کیا ہو رہا ہے؟
روت اور نعومی کو ابھی ابھی پتہ چلا ہے کہ بوعز اُن کے خاندان کے "چھڑانے والوں" میں سے ایک ہے۔ اسرائیل میں "چھڑانے والے" کی یہ سماجی اور قانونی ذمہ داری ہوتی تھی کہ وہ اپنے غریب رشتہ داروں، خاص طور پر بیواؤں کی خبرگیری کرے۔ موجودہ حالات میں نعومی کو گزارہ کرنے کے لیے اپنے خاندان کی زمین بیچنی پڑے گی۔ لیکن اگر بوعز روت سے شادی کر لے تو اُن کے مسئلے حل ہو جائیں گے! بوعز کے ذریعے ایسا لگتا ہے کہ اُن کے خالی پن کا خاتمہ شاید حقیقت بن جائے۔ لیکن روت بیوہ ہونے کے ساتھ ساتھ غریب، بانجھ اور پردیسی بھی ہے۔ یہ واضح نہیں کہ بوعز روت کو ممکنہ شریکِ حیات کے طور پر سوچے گا بھی یا نہیں۔
اس لیے نعومی بوعز سے شادی کا پیغام حاصل کرنے کے لیے ایک ہوشیار مگر خطرناک منصوبہ بناتی ہے (روت 3:1)۔ روت کو اچھے کپڑے پہننے ہیں، قیمتی خوشبو لگانی ہے، اور پھر انتظار کرنا ہے کہ بوعز ایک بڑے کھانے کے بعد سو جائے (روت 3:3)۔ پھر اُسے اُس کے پاؤں کھول کر اُس کے پاس لیٹ جانا ہے (روت 3:4)۔
یہ منصوبہ ہوشیاری کا ہے کیونکہ نعومی اُس وقت تک انتظار کرتی ہے جب بوعز سیر اور خوش ہو۔ پاؤں کھولنے کا مطلب یہ ہے کہ رات کے کسی پہر بوعز سردی سے جاگے گا اور—حیرت کی بات—خوبصورت روت کو عاجزی سے اپنے قدموں میں لیٹے ہوئے دیکھے گا۔ لیکن یہ منصوبہ نامناسب ہونے کی حد کو چھوتا ہے: رات کے وقت ایک مرد اور ایک عورت اکیلے، ایک ساتھ سوئے ہوئے اور نظروں سے چھپے ہوئے۔ روت تو اُسے "کھولتی" بھی ہے۔ جنسی کشمکش اتنی ہی گہری ہے جتنے اُس صورت کے نتائج سنگین ہوں گے اگر بوعز اس منصوبے کو غلط سمجھ لے۔ لیکن روت وہی کرنے پر راضی ہو جاتی ہے جو نعومی کہتی ہے (روت 3:5)۔
مگر روت طے شدہ منصوبے سے ہٹ جاتی ہے۔ جب بوعز جاگ کر اُسے دیکھتا ہے تو روت اُس کے جواب کا انتظار نہیں کرتی۔ بلکہ روت نہ صرف شادی کا پیغام دیتی ہے بلکہ نعومی اور اُس کی میراث کے لیے بچاؤ کا عمل بھی مانگتی ہے (روت 3:9)۔ روت بوعز کو "چھڑانے والا" کہتی ہے۔ وہ بوعز سے شادی چاہتی ہے، اپنے فائدے کے لیے اتنا نہیں جتنا نعومی کے فائدے کے لیے۔ بوعز کی مدد کے بغیر نعومی کی نسل ختم ہو جائے گی۔ لیکن اگر بوعز اُس سے شادی کر لے تو روت کا بچہ نعومی کا وارث بنے گا، اور نعومی کی زمین اُس کے خاندان ہی میں رہے گی۔
بوعز نعومی کے لیے روت کی وفاداری سے بہت متاثر ہوتا ہے۔ اُس نے نہ صرف نعومی کی خاطر اپنا وطن چھوڑا بلکہ وہ اپنی شادی کو بھی اپنی خوشی کے بجائے نعومی کی بھلائی اور خوشی کے لیے استعمال کرنے کو تیار ہے (روت 3:10)۔
بوعز ہاں کہنا چاہتا ہے، لیکن ایک مسئلہ ہے۔ ایک اَور چھڑانے والا ہے جسے اپنی رائے دینے کا موقع ملنا ضروری ہے (روت 3:12)۔
انجیل کہاں ہے؟
روت اور نعومی کی پوری کہانی میں ایک اہم عبرانی لفظ ہے جسے سمجھنا بہت ضروری ہے۔ غالباً آپ کی بائبل میں اس کا ترجمہ "مہربانی" کیا گیا ہے۔
ہمیں بتایا گیا ہے کہ روت نے اپنا وطن چھوڑ کر نعومی پر مہربانی کی (روت 1:8)۔ بوعز نے روت اور نعومی کو دل کھول کر کھانا دے کر روت پر مہربانی کی۔ بوعز روت کے شادی کے پیغام کو بھی مہربانی کا کام کہتا ہے (روت 3:10)۔ روت کی کتاب میں مہربانی کا مطلب صرف اچھا برتاؤ کرنا نہیں بلکہ وفادار رہنا ہے۔ اور وفاداری سے بھی بڑھ کر، اس کا مطلب قربانی والی وفاداری ہے۔ اپنا وطن چھوڑنے کی روت کو بڑی قیمت چکانی پڑتی ہے۔ بوعز کو شادی کا پیغام دینے کا مطلب ہے کہ وہ محبت یا دولت کی خاطر شادی کرنے سے دستبردار ہو رہی ہے۔ اور جیسا کہ ہم اگلے باب میں دیکھیں گے، اس شادی کے پیغام کو قبول کرنے کی بوعز کو مالی قیمت چکانی پڑتی ہے—اُس سماجی قیمت کا تو ذکر ہی کیا جو ایک بانجھ پردیسی عورت سے شادی کرنے سے آ سکتی ہے۔
بائبل میں اس قسم کی مہربانی کا ذکر پہلی بار اُس وقت ہوتا ہے جب خدا کوہِ سینا پر اسرائیل کے سامنے اپنا تعارف کرواتا ہے (خروج 20:6؛ 34:6-7)۔ خدا فرماتا ہے کہ وہ وفادار ہے اور اُس کی مہربانی ثابت قدم ہے۔ وہ اسرائیل سے محبت کرتا رہے گا چاہے اِس کی قیمت اُسے کچھ بھی چکانی پڑے۔ روت اور بوعز میں ہم خدا کی مہربانی کی ایک زندہ تصویر دیکھتے ہیں، لیکن ساتھ ہی ہم اپنے لیے یسوع کی محبت کی بھی ایک زندہ تصویر دیکھتے ہیں۔
خدا کے ثابت قدم مہربانی کے وعدوں کی وفاداری میں یسوع نے اپنا وطن چھوڑا اور بڑی قیمت چکا کر ایک دلہن سے بیاہ کیا (افسیوں 5:25)۔ اور جس طرح روت نے بوعز کو اس لیے شادی کا پیغام نہیں دیا کہ وہ خوبصورت یا دولت مند تھا، اسی طرح یسوع نے ہمارے ساتھ اپنے آپ کو اس لیے نہیں جوڑا کہ ہم سب سے بہتر یا سب سے لائق ہیں۔ یسوع ہمارے لیے اس لیے مرا کیونکہ وہ مہربان اور وفادار ہے۔ وہ ضرورت مند لوگوں پر مہربان ہے اور اپنے کیے ہوئے وعدوں کا وفادار ہے۔
تو کیا آپ کو خدا کی مہربانی کی ضرورت ہے؟ کیا آپ چاہتے ہیں کہ خداوند کی قربانی والی رحمت آپ کی ضرورتیں پوری کرے؟ تو روت کی مانند بنیں۔ اُس کے قدموں میں لیٹ جائیں اور اپنی درخواست پیش کریں۔ دلیری سے اُسے بتائیں کہ اگر وہ کچھ نہ کرے تو کیا کچھ داؤ پر لگا ہے—اور اُس خدا پر بھروسا رکھیں جو بوعز سے کہیں زیادہ مہربان ہے اور آپ کی ہر ضرورت پوری کرے گا۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھیں جو ہمیں اپنے پروں تلے ڈھانپتا ہے۔ اور آپ یسوع کی وفادار مہربانی کو دیکھیں کہ اُس نے اپنے آپ کو خالی کر دیا تاکہ ہم بھر جائیں۔

