کیا ہو رہا ہے؟
موسیٰ بنی اسرائیل کے ملکِ موعود میں داخل ہونے سے پہلے اُن کے لیے دس احکام کی تشریح جاری رکھتے ہیں۔ اِس حصے میں شاید وہ سب سے زیادہ توجہ چھٹے حکم پر دے رہے ہیں: تُو خون نہ کرنا۔
اِس کی وجہ یہ ہے کہ خون کرنا انسانی زندگی کی بے حرمتی ہے۔ چنانچہ جب موسیٰ اِس حکم کو کھول کر بیان کرنے لگتے ہیں، تو وہ اُن تمام طریقوں کا ذکر کرتے ہیں جن میں خدا چاہتا ہے کہ ہم دوسروں کی زندگی اور عزت کا احترام کریں۔
وہ بتاتے ہیں کہ نامعلوم قاتل کے خون کا کفارہ کیسے دیا جائے، قید کی گئی عورتوں کے ساتھ انصاف کا سلوک کیسے کیا جائے (استثنا 21:14)، بیٹے کو ناانصاف باپ سے کیسے محفوظ رکھا جائے اور باپ کو سرکش بیٹے سے کیسے بچایا جائے۔ یہ احکام اِس طرح کی باتوں تک بھی پھیلے ہوئے ہیں کہ اپنے پڑوسی کی گمشدہ چیز مل جائے تو اُس کی حفاظت کرنا اور واپس کرنا، اور اُن مردوں کی سخت سزا جن پر زنا بالجبر کا الزام ہو (استثنا 22:26)۔
مگر یہاں زندگی کے احترام سے متعلق چھوٹی چھوٹی باتیں بھی ملتی ہیں۔ لوگوں کو لازماً اپنی چھتوں کے گرد منڈیر بنانی ہے تاکہ کوئی گر کر زخمی نہ ہو (استثنا 22:8)۔ حتیٰ کہ پرندے بھی محفوظ رکھے گئے ہیں۔ ایک اسرائیلی پرندے کے انڈے لے سکتا ہے، لیکن ماں کو نہیں (استثنا 22:6)۔ ایک لحاظ سے زندگی کا احترام اور عدل حیوانات تک بھی پھیلا ہوا ہے۔
اِن احکام میں دو اہم پہلو بار بار سامنے آتے ہیں۔ پہلا، خدا کی یہ خواہش کہ انصاف، برابری اور عدل قائم رہے۔ اُس نے عورتوں، بچوں اور پردیسیوں کو ایسی حفاظت اور حق عطا کیے جن سے قدیم دنیا کے دوسرے معاشرے ناواقف تھے۔
دوسرا پہلو خدا کا یہ پکا ارادہ ہے کہ اسرائیل اور اُس کا ملک پاک رہے۔ جب یہ بتایا جاتا ہے کہ اسرائیل کو اِن احکام اور اِن کی سزاؤں پر کیوں عمل کرنا ہے، تو یہ فقرہ بار بار دہرایا جاتا ہے: ”اپنے درمیان سے بُرائی کو دور کرو“ (استثنا 22:22ب)۔
گناہ کی سزا ملنی ضروری ہے۔ خون کے جرم کا ڈھانکا جانا ضروری ہے۔ بُرائی کو نکال باہر کرنا ضروری ہے۔
اِس کی وجہ یہ ہے کہ خدا اِن لوگوں کے درمیان اپنا مسکن بنا رہا ہے۔ اور اگر وہ اپنے درمیان سے بُرائی کو دور نہ کریں گے، تو خدا خود کرے گا۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع کی خوشخبری یہ ہے کہ جب وہ آ کر ہمارے درمیان اپنا مسکن بناتا ہے تو وہ ہم میں سے ہر بُرائی اور قصور کو واقعی دور کر دیتا ہے (1 یوحنا 1:9)۔ وہ اِس بات کا انتظار نہیں کرتا کہ ہم خود کو صاف کر لیں، بلکہ وہ آ کر یہ کام ہمارے لیے خود کرتا ہے۔
اِس حصے میں انسانی زندگی کی جو قدر خدا کے نزدیک بیان ہوئی ہے، وہ خوشخبری میں کم از کم دو زوردار طریقوں سے نظر آتی ہے۔
پہلا، خدا خود انسان بنا۔ دوسرا، وہی جو خون کرنے سے منع کرتا ہے اور زندگی کے تحفظ کے لیے لڑتا ہے، اُس نے خود کو قتل ہونے دیا اور اپنی جان کو نہ بچایا۔
لیکن چونکہ اُس نے ایسا کیا، اِس لیے اب وہ آ کر روحُ القدس کے وسیلے سے ہمارے اندر سکونت کر سکتا ہے اور دن بہ دن یہ کام کر سکتا ہے کہ ہمیں واقعی ایسے لوگ بنا دے جو ایک دوسرے کے ساتھ اُسی احترام سے پیش آئیں جو وہ انسانی زندگی کے لیے رکھتا ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو زندگی کی عزت اور قدر کی گہری فکر کرتا ہے۔ اور یہ کہ آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جس نے ہماری زندگیوں کو ہر بُرائی سے پاک کرنے کے لیے اپنی جان خوشی سے دے دی۔

