کیا ہو رہا ہے؟
استثنا کے اختتام پر یشوع موسیٰ کا جانشین بنتا ہے اور موسیٰ چار اہم کام کرتا ہے۔ وہ شریعت لکھتا ہے، اسرائیل کو ایک نبوّتی گیت دیتا ہے، بارہ قبیلوں کے لیے دعا کرتا ہے، اور پھر وفات پا جاتا ہے۔
ہر سات سال بعد وہ شریعت جو موسیٰ نے لکھی تھی، نکالی جاتی اور تمام لوگوں کے سامنے پڑھی جاتی تھی (استثنا 31:11)۔ وہ اُن کے تمام گناہوں کے سبب اُن کے خلاف گواہ ٹھہرتی اور اُمید یہ تھی کہ اُنہیں توبہ کی طرف لے آئے۔
پھر خدا موسیٰ کو گانے کے لیے ایک نبوّتی گیت دیتا ہے۔ سارا اسرائیل اِس گیت کو یاد کرتا اور اپنے بچوں کو سکھاتا (استثنا 32:46)۔ اُنہیں نسل در نسل یہ گیت گانا تھا۔ لیکن یہ ایک عجیب طنز سے بھرا گیت ہے، کیونکہ یہ خود اسرائیل کی نافرمانی اور سزا کی پیشین گوئی کرتا ہے۔
اِس گیت نے اسرائیل کو سکھایا کہ مستقبل میں اُنہیں کیوں سزا ملے گی۔ آپ تصور کر سکتے ہیں کہ اسرائیل کے ملک سے جلاوطن ہو جانے کے بعد ایک بچہ یہ گیت گا رہا ہو، اور اُس کے والدین کے چہروں پر اِس حقیقت کا ادراک اُبھرتا نظر آ رہا ہو۔
گیت کے بعد، موسیٰ اپنی وفات سے پہلے اسرائیل کے تمام قبیلوں پر برکت کی دعا کرتا ہے (استثنا 33:1)۔ اُن تمام برائیوں کے باوجود جو اُنہوں نے کی تھیں اور جو وہ آگے کرنے والے تھے، موسیٰ اُنہیں برکت دیتا ہے۔ خدا اُنہیں ترک نہیں کرنے والا تھا۔
موسیٰ یشوع کو اپنے بعد اسرائیل کی قیادت کے لیے مقرر کرتا ہے، اور پھر موعودہ ملک کی سرحد پر ایک پہاڑ پر چڑھ جاتا ہے تاکہ وہاں وفات پائے (استثنا 34:1)۔ خدا اُسے وہ ملک دیکھنے کی اجازت دیتا ہے، مگر مریبہ میں چٹان کے پاس اُس کی نافرمانی کے باعث اُسے اُس میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ملتی (گنتی 20:11)۔
استثنا ایک نمایاں بیان کے ساتھ ختم ہوتی ہے۔ ”اِس کے بعد اسرائیل میں موسیٰ کی مانند کوئی نبی نہ اُٹھا جسے خداوند نے رُوبرُو جانا ہو“ (استثنا 34:10)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
خوشخبری یہ ہے کہ موسیٰ سے بھی بڑا ایک نبی بالآخر آ گیا ہے، کیونکہ یسوع نے نہ صرف خدا کو رُوبرُو جانا، بلکہ وہ خود خدا ہے۔ درحقیقت، خدا کے جلال کی معموری یسوع کے چہرے اور اُس کی خوشخبری میں دیکھی جا سکتی ہے (2 کرنتھیوں 4:6)۔
موسیٰ کے برعکس، جو اُس ملک میں داخل نہ ہو سکا بلکہ وفات پا گیا، یسوع نہ صرف آسمان کے آخری موعودہ ملک میں داخل ہوا، بلکہ اپنی موت کے ذریعے ہمارے لیے بھی اپنے ساتھ اُس میں داخل ہونے کا حق حاصل کیا۔
وہ شریعت جو موسیٰ نے لکھی، آج تک محفوظ رہی ہے۔ وہ ہمارے اور ہمارے گناہ کے خلاف گواہ ہونے کا اپنا کردار پورا کرتی ہے۔ لیکن یسوع نے ہماری خاطر شریعت پوری کی ہے۔ اِس لیے جیسے موسیٰ نے اسرائیل کو اُن کی نافرمانی کے عین درمیان برکت دی، ویسے ہی ہم اپنی ساری نافرمانی کے عین درمیان مسیح کی برکت پاتے ہیں (رومیوں 5:8)۔ ہمارے گناہ کے باوجود، خدا نے ہم پر فضل کیا ہے۔
تو کیا یہ بڑی خوشخبری نہیں کہ وہ طنز سے بھرا گیت، جو ہماری سزا اور جلاوطنی کی وجہ بتاتا، ایک ایسا گیت بن گیا ہے جو ہمیں کبھی گانا نہیں پڑے گا۔ اِس کے بجائے ہم یسوع کا شکر ادا کرتے ہوئے ایک نیا گیت گا سکتے ہیں، کیونکہ اُس نے ہمیں گناہ اور موت سے چھڑایا ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ رُوح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس نے شریعت اور صحیفوں کو ہمارے اور ہمارے گناہ کے خلاف گواہ کے طور پر محفوظ رکھا ہے۔ اور یہ کہ آپ یسوع کو موسیٰ جیسے اُس نئے اور بہتر نبی کے طور پر دیکھیں، جو ہمیں اُس یقینی ہلاکت سے آزاد کرتا ہے جو ہمارا انجام ہونے والی تھی۔

