کیا ہو رہا ہے؟
روت کی کتاب ہمارے دل میں ایسے بادشاہ کی امید جگاتی ہے جو خالی پن سے بھرپوری پیدا کر سکتا ہے۔
روت کی کہانی شروع ہونے سے پہلے ہمیں بتایا جاتا ہے کہ اسرائیل قضاۃ کے زمانے میں ہے (روت 1:1)۔ یہ شاید اسرائیل کا سب سے تاریک دور ہے، جو عورتوں کے ساتھ بےرحمی اور خدا ترس قیادت کی شدید کمی سے پہچانا جاتا ہے (قضاۃ 19:25)۔ روت اور نعومی، یعنی کہانی کے مرکزی کردار، بےوفا مردوں کی نسل کے درمیان وفادار عورتوں کے طور پر نمایاں ہیں۔ لیکن باقی اسرائیل کی طرح اُن کی زندگیاں بھی المیے اور موت سے بھری ہوئی ہیں۔ اسرائیل میں کال پڑا ہوا ہے۔ نعومی کا شوہر اور اُس کے دونوں بیٹے مر چکے ہیں (روت 1:3، 5)۔ نعومی اب اسرائیل میں رہتی بھی نہیں؛ وہ موآب میں پھنسی ہوئی ہے، جو اسرائیل کی پرانی دشمن قوم ہے۔ اُس کے ساتھی صرف اُس کے بیٹوں کی بانجھ بیوائیں ہیں، روت اور عرفہ۔
نعومی کی حالت ناامید دکھائی دیتی ہے۔ اُس ثقافت میں اِن تین بیوہ عورتوں کے لیے واحد امید یہ ہے کہ یا تو بیٹا پیدا ہو یا کسی دولتمند مرد سے شادی ہو جائے۔ اِن پردیسی، بانجھ اور عمر رسیدہ عورتوں کے لیے دونوں میں سے کوئی بھی صورت ممکن نظر نہیں آتی۔
نعومی سمجھ جاتی ہے کہ اُس کی واحد امید یہی ہے کہ وہ موآب سے نکل کر اپنے آبائی شہر بیت لحم کو لوٹ جائے (روت 1:7)۔ نعومی روت اور عرفہ کو اپنے ساتھ آنے سے روکتی ہے (روت 1:8)۔ موآبی عورتیں ہونے کے ناطے اسرائیل میں اُن کے لیے ایک ناپسندیدہ اقلیت کی زندگی تقریباً یقینی ہے (روت 1:12)۔ چنانچہ عرفہ اپنے گھر لوٹ جاتی ہے، لیکن روت نعومی کے ساتھ وفاداری دکھاتی ہے (روت 1:15)۔ چھوڑ جانے کے بجائے روت اعلان کرتی ہے کہ نعومی کا خدا اُس کا خدا ہے اور نعومی کے لوگ اُس کے لوگ ہیں (روت 1:16)۔ وہ نعومی کو چھوڑنے سے بہتر مرنا سمجھتی ہے (روت 1:17)۔
پس وہ دونوں مل کر روانہ ہوتی ہیں۔ نعومی اور روت، بانجھ اور بھوکی، بیت لحم پہنچتی ہیں۔ لیکن اِس اشارے کے طور پر کہ خدا اُن کے لیے اور اسرائیل کے لیے کیا کرنے والا ہے، جَو کی فصل کی کٹائی ابھی شروع ہوئی ہے (روت 1:22)۔ جلد ہی اُن کا خالی پن بھر دیا جائے گا، اور ایک بادشاہ پیدا ہوگا۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اسرائیل کی تاریخ کے آغاز میں، اسرائیل کی بانی مائیں—سارہ، ربقہ اور راخل—سب اولاد پیدا کرنے سے قاصر تھیں۔ لیکن خدا نے معجزانہ طور پر اُن کے رحم کھولے اور اپنے لوگوں کے لیے ایک نیا رہنما فراہم کیا۔ ہم توقع کرتے ہیں کہ یہی کہانی یہاں بھی دہرائی جائے گی، مگر اُن کہانیوں کے برعکس یہاں بچہ فراہم کرنے میں مدد دینے کے لیے کوئی مرد نہیں ہے۔ روت اکیلی ہے، ایک بانجھ اور پردیسی بہو۔ لیکن روت کی یہ آمادگی کہ وہ اپنی ساس کی خدمت کے لیے اپنی جان قربان کر دے، وہی راستہ بنے گی جس کے ذریعے خدا اسرائیل کو ایک نیا بادشاہ عطا کرے گا، اور اِس پر ہم روت 4 میں بات کریں گے۔
اسرائیل کی تاریخ کی بہت سی عورتوں کی طرح، مریم بھی بچہ پیدا کرنے کے قابل نہیں تھی۔ وہ کنواری تھی (لوقا 1:34)۔ لیکن مریم کی خداوند کی خدمت کرنے کی آمادگی کا مطلب یہ ہے کہ اُس کے وسیلے سے ایک ایسا بادشاہ پیدا ہوگا جو اپنی بادشاہی کے ذریعے دنیا کو برکت دے گا (لوقا 1:31، 34، 38)۔ یسوع روت اور مریم کی وفاداری کا بیٹا ہے۔ یسوع تو نعومی کے آبائی شہر بیت لحم ہی میں پیدا ہوگا! وہی سچا بادشاہ ہے، نہ صرف اسرائیل کا بلکہ ساری دنیا کا۔ وہ اِس لیے پیدا ہوا کہ بادشاہ کے طور پر اپنی حکمرانی کے ذریعے ہمارا خالی پن بھر دے (لوقا 4:18)۔
پس اگر آپ روت کی طرح بانجھ ہیں، اگر آپ نعومی کی طرح بیوہ ہیں، اگر آپ اسرائیل کی طرح بےقیادت ہیں، اگر آپ بھوکے ہیں، اگر آپ غریب ہیں، یا اگر سائنسی طور پر آپ کا بھرا جانا ناممکن لگتا ہے، تو روت کی کتاب آپ کے لیے ہے۔ ایک بچہ پیدا ہوا ہے اور اُس کا نام یسوع ہے۔ اگر آپ روت کی طرح وفاداری سے اپنے آپ کو بادشاہ یسوع کے سپرد کر دیں، تو آپ کی ہر ضرورت پوری کی جائے گی (متی 6:33)۔
خود دیکھیں
دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو بادشاہ ہے۔ اور آپ یسوع کو ایک ایسے وفادار دوست کے طور پر دیکھیں جو آپ کے خالی پن کو بھر دے گا۔

