کیا ہو رہا ہے؟
کرنتھس کی کلیسیا ایسے سابقہ بت پرستوں سے بھری ہوئی تھی جو یسوع کی راہ سیکھنے کی کوشش کر رہے تھے۔ اِن نئے شاگردوں کو اپنے اندر سے کرنتھس نکالنا اور مسیح کو اپنے اندر بسانا تھا۔ لیکن وہ یسوع کی پیروی پرستش کی اپنی پرانی بت پرستانہ عادتوں اور یونانی طرزِ فکر کے ساتھ کرنے کی کوشش کر رہے تھے۔ یونانی اِسی بحث میں اپنی طاقت پاتے تھے کہ کس نے الوہی ہستی کی گہری اور پوشیدہ حکمت دریافت کی ہے۔ اِس کے برعکس، کرنتھیوں کو یسوع اور اُس کی صلیب کی حکمت سیکھنے کی ضرورت تھی۔ مسئلہ یہ تھا کہ یہ اُنہیں حماقت اور کمزوری معلوم ہوتی تھی۔ اِنہی مشکلات کے دوران کرنتھس کی کلیسیا نے پولس رسول کو، جس نے اُن کی کلیسیا قائم کی تھی، ایک خط لکھا، اور 1 کرنتھیوں اُسی کا جواب ہے۔
یسوع کی راہ سیکھنے کے لیے کرنتھیوں کو پسندیدہ اُستادوں پر پھوٹ ڈالنے کی عادت چھوڑنی تھی (1 کرنتھیوں 1:10)۔ وہ اپلوس جیسے باصلاحیت مقرر اور پطرس جیسے معزز رسول سے سیکھتے رہے تھے (1 کرنتھیوں 1:12)۔ لیکن وہ اِس بات پر جھگڑنے لگے کہ کس کی حکمت بہتر ہے، گویا اپلوس اور پطرس ایک دوسرے کے حریف یونانی خطیب یا بت خانوں کے پیشوا ہوں، جن کے پاس خفیہ اور پوشیدہ حکمت تک پہنچنے کے الگ الگ راستے ہوں۔ پولس اُنہیں یاد دلاتا ہے کہ یہ اُستاد یسوع کے خادم ہیں، ایک دوسرے کے حریف نہیں۔ وہ کرنتھی ایمان داروں میں اپنے پیروکار بنانے نہیں آئے تھے، بلکہ اِس لیے آئے تھے کہ اُنہیں یسوع کا پیروکار بنائیں (1 کرنتھیوں 1:11-13)۔ پولس اُنہیں بلاتا ہے کہ یسوع کے گرد متحد ہوں اور اُستادوں پر تقسیم نہ ہوں۔ وہ اُنہیں یہ تاکید بھی کرتا ہے کہ اِس پر فخر نہ کریں کہ اُنہیں کس نے بپتسمہ دیا۔ بعض یہ سمجھتے تھے کہ مسیحی ہونے میں اُن کا خاص مرتبہ ہے، کیونکہ پولس نے اُنہیں بپتسمہ دیا تھا۔ لیکن پولس زور دیتا ہے کہ حقیقی قدرت اِس سے نہیں آتی کہ کس نے بپتسمہ دیا، بلکہ یسوع سے آتی ہے، جس میں اُنہوں نے بپتسمہ لیا۔ اور سچی حکمت اُن کے پسندیدہ اُستادوں کی خوش کلامی میں نہیں، بلکہ یسوع میں پائی جاتی ہے، جس کی وہ منادی کرتے ہیں (1 کرنتھیوں 1:14-17)۔
پولس اور اُس کے ساتھی اُستادوں نے یہ منادی کی کہ خدا کی گہری ترین حکمت اور قوت یسوع کے مصلوب ہونے میں دیکھی گئی۔ لیکن بت پرست یونانی ذہن کے لیے یہ حماقت تھی۔ وہ قدرت اور چالاکی کے دیوتاؤں کی پرستش کے عادی تھے، نہ کہ ایسے کی جو رسوائی میں مرتا ہے۔ اور کلیسیا کے یہودیوں کے لیے یسوع کا رومی ظلم کے نیچے مرنا اُن کے اُس مسیح کے تصور اور امید سے میل نہیں کھاتا تھا، جو اُن کے ظالموں کو اُلٹ دے گا (1 کرنتھیوں 1:18-24)۔ لیکن پولس نشان دہی کرتا ہے کہ مصلوب مسیح خدا کی حکمت اور قدرت کو اِسی لیے ثابت کرتا ہے کہ وہ انسانی حکمت کے سانچوں کو توڑ دیتا ہے۔ اگر یسوع کی حکمت اِتنی مختلف ہے کہ حماقت معلوم ہوتی ہے، تو وہ خدا ہی کی طرف سے آ سکتی تھی (1 کرنتھیوں 1:25؛ 2:13-16)۔ یسوع کا جو پیغام کرنتھیوں نے قبول کیا، اگرچہ وہ حماقت معلوم ہوتا تھا، یہی ثابت کرتا ہے کہ خدا نے اُنہیں اپنا روح دیا ہے تاکہ وہ اُس کی گہری ترین حکمت کو سمجھ سکیں، جسے دنیا اپنی ساری حکمت کے باوجود سمجھ نہیں سکتی (1 کرنتھیوں 2:12-16)۔ اور چونکہ اُنہوں نے اِسے اپنے بل بوتے پر نہیں سمجھا، اِس لیے وہ اپنے آپ پر یا اپنے اُستادوں پر فخر نہیں کر سکتے، بلکہ صرف اُس خدا پر جس نے اپنی حکمت اُن پر ظاہر کی (1 کرنتھیوں 1:31)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
خدا کی حکمت اُسے کام میں لاتی ہے جسے دنیا حماقت کہتی ہے، اور اُس کی قوت اُسے کام میں لاتی ہے جسے دنیا کمزوری کہتی ہے۔ پولس نے مصلوب مسیح کی منادی کی، اور فصاحت و بلاغت سے متاثر کرنے کی کوشش نہ کی۔ اور اُس کے پیغام کو کرنتھس کے اُن لوگوں نے قبول کیا اور اُس پر ایمان لائے جو غیر متاثر کن، غیر ممتاز اور بیوقوف سمجھے جاتے تھے (1 کرنتھیوں 1:26-27)۔ وہ اپنی حکمت سے یا پولس کی طاقت سے یسوع پر ایمان نہیں لائے، بلکہ اِس لیے کہ اُنہیں خدا کے روح کے وسیلے سے سچی حکمت اور طاقت دی گئی (1 کرنتھیوں 2:10-12)۔ اور پولس کو یقین ہے کہ جس خدا نے اُنہیں یہ پیغام قبول کرنے کے قابل بنایا، وہ اُن میں کام کرتا رہے گا اور اُن کی زندگیوں کو بدلتا جائے گا، جوں جوں وہ یسوع کی پیروی زیادہ سے زیادہ قریب سے کرتے جائیں گے (1 کرنتھیوں 1:2-9)۔ دنیا کی راہوں میں بیوقوف اور خدا کی راہ میں دانش مند بننا یہی ہے کہ مصلوب یسوع کو حکمت اور قدرت کے طور پر دیکھا جائے۔
خدا کے کام کرنے کا طریقہ دنیا کو ہمیشہ حماقت دکھائی دیتا ہے۔ یسوع میں، انتہائی قدرت کمزوری میں مر گئی۔ انتہائی حکمت نے خود کو قتل کروا لیا۔ کسی نے نہ سمجھا کہ الوہی ہستی کیوں مصلوب ہو گی، کیونکہ اِس کا اصل مقصد ازل سے پوشیدہ تھا۔ کسی حاکم نے، خواہ انسانی ہو یا شیطانی، اِس کا اندازہ نہ لگایا کہ خدا نے اپنی محبت میں کمزوری اور حماقت کے ذریعے کیا پورا کرنے کا منصوبہ بنایا ہے (1 کرنتھیوں 2:7-9)۔ یسوع میں خدا ایک کمزور انسان کے طور پر آیا، جس نے دعویٰ کیا کہ وہی مسیح ہے جو اپنے لوگوں کو بچائے گا (متی 26:63-64)۔ ایسا کرنے سے اُس نے مذہبی پیشواؤں، رومی حکام اور اُن کے پیچھے کام کرنے والی شیطانی طاقتوں کو اُبھارا کہ اُس کی موت کی سازش کریں۔ جب وہ یسوع کو صلیب پر موت اور رسوائی تک پہنچانے میں کامیاب ہوئے، تو اُنہوں نے سمجھا کہ اُنہوں نے اِس نام نہاد مسیح کو مات دے دی ہے۔ لیکن وہ سب کے سب دھوکا کھا گئے (1 کرنتھیوں 2:8)۔ صلیب یسوع کے لیے بچھایا ہوا پھندا نہ تھی، بلکہ وہ پھندا تھی جو یسوع نے اُن کے لیے بچھایا۔ صلیب پر یسوع سب سے کمزور مقام میں، سب سے زورآور طاقتوں کے نیچے مرا۔ لیکن مرتے ہوئے اُس نے موت کو مات دے دی (کلسیوں 2:15)۔ یسوع قبر میں سے جی اُٹھا اور لوگوں پر اُس کی قدرت توڑ دی (عبرانیوں 2:14-15)۔ اُس نے سب سے کمزور مقام یعنی قبر میں سے دکھایا کہ وہی سب سے زیادہ قدرت والا ہے۔ اور اُس نے سب سے بڑی حماقت یعنی مصلوب ہونے کے ذریعے ثابت کیا کہ وہ ہر زمینی حکمت سے زیادہ دانش مند ہے۔
یہی وجہ ہے کہ پولس اور اُس جیسے لوگ یسوع اور اُس کی صلیب کے بارے میں بات کرنا بند نہیں کر سکتے۔ مصلوب مسیح کا پیغام، جس کی منادی سادہ ماہی گیروں اور سابقہ کسبیوں نے کی، بت پرست یونانی خطیبوں کی فصاحت سے کہیں گہری حکمت پیش کرتا ہے۔ صرف یسوع ہی ایسا ہے جس پر فخر کرنے کے لائق ہے (گلتیوں 6:14)۔ کوئی پُرکشش پیشوا یا خوش کلام مبلغ مصلوب مسیح سے زیادہ گہری حکمت مہیا نہیں کر سکتا۔ جب ہم ’حماقت سے‘ یسوع کی صلیب کو گلے لگاتے ہیں، تو ہم دانش مندی سے خدا کے ساتھ زندگی کو گلے لگاتے ہیں اور موت اور بدی کی طاقتوں پر غالب آتے ہیں۔ یسوع نے ہمیں ایک دوسرے کے ساتھ متحد کیا ہے، کیونکہ ہم سب مل کر اُسی کی تلاش میں ہیں۔ اور سب سے بڑھ کر، یسوع نے اپنا روح دے کر ہمیں اپنے آپ سے، یعنی خدا کی حکمت سے، متحد کیا ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس کی حماقت دنیا کی ساری حکمت سے زیادہ دانش مند ہے۔ اور آپ یسوع کو ایسے دیکھیں جس نے اپنے مصلوب ہونے سے اُن طاقتوں کو دھوکا دیا۔

