کیا ہو رہا ہے؟
نعومی کی زمین، اُس کا نام و نشان اور اُس کی روزی روٹی، سب کچھ بوعز پر منحصر ہے۔ وہ اُس کا ممکنہ چھڑانے والا ہے، اور روت نے ابھی اُس کے سامنے شادی کی تجویز رکھی ہے۔ چھڑانے والا وہ شخص ہوتا ہے جو اپنے غریب رشتہ داروں، خاص طور پر بیواؤں کی قانونی، خاندانی اور مالی ذمہ داریاں اپنے اوپر لے لیتا ہے۔
بوعز روت سے شادی کرنے پر راضی ہو جاتا ہے، لیکن ایک مسئلہ ہے۔ بوعز نعومی کے چھڑانے والے کے طور پر کام نہیں کر سکتا، کیونکہ پہلے ایک ایسے چھڑانے والے کو موقع دینا لازم ہے جو رشتے میں زیادہ قریب ہے (روت 3:12)۔
بوعز ذرا بھی وقت ضائع نہیں کرتا۔ تجویز کی اگلی صبح وہ شہر کے پھاٹک پر اُس وقت تک انتظار کرتا ہے جب تک اُس ممکنہ چھڑانے والے کو دیکھ نہیں لیتا (روت 4:1)۔ روت کا ذکر کیے بغیر، بوعز اُس بےنام چھڑانے والے کو بتاتا ہے کہ نعومی نے اپنے شوہر کی زمین بیچنے کے لیے رکھی ہے اور پہلا حق اُسی کا ہے (روت 4:3)۔
یہ سوچ کر کہ یہ کم خطرے اور زیادہ نفع والی سرمایہ کاری ہے، وہ فوراً ”ہاں“ کہہ دیتا ہے (روت 4:4)۔ لیکن پھر اُس ممکنہ چھڑانے والے کو معلوم ہوتا ہے کہ زمین خریدنے کے ساتھ بیوہ نعومی اور روت کی دیکھ بھال کی ذمہ داری بھی شامل ہے۔ چنانچہ وہ انکار کر دیتا ہے۔ زمین خریدنا ایک بات ہے، مگر روت سے شادی کرنا اور ممکنہ طور پر اپنی میراث بانٹنا اور وہ زمین روت کے ہونے والے بچوں میں سے کسی کے ہاتھ کھو دینا، یہ بہت بڑا خطرہ ہے (روت 4:6)۔
پس بوعز وہ کرتا ہے جو یہ آدمی کرنے کو تیار نہیں (روت 4:9)۔ وہ اپنی میراث کے لیے خطرات قبول کرتا ہے اور نعومی کے نام و نشان اور زمین کو باقی رکھنے کی ذمہ داری اپنے کندھوں پر اٹھا لیتا ہے (روت 4:10)۔
دیکھنے والا ہر شخص سمجھ جاتا ہے کہ بیوہ، بےاولاد اور غیر ملک میں پیدا ہوئی روت اور بیوہ نعومی کے لیے ایک غیر معمولی طریقے سے بندوبست کیا گیا ہے۔ وہ دعا کرتے ہیں کہ خدا موآبی روت کو اسرائیل کی بانی ماؤں—راخل، لیاہ اور تمر—کی مانند بنائے (روت 4:11)۔ پھر خدا اُن کی دعاؤں کا جواب دیتا ہے اور دس سال کے بانجھ پن کے بعد معجزانہ طور پر روت کو ایک بیٹا عطا کرتا ہے جس کا نام عوبید ہے (روت 4:13)۔
سارا شہر خوشی منانے لگتا ہے۔ اب نعومی کا چھڑانے والا صرف بوعز ہی نہیں، بلکہ یہ نیا بچہ بھی ہے (روت 4:14)۔ جب عوبید بڑا ہوگا تو وہ اُس کی دیکھ بھال کرے گا اور یقینی بنائے گا کہ نعومی کا نام و نشان کبھی نہ مٹے (روت 4:15)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اِس کتاب کا آغاز ہمیں یہ یاد دلاتے ہوئے ہوتا ہے کہ روت ”اُن دنوں میں جب قضاۃ حکومت کرتے تھے“ زندگی گزارتی تھی اور اسرائیل میں کوئی بادشاہ نہ تھا (روت 1:1)۔ لیکن کتاب کا اختتام ایک شاہی نسب نامے پر ہوتا ہے۔ عوبید بادشاہ داؤد کا دادا ہے (روت 4:22)۔
اِس کا مطلب یہ ہے کہ روت محض مہربان نہیں تھی۔ بوعز محض قربانی دینے والا نہیں تھا۔ نعومی کا خالی پن محض بھرا نہیں گیا۔ یہ کردار ہمیں دکھاتے ہیں کہ خدا اپنے لوگوں کو کس طرح چھڑانے کا ارادہ رکھتا ہے۔ بوعز اور روت کی قربانی بھری مہربانی کے ذریعے خدا نے نعومی اور اسرائیل، دونوں کو ایک چھڑانے والا عطا کیا۔
عوبید ایک دن بادشاہ داؤد کا باپ بنے گا، جو ایک دن تخت سنبھالے گا۔ داؤد اسرائیل کے نام و نشان اور زمین کی ذمہ داری اٹھائے گا، جیسے اُس کے پردادا بوعز نے نعومی کے نام و نشان اور زمین کی ذمہ داری اٹھائی تھی۔ اور جس طرح عوبید کی معجزانہ پیدائش نے نعومی کی نسل کے جاری رہنے کو یقینی بنایا، اُسی طرح خدا معجزانہ طور پر داؤد سے کہتا ہے کہ اُس کی نسل ہمیشہ تک قائم رہے گی (2 سموئیل 7:16)۔ خدا روت کے پڑپوتے سے وعدہ کرتا ہے کہ داؤد کا ایک بیٹا ابد تک حکومت کرے گا۔
متی کی خوش خبری کا مصنف ہمیں بتاتا ہے کہ روت اور بوعز صرف داؤد کے آبا و اجداد نہیں، بلکہ یسوع کے بھی ہیں (متی 1:5)۔ یسوع بوعز اور داؤد کی نسل سے ہے۔ اپنے بزرگوں کی طرح، یسوع اپنی قربانی بھری مہربانی سے اپنے خاندان کو اُن کی محتاجی سے چھڑائے گا۔ صلیب پر یسوع ہمارا آخری چھڑانے والا بن جاتا ہے۔ وہ ہماری جسمانی اور روحانی محتاجی، دونوں کی ذمہ داری اپنے اوپر لے لیتا ہے تاکہ ہم کبھی زمین، نام و نشان یا روزی روٹی سے محروم نہ رہیں (لوقا 4:18)۔
جیسا خدا نے داؤد سے وعدہ کیا تھا، یسوع جی اُٹھا ہے اور ابد تک زندہ رہ کر حکومت کرتا ہے۔ روت اور نعومی کی طرح ہم بھی اپنا خالی پن لے کر اُس کے پاس آ سکتے ہیں۔ ہم اُس سے کہہ سکتے ہیں کہ وہ ہمیں چھڑائے۔ ہم یسوع سے کہہ سکتے ہیں کہ وہ ہمارے گناہ اور ہماری ناامیدی کی ذمہ داری اپنے اوپر لے اور اِسے درست کرنے کے لیے کچھ کرے۔ اور روت کی کتاب کی خوش خبری یہ ہے کہ یسوع ہمیں ایک قریبی رشتہ دار اور ایک قدرت والے بادشاہ، دونوں کی طرح بچائے گا!
خود دیکھیں
دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کو چھڑانے والے کے بغیر نہیں چھوڑتا۔ اور آپ یسوع کو ہمارے اُس قربانی بھری مہربانی والے نجات دہندہ کے طور پر دیکھیں جو ہم سب کو چھڑانے کے لیے اپنی جان دیتا ہے۔

