کیا ہو رہا ہے؟
پطرس اپنے خط کا آغاز خوشخبری سے کرتا ہے۔ اُس کے غیر قوم سننے والے، جو پہلے خدا کے لوگوں سے باہر تھے، اب خدا کے چُنے ہوئے ہیں (1 پطرس 1:1)۔ یہ پردیسی گود لیے گئے ہیں اور نئے سرے سے خدا کے خاندان میں پیدا ہوئے ہیں (1 پطرس 1:3)۔ لیکن یہ نجات، جس کی ضمانت یسوع اور اُس کے دُکھ ہیں، ابھی پوری طرح نہیں آئی۔ فی الحال خدا کے چُنے ہوئے لوگوں کو جلاوطنی میں انتظار کرنا ہے (1 پطرس 1:5)۔ چنانچہ پطرس اپنے لوگوں سے کہتا ہے کہ تیار ہو جائیں۔
جس طرح اسرائیل مصر سے نکل کر اپنے نئے وطن میں داخل ہونے کی تیاری کر رہا تھا، اُسی طرح اِن ایمانداروں کو بھی اپنے نئے ملک کی جانب کوچ کرتے ہوئے ”اپنی کمر باندھنی“ ہے (1 پطرس 1:13الف؛ خروج 12:11)۔ پطرس کے نزدیک اِس کا مطلب ایک خاص طرح کا چال چلن بھی ہے اور یسوع پر مرکوز امید کو تھامے رہنا بھی۔ خدا کے لوگ اپنی پرانی بادشاہی کی خواہشوں اور ترجیحوں کو ترک کر دیتے ہیں اور اُس پاکیزگی کو پہن لیتے ہیں جس کا تقاضا خدا کی بادشاہی کرتی ہے (1 پطرس 1:15)۔ تیار ہونے کا مطلب یہ بھی ہے کہ خدا کے لوگ اپنی امید پوری طرح اُس ساری خوشخبری پر رکھیں جو یسوع پوری کرے گا (1 پطرس 1:13)۔ بادشاہ یسوع پر بھروسا رکھنا اور خدا کی بادشاہی کے شہری کی طرح چلنا — یہی ہمارے نئے ملک میں داخل ہونے کی تیاری ہے۔
لیکن پردیسی کی زندگی خوف کی زندگی بھی ہے (1 پطرس 1:17)۔ یہ ستائے جانے یا مختلف ہونے کا خوف نہیں (اگرچہ یہ بھی ایک حقیقت ہے)، بلکہ ایسا خوف جو یہ جاننے سے پیدا ہوتا ہے کہ خدا کی بادشاہی کی شہریت کی قیمت کیا ہے۔ خدا کے لوگوں کا چھٹکارا سونے یا چاندی جیسی معمولی چیزوں سے نہیں، بلکہ یسوع کے بیش قیمت خون سے ہوا (1 پطرس 1:18-19)۔ اسرائیل مصر سے تبھی نکلا جب وہ خون سے رنگی ہوئی چوکھٹوں کے نیچے سے گزر چکا تھا (خروج 12:7)۔ اور اپنے نئے وطن کی راہ پر یہودیوں اور غیر قوموں، دونوں کو ایک خون آلود صلیب کے سائے تلے سے گزرنا ہے۔ خدا کی بادشاہی کے شہری اِس بات کے لیے بلائے گئے ہیں کہ اپنے نجات دہندہ کی مانند قربانی بھری محبت کریں، اور اُس قسم کی بُرائی کو ترک کر دیں جس نے یسوع کو صلیب پر میخوں سے جڑ دیا (1 پطرس 1:22؛ 2:1)۔ سب ایمانداروں کو اپنے پرانے چال چلن کو اِس خوف سے چھوڑ دینا ہے کہ کہیں وہ اُس کام کی بے حرمتی نہ کریں جو خدا نے اُن کے لیے کیا ہے — اور ایک مختلف امید کی راہ دیکھنی ہے۔
خدا ”ہمیشہ سے“ جانتا تھا کہ وہ اپنے لوگوں کو چھڑانے کے لیے مرے گا (1 پطرس 1:20)۔ یسوع میں ہم جانتے ہیں کہ خدا نے ابدیت کی لکیر کو موڑ دیا اور اپنے لوگوں کے فائدے کے لیے اپنا بدن قربان کر دیا۔ یہی ہماری امید ہے۔ اِسی لیے ہم خوف رکھتے ہیں۔ اِسی لیے ہمیں اُس کی واپسی کے انتظار میں خدا کی بادشاہی کے شہریوں کی طرح چلنا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
پردیسی کے طور پر جلاوطنی میں انتظار کرنا مشکل ہے۔ اور یسوع سے وفاداری کے سبب بیگانہ کیا جانا اور ستایا جانا اِس سے بھی زیادہ مشکل ہے۔ لیکن پطرس آگے کہتا ہے کہ ہم خدا کے لافانی اور غیر فانی کلام کے وسیلے سے نئے سرے سے پیدا ہوئے ہیں (1 پطرس 1:23)۔ وہ یسعیاہ نبی کا حوالہ دیتا ہے جس نے کہا تھا کہ خدا کا کلام اُس کے زمانے کی سب سے طاقتور قوم — یعنی بابل — سے بھی زیادہ قائم رہے گا (1 پطرس 1:24)۔ اور یسوع میں ایسا ہی ہوا! نہ بابل اور نہ روم خدا کو اپنا کلام پورا کرنے سے روک سکے۔ ازل سے خدا نے اپنے بیٹے کو، یعنی اُس کلام کو جو مجسم ہوا، بادشاہ چُن کر ایک قوم کو نجات کے لیے چُن لیا (یوحنا 1:14)۔
کوئی ملک خدا کو روک نہیں سکتا۔ اور یسوع کے جی اُٹھنے نے ہمیں ایک ایسی بادشاہی کا شہری بنا کر واپس پہنچا دیا ہے جہاں موت مر چکی ہے۔ خدا کے کلام اور اُس کے بیٹے کے وسیلے سے ہم غیر فانی اور لافانی ہیں۔ اور ایک ابدی بادشاہی میں شامل کیے جانے کی یہ امید ہمیں اِس بات کی تحریک دینی چاہیے کہ ہم ایسے چلیں جیسے وہ بادشاہی پہلے ہی آ چکی ہے۔
استعارے کی ایک نہایت اچانک تبدیلی کے ساتھ پطرس ہمیں کہتا ہے کہ ہم دودھ کے لیے ترستے ہوئے بچوں کی طرح بنیں (1 پطرس 2:2)۔ دودھ ہی بچے کو بالغ کرتا ہے۔ اور پطرس کہتا ہے کہ خدا کے فرزند اپنی شہریت میں بالغ ہونے کے لیے یہی کرتے ہیں کہ لگاتار اُس خوشخبری کے لیے ترستے رہیں کہ یسوع نے ہمارے لیے کیا کچھ کیا ہے۔ یسوع دودھ پلانے والی ماں کی مانند ہے، جو اپنے بچوں کی خاطر لگاتار اپنے آپ کو دیتی رہتی ہے۔ اور بچوں کی طرح ہم بھی تب بڑھتے ہیں جب ہم بار بار اُسی کے پاس لوٹتے ہیں جو نجات دیتا اور مہیا کرتا ہے۔
اکثر ہم یہ سمجھتے ہیں کہ اپنے پرانے چال چلن کو چھوڑنے، اپنے گناہ کو نہ کہنے اور اپنے آنے والے جی اُٹھنے کی امید رکھنے کا طریقہ یہ ہے کہ ہم اپنے چہرے سکوڑیں، زیادہ کام کریں اور زیادہ کوشش کریں۔ لیکن پطرس کہتا ہے کہ خدا کے فرزند کے طور پر بالغ ہونا اِتنا ہی سادہ ہے جتنا پینا، کھانا، اور اُس پر بھروسا کرنا جو خدا نے یسوع میں ہمارے لیے کیا ہے۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس نے ہمیں اپنی قوم ہونے کے لیے چُنا ہے۔ اور آپ یسوع کو ایسے دیکھیں جو ہمیں نجات بھی دیتا ہے اور پاک بھی بناتا ہے۔

