کیا ہو رہا ہے؟
پولُس ایک ایسی کلیسیا کو لکھ رہا ہے جو خدا کے لیے مخصوص کی گئی ہے، مگر اُس نے خود کو گناہ سے الگ نہیں کیا۔ کرنتھس کے ایماندار یسوع کے ساتھ ایک کیے گئے ہیں، لیکن وہ اب بھی ایسے جیتے ہیں گویا وہ اپنی پرانی بُت پرست دنیا ہی کے ہیں۔ پولُس اُنہیں خبردار کرتا ہے کہ گناہ کو برداشت کرنے سے—خواہ وہ حرامکاری ہو، لالچ ہو، یا ناانصافی—وہ اُس پاکیزگی کو ناپاک کر رہے ہیں جس کے لیے اُنہیں خریدا گیا تھا، اور وہ اپنے آپ کو اور اپنی جماعت کو، دونوں کو خطرے میں ڈال رہے ہیں۔
پولُس ایک رسوا کن معاملے سے بات شروع کرتا ہے، یعنی قریبی رشتہ داری میں حرامکاری۔ کرنتھس کے لوگ نہ صرف اِسے برداشت کر رہے ہیں، بلکہ ایسا لگتا ہے کہ وہ اپنی اِس نرمی کو دانشمندی بھی سمجھتے ہیں (1 کرنتھیوں 5:1-2)۔ پولُس اُنہیں خبردار کرتا ہے کہ یہ گناہ قصوروار شخص کو اور پوری کلیسیا کو، دونوں کو خطرے میں ڈالتا ہے۔ جس طرح خمیر گُندھے ہوئے سارے آٹے میں پھیل جاتا ہے، اُسی طرح جس گناہ سے توبہ نہ کی جائے، اگر اُسے دُور نہ کیا جائے تو وہ پوری جماعت میں سرایت کر جائے گا (1 کرنتھیوں 5:6)۔ پولُس اُنہیں حکم دیتا ہے کہ اُس قصوروار شخص کو کلیسیا کی رفاقت سے نکال کر شیطان کے حوالے کر دیں۔ اِس سے نہ صرف کلیسیا آلودگی سے محفوظ رہتی ہے، بلکہ اِس سے اُس شخص کو بھی مدد ملتی ہے کہ وہ اپنے گناہ کے خطرے کو پہچانے اور واپس یسوع کی طرف دوڑے (1 کرنتھیوں 5:4-5)۔
پھر پولُس اِس بات کو اسرائیل کی کہانی سے جوڑتا ہے۔ اسرائیل نے مصر سے نکلنے سے پہلے بےخمیری روٹی کھائی اور ایک برّہ ذبح کیا۔ خمیر مصر کی اُس خرابی کی نمائندگی کرتا تھا جسے وہ پیچھے چھوڑ رہے تھے، جبکہ برّے کے خون نے اُن کی نجات کو یقینی بنایا۔ پولُس کرنتھس کے لوگوں کو یاد دلاتا ہے کہ یسوع، جو سچا فسح کا برّہ ہے، پہلے ہی قربان ہو چکا ہے (1 کرنتھیوں 5:7-8)۔ اِس کا مطلب ہے کہ اُن کی نجات آ چکی ہے، اور اسرائیل ہی کی طرح اُنہیں بھی اپنی پرانی زندگی پیچھے چھوڑ دینی ہے (1 کرنتھیوں 5:9-13)۔ حرامکاری کا خمیر مسیح کے مُقدّس بدن کے طور پر اُن کی نئی شناخت کو آلودہ کر رہا ہے۔
پھر پولُس کرنتھس کے لوگوں کو خبردار کرتا ہے کہ اُن کا لالچ ایک اَور گناہ ہے جو اُس پاکیزگی کو آلودہ کر رہا ہے جس کے لیے وہ بلائے گئے تھے۔ ایک ایسی قوم ہونے کے ناطے جو خدا کے لیے مخصوص کی گئی ہے، وہ ایک دن منصفوں کے طور پر اُس کی عالمگیر بادشاہی پر حکومت کریں گے (1 کرنتھیوں 6:2-3)۔ لیکن اُن دانشمند حاکموں کی طرح چلنے کے بجائے جو وہ بننے والے ہیں، کرنتھس کے لوگ معمولی باتوں پر جھگڑتے ہیں۔ وہ ایک دوسرے کو بُت پرستوں کی عدالتوں میں بھی لے جاتے ہیں، اور یوں ظاہر کرتے ہیں کہ وہ اپنے درمیان کے تنازعے بھی طے نہیں کر سکتے (1 کرنتھیوں 6:6-8)۔ پولُس کہتا ہے کہ لالچ کا گناہ خدا کے دانشمند شریکِ حاکموں کے طور پر اُن کی نئی شناخت کو آلودہ کر رہا ہے۔ جو لوگ وہ پہلے تھے—حرامکار، لالچی اور بُت پرست—وہ خدا کی بادشاہی کے وارث نہیں ہو سکتے (1 کرنتھیوں 6:9-10)۔ مگر جو وہ اب یسوع میں ہیں، وہ وارث ہو سکتے ہیں۔
اور اپنی بات کے عروج پر پولُس اُس بنیادی وجہ تک پہنچتا ہے کہ گناہ کے خمیر کو کلیسیا سے کیوں نکال دینا چاہیے۔ وہ خدا کے ساتھ ایک ہیں، پس وہ گناہ کے ساتھ ایک نہیں ہو سکتے (1 کرنتھیوں 6:15-16)۔ پولُس اُنہیں یاد دلاتا ہے کہ اُن کے بدن اُن کے اپنے نہیں ہیں۔ وہ یسوع کے خون سے خریدے گئے ہیں، جس نے اُنہیں اُس کے بدن کا حصہ اور خدا کے رُوح کی ہیکل بنا دیا ہے (1 کرنتھیوں 6:19-20)۔ وہ بدن اور رُوح میں یسوع کے ساتھ ایک ہیں۔ اور چونکہ وہ خدا کے لیے مخصوص کیے گئے ہیں، اُنہیں لازماً خود کو گناہ سے الگ کرنا ہے (1 کرنتھیوں 6:18)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
پاکیزگی کی طرف پولُس کی یہ بلاہٹ اُس پاکی اور پاکیزگی کی حفاظت اور نگہداشت کے بارے میں ہے جو یسوع نے اپنی کلیسیا کو دینے کے لیے اپنی جان دی۔ چونکہ کلیسیا مسیح کا بدن اور اُس کے رُوح کی ہیکل ہے، اِس لیے اُس میں حرامکاری کو ہرگز جگہ نہیں ملنی چاہیے۔ یسوع، ہمارا فسح کا برّہ، اِس لیے قربان ہوا کہ ہمیں گناہ سے آزاد کرے۔ اُس نے ہمیں اِس لیے نہیں بچایا کہ ہم اُسی خرابی کی طرف لوٹ جائیں جس سے ہمیں رِہائی ملی تھی۔ جس طرح خدا نے اسرائیل کو بلایا کہ مصر کو پیچھے چھوڑ دے، اُسی طرح یسوع اپنی کلیسیا کو بلاتا ہے کہ گناہ کو پیچھے چھوڑ دے (1 پطرس 1:15-16)۔
جب آپ وہ تنبیہی تربیت پڑھتے ہیں جو پولُس حرامکاری کے قصوروار شخص کے لیے مقرر کرتا ہے، یا اُن گناہوں کی فہرست پڑھتے ہیں جو لوگوں کو خدا کی بادشاہی کا وارث ہونے سے روکتے ہیں، تو ممکن ہے آپ خوف زدہ یا دل شکستہ ہو جائیں۔ آپ کو اپنی ناپاکی کے پہلو نظر آئیں اور آپ سوچیں کہ یسوع کیسے اپنے آپ کو ناپاک لوگوں سے جوڑ سکتا ہے۔ لیکن خوش خبری یہ ہے کہ یسوع ایسا نہیں کرتا۔ یسوع اپنے لوگوں کے پاس آتا ہے تاکہ اُنہیں گناہ سے دھو کر پاک کرے۔ پولُس واضح کرتا ہے کہ گناہ کی یہ پرانی شناختیں وہ ہیں جو ہم پہلے تھے (1 کرنتھیوں 6:11)۔ مگر یسوع آیا اور اُس نے ہمیں دھویا اور مُقدّس بنایا۔ وہ ہمارے ساتھ سکونت کرتا ہے کیونکہ وہ ہمیں مُقدّس بناتا ہے۔
خدا کے ساتھ مُقدّس یگانگت اُس ہر گناہ سے بہتر ہے جس میں دنیا مگن رہتی ہے۔ اگر آپ پاک صاف کیے گئے ہیں اور یسوع کے بدن کا عضو بنائے گئے ہیں، اور اگر آپ اُس خدا کے ساتھ رُوح میں ایک ہیں جو آپ سے اِتنی محبت رکھتا ہے کہ اُس نے آپ کے لیے جان دے دی، تو آپ کسی ایسی چیز کو کیوں برداشت کریں گے جو ایسی یگانگت کو خراب کر دے (عبرانیوں 12:1، 14)؟ یہی وجہ ہے کہ ہم حرامکاری سے ایسے بھاگتے ہیں جیسے آگ سے بھاگتے ہیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم گناہ آلود چال چلن کو ایسے ترک کرتے ہیں گویا غلامی سے ہماری آزادی اِسی پر منحصر ہے۔ یہی وجہ ہے کہ ہم اُن اَراکین کو، جو توبہ نہیں کرتے، شیطان کے حوالے کرتے ہیں تاکہ وہ دوڑ کر یسوع کی بانہوں میں آ جائیں۔ یہی وجہ ہے کہ ہم گناہ کرتے ہی فوراً توبہ کرتے ہیں۔ کیونکہ یسوع کے ساتھ ایک ہونا کسی بھی گناہ کے ساتھ ایک ہونے سے بہتر ہے۔
خود دیکھیں
میں دعا کرتا ہوں کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کو پاکیزگی کی طرف بلاتا ہے۔ اور آپ یسوع کو ایسے دیکھیں جو اپنی کلیسیا کو پاک کرتا ہے اور اُس کے ساتھ ایک ہو جاتا ہے۔

