کیا ہو رہا ہے؟
موسیٰ اِس وقت اسرائیلیوں کو ہدایت دے رہے ہیں کہ ملکِ موعود میں داخل ہو کر اور وہاں کے باشندوں کو نکال دینے کے بعد وہ دس احکام پر کس طرح عمل کریں۔ یہ حصہ زیادہ تر چوتھے حکم پر توجہ مرکوز کرتا ہوا دکھائی دیتا ہے — سبت کے دن کو یاد رکھنا اور اُسے مُقدّس جاننا۔ اسرائیل کو ہر سات دن بعد آرام کرنا ہے۔ لیکن اُن کے کیلنڈر میں اِس سے بھی وسیع تر ترتیبیں موجود ہیں جو اُنہیں یاد دلانے میں مدد دیتی ہیں۔
ہر ساتواں سال سبت کا سال ہے۔ اسرائیل کو تمام عبرانی غلاموں کو آزاد کرنا اور تمام عبرانی قرضے معاف کرنا ہیں (15:2)۔ اِس سبت کے سال کا مقصد یقیناً غریبوں کے لیے انصاف اور لوگوں کے درمیان برابری ہے (15:7)، لیکن موسیٰ کہتے ہیں کہ اِس میں کچھ اَور بھی ہو رہا ہے۔
جب کوئی اسرائیلی اپنے غلام کو آزاد کرتا ہے یا قرض معاف کرتا ہے، تو وہ چھوٹے پیمانے پر وہی کام دہرا رہا ہوتا ہے جو خدا نے مصر میں اُن کے لیے کیا تھا۔ وہ غلام تھے اور خدا نے اُنہیں آزاد کیا۔ چنانچہ جب سبت کا سال آتا ہے تو اسرائیل کو یہ موقع ملتا ہے کہ وہ اُس آزادی کو یاد کریں جو خدا نے اُنہیں دی، اور ایک دوسرے تک اُسے پہنچا کر اُسے از سرِ نو ادا کریں (15:15)۔
ہفتہ وار سبت کے علاوہ اسرائیل کے کیلنڈر میں یہی ایک بات نہیں ہے۔ اَور بھی عیدیں ہیں جو ہر سال منائی جاتی ہیں: عیدِ فسح، ہفتوں کی عید، اور عیدِ خیام۔
یہ سب عیدیں مختلف ہونے کے باوجود ایک ہی مقصد پورا کرتی ہیں۔ موسیٰ اِسے کئی بار دہراتے ہیں (16:3)۔ یہ اسرائیل کو یاد دلاتی ہیں کہ وہ مصر میں غلام تھے، لیکن خدا نے اُنہیں چھڑایا (16:12)۔
خدا کے فضل کو یاد رکھنا خدا سے محبت کی طرف لے جاتا ہے۔ اور خدا سے محبت کرنا خدا کی فرمانبرداری کی طرف لے جاتا ہے۔ اِس موقع پر فرمانبرداری کا مطلب یہ ہے کہ وہ اپنے درمیان موجود غریبوں اور غلاموں کے ساتھ رحم سے سلوک کریں، جیسا خدا نے اُن کے ساتھ کیا جب وہ خود غریب اور غلام تھے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
آج مسیحیوں کے لیے بھی یہی سچ ہے۔ فرق صرف یہ ہے کہ ہمیں یہ یاد رکھنے کے لیے نہیں بلایا گیا کہ اسرائیل مصر میں غلام تھا، بلکہ یہ کہ ہم گناہ اور موت کے غلام تھے (افسیوں 2:1)۔
جو ظاہری یاد دہانیاں ہمیں دی گئی ہیں اُن میں سے ایک عشائے ربانی ہے۔ اِس میں ہم یاد کرتے ہیں کہ یسوع کا بدن اور خون ہمارے گناہ کو پاک کرتا ہے اور ہمیں موت سے بچاتا ہے (لوقا 22:19)۔
لیکن ہم اب سالانہ یا ہفتہ وار عیدیں نہیں مناتے، کیونکہ وہ سب یسوع کی طرف اشارہ کرتی تھیں، جنہوں نے اب اُنہیں پورا کر دیا ہے (کلسیوں 2:17)۔
یسوع سبت کے آرام کا آخری دن ہیں، کیونکہ اُن میں سارا کام مکمل ہو چکا ہے (عبرانیوں 4:9)۔ یسوع آخری عیدِ فسح ہیں، کیونکہ اُن میں وہ آخری قربانی گزرانی جا چکی ہے جس کی ضرورت تھی (1 کرنتھیوں 5:7)۔
ہم دن بہ دن اور گھنٹہ بہ گھنٹہ یسوع کے مکمل کیے ہوئے کام میں مسلسل آرام پا سکتے ہیں (متی 11:28)۔ ہم صرف یسوع اور اُن کے مکمل کیے ہوئے کام کو یاد کر کے ہی باقاعدہ سبت کا آرام لے سکتے ہیں۔
اور جیسے جیسے ہم یاد کرتے ہیں کہ ہم غلام تھے اور یسوع نے ہمیں موت سے بچایا، ہم اُن سے محبت کریں گے اور اُن کی فرمانبرداری کریں گے۔ اور اُن سے محبت کی بنا پر جو بنیادی باتیں وہ ہمیں کرنے کو کہتے ہیں، اُن میں سے ایک یہ ہے کہ ہم اپنے اردگرد کے غریبوں اور غلاموں سے محبت کریں (یوحنا 13:34)۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس کی نجات ہمارے دلوں کو بدل دیتی ہے۔ اور یہ کہ آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھ سکیں جنہوں نے مکمل نجات فراہم کی تاکہ ایک ایسی قوم تیار کریں جن کے دل مکمل طور پر بدلے ہوئے ہوں۔

