کیا ہو رہا ہے؟
پطرس، یعنی یسوع کے شاگردوں میں سے ایک، ایشیائے کوچک — جسے ہم آج ترکی کہتے ہیں — میں پھیلے ہوئے ایمانداروں کی ایک جماعت سے رابطہ کرتا ہے (1 پطرس 1:1)۔ غالباً یہ ایماندار غیر قوموں میں سے تھے اور رومی سلطنت کے شہری تھے، لیکن پطرس اُنہیں ”خُدا کے برگزیدہ مسافر“ کہتا ہے۔ وہ خُدا کے چُنے ہوئے پردیسی ہیں جو پوری سلطنت میں تِتر بِتر اور بکھرے ہوئے ہیں۔
اِن الفاظ کے چناؤ سے پطرس جان بوجھ کر غیر قوموں کے اِن پردیسیوں کو خُدا کی چُنی ہوئی قوم، یعنی یہودیوں کی کہانی میں شامل کر دیتا ہے۔ جس طرح خُدا نے اسرائیل کو چُنا، اُسی طرح خُدا نے اِن رومیوں کو برگزیدہ کیا ہے۔ اور جس طرح یہودی بابل کی سلطنت کے ہاتھوں بکھر گئے تھے، اُسی طرح یسوع پر ایمان رکھنے والے یہ لوگ رومی سلطنت میں بکھرے ہوئے ہیں۔ لیکن پطرس صرف ایک جیسی سماجی اور سیاسی تاریخوں کا موازنہ نہیں کر رہا۔ وہ یہ کہہ رہا ہے کہ غیر قومیں بھی یہودیوں ہی کی طرح خُدا کی چُنی ہوئی ہیں۔ جلاوطنی اور وطن واپسی کی وہ کہانی جو اسرائیل کی کہانی کا مرکز ہے، اب وہی کہانی ہے جو خُدا تمام لوگوں کے لیے لکھ رہا ہے۔
یسوع پر ایمان رکھنے والا ہر شخص ایک مسافر ہے۔ کسی مسیحی کی شہریت اِس دُنیا میں نہیں، کیونکہ خُدا نے یہ چُنا ہے کہ ہمیں اپنے اندر ایک بادشاہی عطا کرے۔ پطرس مزید کہتا ہے کہ ہم باپ خُدا کے پیشگی علم کے مطابق، رُوح کے پاک کرنے والے کام کے ذریعے، فرمانبرداری اور خون کے چھڑکاؤ، دونوں کے لیے چُنے گئے ہیں (1 پطرس 1:2)۔ اِن میں سے ہر فقرہ غیر قوموں کو خُدا کی چُنی ہوئی قوم کی کہانی سے جوڑنے کا ایک اور طریقہ ہے۔
ابرہام کے وقت سے ہی خُدا نے دُنیا کو برکت دینے کے لیے مسافروں کو جانا اور چُنا (پیدائش 12:1-2)۔ خُدا کے رُوح نے اسرائیل کو اپنا ٹھکانہ ہونے کے لیے چُنا جب وہ اُن کے خیمۂ اِجتماع میں اُتر آیا (خروج 40:34)۔ اور جس دن اسرائیل ایک قوم بنا، خُدا کے لوگوں نے فرمانبرداری کا وعدہ کیا اور موسیٰ نے اُن پر خون چھڑکا (خروج 24:6-7)۔ جس طرح اسرائیل خون کے چھڑکاؤ سے ایک قوم بنا، اُسی طرح ہر وہ شخص جو یسوع کے خون پر بھروسا کرتا ہے، ایک نئی قوم بن جاتا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
خُدا نے ہمیں جلاوطنی کے لیے برگزیدہ کیا ہے۔ ہمیں اِس دُنیا میں اجنبی ہونے کے لیے چُنا گیا ہے، اور یہ خوشخبری ہے۔ پطرس کہتا ہے کہ ایک مسافر کے طور پر ہماری نئی شناخت کا مطلب یہ بھی ہے کہ ہم ایک نئے خاندان سے جوڑ دیے گئے ہیں۔ ہم اُس قوم کے لیے مر گئے ہیں جس میں ہم پیدا ہوئے تھے، لیکن ہم ایک ابدی خاندان میں نئے سرے سے پیدا ہوئے ہیں — ایک خاندان جس کی بنیاد ایک محبت کرنے والے باپ اور قیامت کی زندگی پر ہے (1 پطرس 1:3)۔ اور خُدا کے فرزند ہونے کے ناطے — اور یسوع کے بھائی بہن ہونے کے ناطے — ہمیں ایک ایسی میراث دی گئی ہے جو نہ فنا ہو سکتی ہے، نہ بدی کے ہاتھوں مغلوب ہو سکتی ہے، جو ہمیشہ قائم رہتی ہے، اور جس کی حفاظت خُدا خود کرتا ہے (1 پطرس 1:4-5)۔ دُنیا کے لیے اجنبی ہونا خوشی منانے کی وجہ ہے، جب اِس کا مطلب یہ ہو کہ ہم خُدا کی بادشاہی کے باشندے ہیں۔
اور بیشتر اجنبیوں کی طرح ہم بھی اپنی اِس اجنبیت کی وجہ سے دُکھ اُٹھائیں گے۔ اپنے پورے خط میں پطرس اُس اخلاقی اور رُوحانی ”غیریت“ کو کھول کر بیان کرے گا جو یسوع کی پیروی کے ساتھ آتی ہے۔ لیکن ابھی پطرس ہمیں یاد دلاتا ہے کہ دُنیا کے لیے اجنبی ہونا آسمان کی شہریت کا ثبوت ہے (1 پطرس 1:6)۔ ایذا رسانی مایوس ہونے کی وجہ نہیں؛ آزمائشیں خوش ہونے کی وجہ ہیں۔ ہم ایذا رسانی کے شکار اُس سے زیادہ نہیں ہیں جتنا سونا آگ کا شکار ہوتا ہے (1 پطرس 1:7)۔ ہم خوشی منا سکتے ہیں، کیونکہ دُکھ ہمیں پاک کرتا ہے اور ہمارے ایمان کے اصلی ہونے کو ثابت کرتا ہے۔
یسوع کے پیروکار دُکھ اُٹھائیں گے۔ یسوع نے یقیناً دُکھ اُٹھایا، مگر وہ جلال تک لے گیا — مُردوں میں سے زندگی اور خُدا کے ساتھ ایک تخت (1 پطرس 1:11)۔ اور اگرچہ ہم نے یسوع کو اپنی آنکھوں سے نہیں دیکھا، پھر بھی جب ہم اُس پر بھروسا کرتے اور اُس سے محبت رکھتے ہیں، تو ہم خوشی منا سکتے ہیں (1 پطرس 1:8)۔ ہم پر ظلم کرنے والوں کی بات کبھی آخری نہیں ہوتی، کیونکہ ہماری نجات ایسی چیز نہیں جسے وہ نقصان پہنچا سکیں (1 پطرس 1:9)۔ جیسا پطرس پہلے کہہ چکا ہے، کوئی قوم یا شخص اُس چیز کو نہ مار سکتا ہے، نہ خراب کر سکتا ہے، نہ مِٹا سکتا ہے جس کی خُدا آپ کے لیے حفاظت کرتا ہے (1 پطرس 1:4-5)۔
نجات بخش دُکھ اُٹھانا اور برگزیدہ مسافر ہونا عجیب مگر زبردست سچائیاں ہیں۔ پرانے عہد نامے کے نبیوں نے اِسے سمجھنے کی کوشش میں کلامِ مُقدّس کو بڑی محنت سے کھوجا (1 پطرس 1:10)۔ اور فرشتوں نے بھی یہ جھلک دیکھنے کے لیے زور لگایا کہ خُدا کس طرح دُکھ کو جلال اور خوشی میں بدل دیتا ہے (1 پطرس 1:12ب)۔ لیکن جسے دیکھنے کے لیے نبی اور فرشتے جدوجہد کرتے رہے، وہ ہمیں یسوع میں صاف نظر آتا ہے۔ اُس کا دُکھ قیامت تک لے گیا اور اُس کی موت جلال تک۔ یسوع کے سبب سے ہم جانتے ہیں کہ ہر ایماندار کے لیے دُکھ اور موت ہمیشہ ایک جلالی میراث تک لے جاتے ہیں، جو ہمیشہ قائم رہتی ہے اور کبھی ماند نہیں پڑے گی۔
خود دیکھیں
رُوحُ القُدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خُدا کو دیکھ سکیں جس نے ہمیں مسافر ہونے کے لیے چُنا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہمارے دُکھ کو نجات بخش بنا دیتا ہے اور اپنے خون اور قیامت کے وسیلے سے ہمیں خاندان بناتا ہے۔

