کیا ہو رہا ہے؟
خدا نبی حزقی ایل کو ایک رویا دکھانے کے درمیان میں ہے جس میں خدا کے لوگ ایک طویل جلاوطنی کے بعد اپنے وطن واپس آ رہے ہیں۔ ایک فرشتے نے ابھی حزقی ایل کو یروشلیم میں ایک نئی ہیکل کا دورہ کرایا ہے۔ لیکن جب حزقی ایل کو عمارت سے باہر لے جایا جاتا ہے تو وہ دیکھتا ہے کہ ہیکل کے نیچے سے پانی کی ایک باریک دھار نکل کر مشرق کی طرف بیابان میں بہہ رہی ہے (حزقی ایل 47:1-3)۔ ندی جتنی آگے بڑھتی ہے، پانی اُتنا ہی گہرا ہوتا جاتا ہے، یہاں تک کہ وہ بحرِ مُردار تک پہنچ جاتی ہے (حزقی ایل 47:4-8)۔ ہیکل سے آنے والا پانی اُس کھاری سمندر کو میٹھے پانی کے سمندر میں بدل دیتا ہے۔ خدا کی ہیکل سے نکلنے والے پانی کے سبب بیابان شفا پاتا ہے۔ ایک مُردہ سمندر خدا کے تمام لوگوں کے لیے مچھلی پکڑنے کی زرخیز جگہ بن جاتا ہے، اور ایک بانجھ بیابان پھلدار درختوں کا جنگل بن جاتا ہے جو پھل لانا کبھی نہیں چھوڑتے (حزقی ایل 47:9-12)۔ یہ رویا اِس بات کی علامت ہے کہ خدا چاہتا ہے کہ اُس کی بادشاہی اُن سب کے لیے شفا اور زندگی کی جگہ ہو جو اُس کی عبادت کرتے ہیں۔
ندی کے زمین کو شفا دینے کے فوراً بعد خدا اِس بحال شدہ اسرائیل کی قومی سرحدوں کو بڑی تفصیل سے بیان کرتا ہے۔ کچھ ایسا ہی گنتی کی کتاب میں ہوتا ہے جب اسرائیل پہلی بار دریائے یردن کو پار کر کے ملکِ کنعان میں داخل ہونے کی تیاری کر رہا ہے (گنتی 34:1-10؛ حزقی ایل 47:13-20)۔ لیکن بحال شدہ اسرائیل کی اِس رویا میں مقامی اسرائیلی اور پردیسی، پناہ کے متلاشی اور مہاجرین، سب خدا کی زمین پر حق کا دعویٰ کر سکتے ہیں (حزقی ایل 47:21-23)۔ یہ شفا یافتہ اسرائیل صرف اسرائیلیوں کے لیے نہیں بلکہ اُن سب کے لیے ہے جو خدا اور اُس کی بادشاہی کو اپنا حقیقی وطن سمجھتے ہیں۔
اِس کے بعد حزقی ایل اسرائیل کے بارہ قبیلوں کے باشندوں کے لیے نئی قبائلی سرحدیں بیان کرتا ہے، اور اِس طرح خدا کے لوگوں کی برابری پر زور دیتا ہے (حزقی ایل 48:1-7، 23-29)۔ ہر قبیلے کو زمین کا برابر حصہ ملتا ہے جو ایک نئے دارالحکومت کے گرد ہے، اور اُس شہر کے مرکز میں خدا کی نئی ہیکل اور اُس کی زندگی بخش ندی ہے (حزقی ایل 48:8-22)۔ پھر، یہ زور دینے کے لیے کہ خدا کے سب لوگوں کو اِس مُقدّس مقام تک یکساں رسائی ہے، حزقی ایل خدا کے شہر کے دروازوں کا بیان کرتا ہے۔ تحفظ کی خاطر قدیم شہروں کا عام طور پر صرف ایک ہی دروازہ ہوتا تھا، لیکن خدا کے نئے دارالحکومت کے بارہ دروازے ہیں—ہر ایک اسرائیل کے ایک قبیلے کے لیے (حزقی ایل 48:30-34)۔ ہر قبیلے کو خدا تک آزاد اور برابر رسائی ہے۔ اگرچہ بہت سے لوگ توقع کرتے کہ یہ شہر دوبارہ تعمیر شدہ یروشلیم ہوگا، حزقی ایل اِس مقام کو ایک مختلف نام دیتا ہے: اِس خوش آمدید کہنے والے، محفوظ، برابری والے اور زندگی بخش شہر کے لیے اُس کا نام یہ ہے، ”خداوند وہاں ہے“ (حزقی ایل 48:35ب)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
اسرائیل کا وطن اُجاڑ دیا گیا ہے۔ اسرائیل کے باشندوں کو اُن کی موروثی زمینوں سے نکال دیا گیا ہے۔ اسرائیل کا دارالحکومت اور ہیکل کھنڈر بن چکے ہیں۔ لیکن خدا نے حزقی ایل کو ایک رویا دی جس میں اسرائیل کا گھر بحال ہوتا ہے، اُن کی موروثی زمینیں واپس ملتی ہیں، اور ایک نیا دارالحکومت اور ہیکل قائم ہوتے ہیں۔ آخرکار، یوحنا رسول کا یقین تھا کہ نئی ہیکل، زندگی کی ندی، اور بحال شدہ بادشاہی، یہ سب خدا کے لوگوں کے لیے یسوع کی ذات میں پورا ہونا شروع ہو جاتے ہیں۔
یسوع کی زندگی کے بارے میں یوحنا کے بیان میں یسوع کی خدمت کا آغاز اور اختتام پانی سے ہوتا ہے۔ یسوع کا پہلا معجزہ پانی کو مے میں بدلنا ہے، جو اُس خوشی اور بحالی کا نشان ہے جو وہ لانے والا تھا (یوحنا 2:1-12)۔ اِس کے فوراً بعد یسوع اعلان کرتا ہے کہ اُس کا بدن خدا کے لوگوں کی آخری ہیکل ہے (یوحنا 2:13-19)۔ جس طرح وہ ہیکل بابل کے ہاتھوں ڈھائی گئی تھی، یسوع کہتا ہے کہ اُس کا بدن بھی ڈھایا جائے گا۔ لیکن یسوع یہ بھی کہتا ہے کہ وہ مُردوں میں سے جی اُٹھے گا اور حزقی ایل کی رویا کی ہیکل کی طرح دوبارہ تعمیر ہوگا اور اپنے لوگوں کو زندگی بخشے گا۔ صرف چند آیتوں کے بعد یسوع ایک غیر ملکی عورت سے کہتا ہے کہ جو زندگی وہ دینا چاہتا ہے وہ صرف مقامی اسرائیلیوں کے لیے نہیں بلکہ ایک تازگی بخش پانی ہے جسے سب لوگ پی سکتے ہیں (یوحنا 4:1-26)۔ سب لوگوں کے لیے یہ پانی بالآخر اُس لمحے دیا جاتا ہے جب یسوع مرتا ہے۔ یسوع کی زندگی کے تمام بیان کرنے والوں میں یوحنا ہی واحد ہے جو یہ ذکر کرتا ہے کہ جب یسوع کی پسلی میں بھالا مارا گیا تو پانی بہہ نکلا (یوحنا 19:34)۔ لیکن جیسا یسوع نے کہا تھا، ویسا ہی ہوا، وہ مُردوں میں سے جی اُٹھا۔ یسوع ہی وہ ہیکل ہے جو ڈھائی گئی اور دوبارہ تعمیر ہوئی، اور جس میں سے زندہ پانی کی ندیاں بہتی ہیں تاکہ ہر اُس شخص کو شفا ملے جو اُس کی عبادت کرتا ہے۔
مکاشفہ کی کتاب میں یوحنا خدا کے لوگوں کی بحالی کو مزید تفصیل سے بیان کرتا ہے۔ ایک فرشتہ یوحنا کو خدا کے لوگوں کا ابدی دارالحکومت دکھاتا ہے۔ حزقی ایل کی رویا کی طرح، اُس کے بارہ کھلے دروازے ہیں جہاں سے تمام تھکے ہوئے لوگ اپنے نئے وطن میں داخل ہو سکتے ہیں (مکاشفہ 21:10-14)۔ شہر کے مرکز میں کوئی ہیکل نہیں بلکہ یسوع اپنے تخت پر ہے (مکاشفہ 21:22)۔ اور یسوع کے ابدی تخت کے نیچے سے ایک ندی نکلتی ہے جس کے دونوں کناروں پر درخت ہیں جو پھل لانا کبھی نہیں چھوڑتے۔ اور جو کوئی اُن کو کھاتا ہے شفا پاتا ہے (مکاشفہ 22:1-5)۔ خدا کے لوگوں کی کہانی اِس پر ختم ہوتی ہے کہ بیمار شفا پاتے ہیں، تھکے ہوئے آرام پاتے ہیں، اور جلاوطن اپنا حقیقی گھر پا لیتے ہیں۔ یسوع مرا اور جی اُٹھا تاکہ ہمیں امید اور یہ یقین دے کہ یہ بادشاہی آ رہی ہے۔
خود دیکھیں
میں دعا کرتا ہوں کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کو بحال کرے گا۔ اور آپ یسوع کو اُسی ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہمارا زندہ پانی ہے۔

