پیغام کے سامعین سب لوگ ہیں (امثال 1:5-6)، لیکن یہ خاص طور پر جوان اور ناپختہ لوگوں کے لیے لکھا گیا ہے (امثال 1:4)۔ حقیقت میں، کتاب کا بڑا حصہ اُن خطبات کے سلسلے کی صورت میں پیش کیا گیا ہے جو ایک باپ اپنے بیٹے کو دیتا ہے۔
پاک کلام میں ”حکمت“ کی تعریف چند مختلف طریقوں سے کی گئی ہے۔ حکمت فنی مہارت ہو سکتی ہے—جیسی اُن درزیوں نے دکھائی جنہوں نے کاہن کے لباس بنائے اور اُن دھات کے کاریگروں نے جنہوں نے خیمۂ اجتماع کے نقش و نگار تراشے (خروج 28:3، 31:3)۔ حکمت انصاف کے فیصلے سنانے کی قابلیت بھی ہو سکتی ہے، جیسا سلیمان نے کیا جب اُس نے دو ماؤں کے اِس تنازع میں دخل دے کر فیصلہ دیا کہ بچہ کس کا ہے (1 سلاطین 3:28)۔ حکمت ایک قوم کی راہنمائی کرنے کی صلاحیت بھی ہے (استثنا 34:9)۔ وسیع تر معنوں میں، حکمت یہ سمجھنا ہے کہ زندگی (یا لوگ، قومیں یا اشیا) کس طرح کام کرتی ہیں، اور پھر اُس علم کو مناسب، منصفانہ اور ماہرانہ طریقے سے برتنا ہے۔
یہی وجہ ہے کہ سلیمان کی حکمت کا پہلا سبق کوئی دانائی کی کہاوت نہیں ہے؛ بلکہ وہ سچی حکمت کی فطرت اور مرکز کے بارے میں ایک بیان ہے۔ سلیمان کہتا ہے، ”خُداوند کا خوف حکمت اور علم کا آغاز ہے“ (امثال 9:10)۔
اگر حکمت دُنیا کے نظام کو سمجھنا اور اُس کے مطابق جواب دینا ہے، تو آپ اُس ہستی کو سمجھے اور اُس کے مطابق جواب دیے بغیر حقیقی معنوں میں دانا نہیں ہو سکتے جس نے دُنیا کو خلق کیا اور اُس کا نظام ترتیب دیا (امثال 3:19-20)۔ سچی حکمت میں خالق کا اور اُس حکمت کا لحاظ ضرور ہونا چاہیے جو اُس نے دُنیا اور اُس کے لوگوں کو بنانے میں استعمال کی۔
سلیمان آگاہ کرتا ہے کہ جو کوئی اُس حکمت کو ردّ کرتا ہے جو دُنیا میں رکھی گئی ہے، وہ احمق ہے۔ احمق موت ہی کی توقع کر سکتے ہیں (امثال 1:18)۔ احمق ہونا سنگین نتائج لاتا ہے، کیونکہ اِس میں خُدا کو ردّ کرنا شامل ہے۔ حکمت کی تلاش کرنا یا اُسے ردّ کرنا نیکی اور بدی کے درمیان ایک اخلاقی انتخاب ہے۔ امثال کی کتاب ہمیں دعوت دیتی ہے کہ ہم حکمت کو چُنیں، فہم حاصل کریں، اور خُداوند کو عاجزی سے قبول کرتے ہوئے اور اُس کا خوف مانتے ہوئے اپنی زندگیاں زندگی کے خالق کے مطابق ترتیب دیں۔
خوشخبری کہاں ہے؟
خُدا نے کامل حکمت کے ساتھ دُنیا کو بنایا (امثال 3:19)۔ رسول یوحنا اِسے یہ کہتے ہوئے واضح کرتا ہے کہ یِسوع نے دُنیا کو خلق کیا اور سب کچھ اُسی کے ہاتھ سے بنا (یوحنا 1:3)۔ اور رسول پولس کہے گا کہ مسیح میں ”حکمت اور علم کے سب خزانے پوشیدہ ہیں“ (کلسیوں 2:3)۔
لیکن خُدا کی حکمت بنیادی طور پر یِسوع کی دُنیا کو خلق کرنے کی قابلیت میں نظر نہیں آتی۔ اِس سے بڑھ کر وہ یِسوع کی موت اور قیامت میں دِکھائی دیتی ہے۔ رسول پولس کہتا ہے، ”ہم مصلوب مسیح کی منادی کرتے ہیں … خُدا کی قدرت اور خُدا کی حکمت“ (1 کرنتھیوں 1:23-24)۔ دُنیا دو اصولوں کے مطابق چلتی ہے: خُدا کی تخلیقی قدرت اور یِسوع کی قربانی کی موت۔
بہت سوں کے لیے خالق خُدا کی فرمانبرداری کرنے یا اُس کا خوف ماننے کا خیال حماقت ہے؛ دوسروں کے لیے ایسے خُدا کا تصور عجیب ہے جو مَرا اور مُردوں میں سے جی اُٹھا۔ لیکن مسیحیوں کے لیے خُدا ہی ہماری بنیادی حقیقت ہے؛ قیامت ہماری دُنیا کو ترتیب دینے والا اصول ہے۔
ہم یہ فطرت کے کام کرنے کے طریقے میں دیکھتے ہیں۔ فصل کاٹنے سے پہلے بیج کو دفن ہونا اور مرنا پڑتا ہے (1 کرنتھیوں 15:36)۔ رسول پولس بتاتا ہے کہ جو حکمت خلق کیے گئے بیجوں پر لاگو ہوتی ہے، وہی ہمارے خلق کیے گئے بدنوں پر بھی لاگو ہونی چاہیے (1 کرنتھیوں 15:42)۔ اگر بیج خُدا کی حکمت سے مُردوں میں سے جِلائے جا سکتے ہیں، تو ہم بھی!
ایک لحاظ سے، دُنیا کے دانائی بھرے نظام پر نظر ڈالتے ہوئے یِسوع کی موت اور قیامت کی توقع کی جانی چاہیے۔ لیکن اِس سے بھی زیادہ اہم بات یہ ہے کہ یہ اِس امر کی ضمانت ہے کہ قیامت کی زندگی اور حکمت اُنہی کو ملتی ہے جو خُداوند کا خوف مانتے ہیں، جبکہ موت اور حماقت اُن سب کے پیچھے لگی رہتی ہے جو یِسوع کی حکمت کو ردّ کرتے ہیں۔ اگر آپ قیامت کی زندگی چاہتے ہیں، تو حکمت کو چُنیں۔ یِسوع کو چُنیں۔
خود دیکھیں
دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خُدا کو دیکھ سکیں جو دُنیا کو حکمت سے ترتیب دیتا ہے۔ اور دعا ہے کہ آپ یِسوع کی موت اور قیامت کو اُس مقام کے طور پر دیکھیں جہاں خُدا کی حکمت سب سے زیادہ واضح طور پر ظاہر ہوتی ہے۔

