کیا ہو رہا ہے؟
واعظ آفتاب کے نیچے زندگی کے بارے میں مشاہدات کا ایک طویل سلسلہ شروع کرتا ہے جو اُس کے مرکزی نکتے کو ثابت کرتے ہیں—کہ زندگی بےمعنی اور بےفائدہ ہے۔ واعظ کے مشاہدات جان بوجھ کر امثال کی کتاب کے برعکس رکھے گئے ہیں۔ امثال کے مشاہدات زیادہ تر مثبت ہیں، لیکن واعظ کے زیادہ تر منفی ہیں۔ امثال یہ امید دلاتی ہے کہ راستباز برکت پائیں گے اور شریر سزا پائیں گے۔ لیکن واعظ امثال کے اصولوں کے تمام استثناؤں کو بےنقاب کرتی ہے۔ سب سے سادہ وضاحت یہ ہے کہ امثال دکھاتی ہے کہ دنیا کو کیسا ہونا چاہیے، اور واعظ دنیا کو ویسا ہی بےنقاب کرتی ہے جیسی وہ حقیقت میں ہے۔
انصاف ہمیشہ نہیں جیتتا (واعظ 3:16)۔ ظالموں کو مزید اختیار کا انعام ملتا ہے جبکہ مظلوم بےسہارا چھوڑ دیے جاتے ہیں (واعظ 4:1)۔ سخت محنت کا پھل ہمیشہ نہیں ملتا (واعظ 5:13)۔ اور جب خدا برکتیں دیتا بھی ہے، تو اکثر اُن سے لطف اُٹھانے کی صلاحیت ساتھ نہیں ہوتی (واعظ 6:2)۔
واعظ کہتا ہے کہ یہ بےفائدگی ایک امتحان ہے (واعظ 3:18)۔ جتنا زیادہ ہم جیتے ہیں اور جتنا زیادہ پڑھتے ہیں، زندگی کی بےفائدگی اُتنی ہی زیادہ ظاہر ہوتی جائے گی۔ خدا کم قابلِ بھروسا دکھائی دے گا۔ ہم امثال کی کتاب کے پورا نہ ہونے کی مزید سے مزید مثالیں دیکھیں گے؛ اِس بات کے مزید سے مزید ثبوت کہ ہم ایک لعنت زدہ دنیا میں رہتے ہیں۔ یہ امتحان اِس لیے مقرر ہوا ہے کہ ہمیں دنیا پر بھروسا کرنے سے ہٹا کر خدا پر بھروسا کرنے کی طرف دھکیلے (واعظ 5:7)۔
واعظ انسانوں کا جانوروں سے موازنہ کر کے اِس امتحان کو مزید شدید کر دیتا ہے (واعظ 3:18)۔ جانوروں کی طرح ہم بھی مقابلہ بازی اور اپنی بھوک کے تابع ہیں (واعظ 6:7)۔ ہم کام کرتے ہیں کیونکہ ہم اپنے پڑوسی سے حسد کرتے ہیں (واعظ 4:4)۔ جانوروں کی طرح ہم کبھی سیر نہیں ہوتے (واعظ 5:12)۔ اور جانور اور انسان ایک ہی انجام میں شریک ہیں—ہم خاک سے آئے ہیں، اور خاک میں لوٹ جائیں گے (واعظ 3:20)۔ لعنت زدہ دنیا کی یہ مسلسل، حیوانی بےفائدگی ہمیں ہر وقت آزماتی رہتی ہے۔
کیا ہم مایوس ہو جائیں گے کہ سب کچھ بےمعنی ہے؟
خوشخبری کہاں ہے؟
اِس امتحان کا بوجھ کسی نے یسوع سے زیادہ مکمل طور پر محسوس نہیں کیا۔
یسوع کی زندگی میں انصاف نہیں جیتا۔ اُس کے حاسد ظالموں نے اُس پر جھوٹا الزام لگایا۔ اُس کے دوستوں نے اُسے چھوڑ دیا۔ مقابلہ کرنے والے جانوروں کی طرح، فریسیوں نے اپنی طاقت بچانے کے لیے یسوع کے کپڑے اُتروائے اور اُس کی کھال اُدھیڑ دی۔ مار پیٹ سے بھی سیر نہ ہو کر وہ نعرے لگاتے رہے، ”اُسے مصلوب کرو!“
لیکن گتسمنی کے باغ میں یسوع کے سامنے ایک انتخاب تھا۔ وہ لعنت زدہ دنیا کی حالت پر مایوس ہو کر یہ سب کچھ ٹال سکتا تھا، یا وہ دنیا کی بےفائدگی سے زیادہ خدا پر بھروسا کر سکتا تھا (لوقا 22:42)۔ اور یسوع اِس امتحان میں کامیاب ہوتا ہے۔ وہ اُس لعنت کی ذمہ داری اُٹھا کر بےفائدگی کا تجربہ کرنے کا انتخاب کرتا ہے جس کا سبب وہ نہ تھا، پھر بھی اُسے ایسی سزا ملتی ہے گویا وہی سبب تھا (2 کرنتھیوں 5:21، گلتیوں 3:13)۔
تین دن بعد یسوع ثابت کرتا ہے کہ نہ اُس کی موت بےمعنی یا بےفائدہ ہے اور نہ ہماری زندگیاں۔ یسوع مُردوں میں سے جی اُٹھتا ہے اور ثابت کرتا ہے کہ آخری بات نہ بےفائدگی کی ہے نہ لعنت کی۔ آخری بات خدا کی ہے۔
یسوع میں، واعظ نے جو بےفائدگی دیکھی وہ پلٹ دی جائے گی۔ انصاف جیتے گا۔ ظالموں کو سزا ملے گی اور مظلوموں کو سرفراز کیا جائے گا۔ ہماری سخت محنت بےفائدگی پر ختم نہ ہوگی، بلکہ اُس کا ابدی اجر ملے گا۔ جب ہم یسوع کے جی اُٹھنے کو لعنت زدہ دنیا کی بےفائدگی سے زیادہ سچ مان لیں گے تو ہماری زندگیاں معنی سے بھر جائیں گی۔ ہمارے دُکھ اور ہماری بےفائدگی مایوسی کے لمحوں سے بدل کر ایسے لمحے بن جاتے ہیں جن میں خدا کی قدرت اور امید ظاہر ہوگی (2 کرنتھیوں 12:9)۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے کہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہمیں آزماتا ہے۔ اور آپ یسوع کو ایسے شخص کے طور پر دیکھیں جو اِس امتحان میں کامیاب ہوتا ہے اور اُن سب کو معنی، زندگی اور امید بخشتا ہے جو اُس پر بھروسا کرتے ہیں۔

