کیا ہو رہا ہے؟
خروج کی کتاب میں خدا اپنے لوگوں سے فرماتا ہے کہ اگر وہ اُس کی فرمانبرداری کریں گے تو وہ اُس کی خاص ملکیت اور کاہنوں کی ایک مملکت ہوں گے، جو دنیا کو برکت دینے کے لیے مخصوص کی گئی ہے (خروج 19:5-6)۔ پطرس خدا کی اِس قدیم بلاہٹ کو لیتا ہے اور اُسے نہ صرف اسرائیل پر بلکہ ہر اُس شخص پر لاگو کرتا ہے جو یسوع پر ایمان رکھتا ہے۔ اور پطرس یہ بھی کہتا ہے کہ ہم صرف شاہی کاہن اور خاص ملکیت ہی نہیں، بلکہ زندہ پتھر بھی ہیں جن سے ایک نئی ہیکل تعمیر ہو رہی ہے (1 پطرس 2:4-5الف)۔ اسرائیل میں ہیکل ایک عمارت تھی جہاں لوگ قربانیاں گزرانتے اور خدا سے ملاقات کرتے تھے۔ لیکن اب ہیکل ایک روحانی حقیقت ہے، جس میں ہمیں اسرائیل کی طرح نئے کاہنوں کے طور پر مخصوص کیا گیا ہے، تاکہ ہم دوسروں کی برکت کے لیے اپنی زندگیاں اور اپنے اعمال قربان کریں (1 پطرس 2:5ب)۔
یہ نئی، بڑھتی ہوئی اور عالمگیر ہیکل یسوع سے شروع ہوئی۔ وہی کونے کا پتھر ہے۔ اُس کی قربانی اور اُس کے نمونے کے بغیر خدا کا وہ نیا منصوبہ جس کے ذریعے وہ اپنے لوگوں کے وسیلے سے دنیا کو برکت دینا چاہتا ہے، ڈھے جاتا ہے (1 پطرس 2:6)۔ پطرس کہتا ہے کہ ہم ”زندہ پتھر“ ہیں جو خدا کے ساتھ ملاقات کی ایک نئی جگہ بناتے ہیں، اور جب ہم مقدّس زندگی گزارتے ہیں تو یہی جگہ برکت کا وسیلہ بنتی ہے۔
لیکن یہ زندہ ہیکل جو ہم خدا کے ساتھ مل کر تعمیر کر رہے ہیں، رد کیے جانے کے ذریعے بنتی ہے (1 پطرس 2:7)۔ یسوع بیک وقت ہماری ہیکل، ہمارا کاہن اور ہماری قربانی تھا—اور اِسی وجہ سے وہ قتل کیا گیا (1 پطرس 2:8)۔ یسوع کی نئی، برگزیدہ ہیکلوں اور شاہی کاہنوں کے طور پر ہمارا اپنے موجودہ مذہبی نظاموں سے ٹکراؤ ہوگا۔ خدا کی قیمتی ملکیت ہونے کے ناتے، جسے نور میں بلایا گیا ہے، تاریکی ہم سے نفرت کرے گی کیونکہ ہم سب کو اِس نور کے بارے میں بتاتے ہیں (1 پطرس 2:9)۔ چنانچہ خدا کی طرف سے چُنے جانے کا مطلب ہے پردیسی اور مسافر ہونا (1 پطرس 2:11الف)۔ خدا کے عزیز ہونے کا مطلب ہے دنیا کی طرف سے رد کیا جانا، جیسے ہمارا کونے کا پتھر رد کیا گیا۔
لیکن ایسا ہی ہونا چاہیے۔ ایک مقدّس بادشاہی کے شہری اپنی پرانی زمینی قوموں کی شہوتوں اور خواہشوں کا مقابلہ کرتے ہیں (1 پطرس 2:11)۔ اور اگرچہ اِس سے ایذا رسانی بلکہ موت بھی آئے گی، یسوع ہمیں دکھاتا ہے کہ اپنی قوموں کے شہریوں کی بجائے خدا کی بادشاہی کے باشندوں کی طرح جینا مُردوں میں سے زندگی لاتا ہے (1 پطرس 2:12)۔
پھر پطرس تین مثالیں دیتا ہے کہ یہ روحانی حقیقت حقیقی زندگی میں کیسے ظاہر ہوتی ہے۔ اُس کی مثالیں یہ ہیں: ایک مسیحی شہری جس کا واسطہ رومی حکومت سے پڑتا ہے، ایک مسیحی غلام جس کی اپنے بے ایمان آقا سے ان بن ہے، اور ایک ایماندار بیوی جو اپنے بت پرست شوہر سے بیگانہ ہو چکی ہے۔ خدا کی بادشاہی کے کاہنوں، شہریوں اور ہیکلوں کے طور پر وہ اپنی قوم، اپنے کام اور اپنی شادیوں میں پردیسی اور اجنبی ہیں۔ پطرس جانتا ہے کہ ہر ایک کو طعنے، دُکھ اور بیگانگی سہنی پڑے گی۔ مگر پطرس کو یہ امید ہے کہ خدا کے نئے برگزیدہ لوگوں کی قربانی بھری زندگیاں دنیا کو برکت دیں گی۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع کے دُکھ اور رد کیے جانے سے اُس کا جی اُٹھنا اور ہماری نجات ممکن ہوئی۔ ہماری ہیکل، ہمارے کاہن اور خدا کے عزیز بیٹے کے طور پر یسوع کی جلاوطنی کا مطلب ہے کہ ساری دنیا برکت پاتی ہے۔ پطرس جانتا ہے کہ جب خدا کے برگزیدہ پردیسی دنیا کے شہریوں کی طرح برتاؤ کرنے سے انکار کرتے ہیں اور اِس کے بجائے یسوع کے نمونے کی پیروی کرتے ہیں، تو شادیاں دوبارہ زندہ ہوں گی (1 پطرس 3:1)، آقا اپنے غلاموں کے سامنے توبہ کریں گے، اور حکومتیں جھک جائیں گی۔
اگرچہ یسوع روم کی رعایا کے طور پر جیا اور فریسیوں کے الزام سے مارا گیا، پھر بھی وہ مُردوں میں سے جی اُٹھا کیونکہ اُس نے خدا کی فرمانبرداری میں زندگی گزاری—اور یوں اُس نے روم کی طاقت اور فریسیوں کے جھوٹ کو خاموش کر دیا (1 پطرس 2:15)۔ اور جب یسوع نے دُکھ اُٹھایا اور غلام کی طرح پیٹا گیا، تو اُس نے اپنے ستانے والوں سے نفرت نہ کی، بلکہ ایک کاہن کی مانند معافی پیش کی (1 پطرس 2:22-23)! اُس کی وفاداری اور قربانی کے وسیلے سے غلام راستباز ٹھہرائے جاتے ہیں اور اپنے زخموں سے شفا پاتے ہیں (1 پطرس 2:24)۔ اور جس طرح یسوع اپنی دلہن کو بچانے اور پاک کرنے کے لیے مرا، اُسی طرح ایماندار بیویاں اپنی حلیمی اور ادب سے اپنے شوہروں کو جیت سکتی ہیں (1 پطرس 3:1)۔
یسوع ہمارا نمونہ ہے (1 پطرس 2:21)۔ یسوع ہمیں دکھاتا ہے کہ جب خدا کے لوگ برگزیدہ پردیسیوں، شاہی کاہنوں اور قیمتی ملکیت کی طرح قربانی بھرا برتاؤ کرتے ہیں، تو دنیا برکت پاتی ہے، ہمیں ستانے والے بدل جاتے ہیں، اور ہم اپنی ذلت سے اُٹھیں گے۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس نے ہمیں اپنی زندہ ہیکل بنایا ہے۔ اور آپ یسوع کے دُکھ اور جی اُٹھنے کو ایک زندہ امید کے طور پر دیکھیں، جو نہ صرف ہمیں بلکہ ہمارے آس پاس کے لوگوں کو بھی بدلنے پر قادر ہے۔

