کیا ہو رہا ہے؟
اُستادوں کا ایک گروہ یہ دلیل دیتا ہے کہ یسوع پر بھروسا کرنے کے ساتھ ساتھ عبرانی بائبل کی شریعت میں درج یہودی شناخت کے نشانوں کو بھی شامل کرنا ضروری ہے۔ لیکن پولس کے نزدیک یہ اُس کام کو گھٹانا ہے جو یسوع کرنے آیا تھا۔
اِس کی وضاحت کے لیے پولس خدا کے اپنے لوگوں کے ساتھ تعلق کا موازنہ ایک ایسے بچے سے کرتا ہے جو ایک بڑی جائیداد کا وارث ہے (گلتیوں 4:1)۔ ایک وقت تک سب وارث غلاموں کی مانند ہوتے ہیں۔ مختار وارث کو بتاتے ہیں کہ اُسے کیا کرنا ہے، جب تک وہ بالغ نہ ہو جائے (گلتیوں 4:2)۔ لیکن جب بچہ بالغ ہو جاتا ہے تو اُس کا اپنی جائیداد اور مختاروں کے ساتھ تعلق بدل جاتا ہے۔ وہ اب اُن کی ہدایات کا پابند نہیں رہتا، بلکہ آزاد ہے کہ جیسے چاہے اپنی میراث تک رسائی حاصل کرے۔ اِسی طرح، یہودی شریعتیں میراث کی برکتوں کو شناخت کے بعض نشانوں سے جکڑ دیتی ہیں (گلتیوں 4:3، 8-10)۔
لیکن خدا نے اپنے بیٹے یسوع کو بھیجا اور اُسے یہودی شریعت کی ”غلامی“ کے تحت رکھا۔ یسوع نے اُن تمام شریعتوں کی فرمانبرداری کی۔ اب وہی جائیداد کا مالک ہے، اور جو کوئی اُس پر بھروسا کرتا ہے اُسے اپنے خاندان میں لے پالک بنا کر وہ آزادانہ طور پر اپنی میراث تک رسائی عطا کرتا ہے (گلتیوں 4:4-5)۔ اِس کا مطلب یہ ہے کہ خدا کے لوگ اب یہودی شریعت کے غلام نہیں رہے، بلکہ فرزند اور ایک عظیم جائیداد کے وارث ہیں (گلتیوں 4:6-7)۔ سابقہ امانت اور مختاری کے رشتے کی علامتوں کو دوبارہ اپنانا بے معنی ہے، کیونکہ اب خدا ہمیں بیٹوں، بیٹیوں اور وارثوں کے طور پر جانتا ہے (گلتیوں 4:8-10)۔ جو ایک بار آزاد ہو جائے، وہ پھر غلامی کی طرف نہیں لوٹتا۔
پولس کا دل ٹوٹا ہوا ہے (گلتیوں 4:11، 20)۔ اُس نے گلتیوں کو آزادی کی تعلیم دی اور وہ چاہتا ہے کہ وہ اُس آزادی میں اُس کے ساتھ شامل ہوں (گلتیوں 4:12)۔ اُن کی پہلی ملاقات اُن کی بے دریغ سخاوت، خیال داری اور صبر سے نمایاں تھی، جب پولس ایک سخت بیماری میں مبتلا تھا (گلتیوں 4:13-15)۔ اُس نے حیرت سے سوچا کہ چند اُستادوں کی باتوں سے رشتے کا اتنا بھروسا کیسے کھویا جا سکتا ہے (گلتیوں 4:16-17)۔ پولس، ایک ماں کی طرح، شدت سے چاہتا ہے کہ اُس کے گلتی فرزند ایک بار پھر اُس آزادی کو جان لیں جو اُنہیں یسوع میں حاصل ہے (گلتیوں 4:19)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
گلتی لوگ اِس بات پر بھروسا نہیں کرتے کہ خدا محض یسوع پر بھروسا کرنے سے غلاموں کو اپنے فرزند بنا دیتا ہے۔ پولس کہتا ہے کہ وہ ابرہام کی مانند ہیں۔ خدا نے ابرہام کی بیوی سارہ کو اولاد دینے کا وعدہ کیا، لیکن ابرہام نے خدا کے وعدے پر بھروسا نہ کیا۔ اِس کے بجائے اُس نے اپنی لونڈی ہاجرہ کے ذریعے اولاد حاصل کرنے کی کوشش کی (گلتیوں 4:21-23)۔ اِسی طرح گلتی لوگ بھی خدا کے وعدے پر بھروسا نہیں کرتے۔ وہ اِس پر بھروسا نہیں کرتے کہ یسوع خدا کی جائیداد کا وارث ہے اور آزادانہ طور پر وعدہ کرتا ہے کہ جو اُس پر بھروسا کریں اُنہیں خدا کے فرزند بنا دے گا۔ اِس کے بجائے، ابرہام کی طرح، وہ غلامی کو چن کر خدا کے فرزند بنانے اور یہ درجہ محفوظ کرنے کی کوشش کرتے ہیں (گلتیوں 4:24-25)۔
یسعیاہ نبی کا حوالہ دیتے ہوئے پولس کہتا ہے کہ خدا کا فرزند بننا ہمیشہ سے خدا کے وعدے پر منحصر رہا ہے۔ اُس نے سارہ کا رَحِم کھولنے کا وعدہ کیا، اور اُس نے وعدہ کیا ہے کہ صرف یسوع پر بھروسا کرنے سے وہ ہمیں اپنے بیٹے اور بیٹیاں بنائے گا (گلتیوں 4:27؛ یسعیاہ 54:1-2)۔ خدا کے خاندان میں شامل ہونے کے لیے ہمیں شریعت کے کسی مجموعے پر عمل کرنے کی ضرورت نہیں۔ ایمان کے وسیلے سے ہم، ابرہام کے بیٹے اِضحاق کی طرح، خدا کے وعدے کے مطابق اُس کی میراث کے وارث بن گئے ہیں (گلتیوں 4:28)۔
ابرہام کے زمانے سے یہ ہمیشہ ایسا ہی رہا ہے کہ جو لوگ خدا کے وعدے پر بھروسا کرنے کی قوت پر اصرار کرتے ہیں، وہ اُن لوگوں سے ٹکراؤ میں رہے ہیں جو قواعد کے ایک مجموعے کی غلامی کا مطالبہ کرتے ہیں (گلتیوں 4:29)۔ لیکن غلام بنانے والوں کے لیے خدا کے آزاد لوگوں میں کوئی جگہ نہیں (گلتیوں 4:30)۔ پس یسوع میں بھائیو اور بہنو، خدا کے وعدے پر بھروسا کرو۔ یسوع نے ہمیں اپنی بادشاہی کا وارث بنایا ہے۔ غلامی کو ردّ کرو اور آزاد رہو۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہمیں میراث عطا کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جسے شریعت کے تحت غلام بنایا گیا تاکہ وہ ہمیں اُس کی قوت سے آزاد کرے۔


