کیا ہو رہا ہے؟
اُستادوں کے ایک گروہ نے علانیہ طور پر پولُس رسول کے پیغام کی مخالفت کرنا شروع کر دی ہے (گلتیوں 1:6-7)۔ پولُس نے یہ تعلیم دی کہ خدا کے خاندان کا رکن بننے کے لیے یسوع کی زندگی اور موت پر بھروسا کرنا ہی واحد شرط ہے۔ لیکن اُن اُستادوں کی تعلیم یہ تھی کہ یسوع پر ایمان تو دو مرحلوں والے عمل کا صرف پہلا مرحلہ ہے۔ دوسرا مرحلہ یہ تھا کہ خدا کے تاریخی خاندان یعنی یہودیوں کی شناخت کے نشان قبول کیے جائیں، جیسے سبت ماننا، یہودی عیدیں منانا، شرعی (کوشر) کھانا کھانا اور ختنہ کرانا (گلتیوں 5:2-3)۔ اُنہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پولُس اِن بائبلی احکام سے صرف اِس لیے کتراتا ہے تاکہ اُس کا پیغام اُس کے غیر یہودی سامعین کو زیادہ بھلا لگے (گلتیوں 1:10)۔ گلتیوں کا خط اِنہی دلائل کا پولُس کی طرف سے جواب ہے۔
پولُس اِس بات سے آغاز کرتا ہے کہ اُس کا پیغام سیدھا خدا کی طرف سے آیا ہے اور غیر یہودیوں میں خدمت کرتے ہوئے اُس میں کوئی ردوبدل نہیں ہوا (گلتیوں 1:11-12)۔ خود یسوع نے مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے بعد پولُس کو اِس خوشخبری کا پیغامبر مقرر کیا کہ یسوع نے اپنے آپ کو دے دیا تاکہ ہمیں اِس موجودہ زمانے کی برائیوں سے چھڑائے اور اپنے خاندان کا حصہ بنائے (گلتیوں 1:1-5)۔ پولُس اصرار کرتا ہے: خدا کے خاندان کا رکن بننے کے لیے یہودی شناخت کے نشان ضروری نہیں ہیں۔ یہ پیغام سیدھا خدا کی طرف سے ہے اور کوئی دوسری خوشخبری نہیں (گلتیوں 1:8-9)۔
جب سے خدا نے اُسے چھڑایا ہے، پولُس سرگرمی سے یہی خوشخبری سناتا آیا ہے۔ اُسے اپنے پیغام کے الٰہی منبع پر اِتنا یقین ہے کہ اُس نے دوسرے رسولوں سے مشورہ تک نہ کیا (گلتیوں 1:15-17)۔ اور جب تین سال بعد اُس نے ایسا کیا تو اُنہوں نے تصدیق کی کہ پولُس کا پیغام اُن کے پیغام سے مطابقت رکھتا ہے (گلتیوں 1:18-24)۔ اور گیارہ سال بعد جب پولُس نے باقاعدہ طور پر اپنی خدمت اُن کے سامنے جانچ کے لیے پیش کی تو نہ اُنہوں نے خوشخبری کے بارے میں اُس کی سمجھ میں کچھ اضافہ کیا اور نہ اُس کے یونانی ہم خدمت ساتھی کے ختنے کا مطالبہ کیا (گلتیوں 2:1-6)۔ بلکہ اُنہوں نے اِس بات کی تصدیق کی کہ غیر یہودیوں کے لیے پولُس کا پیغام وہی ہے جو یہودیوں کے لیے اُن کا پیغام تھا (گلتیوں 2:7-10)؛ یعنی یہ کہ خدا کے خاندان میں داخلہ یہودی شناخت کے نشانات پر نہیں بلکہ صرف یسوع پر ایمان پر منحصر ہے (گلتیوں 2:16)۔
پولُس نے تو رسولوں کا بھی سامنا کیا جب وہ اِس مؤقف کے مطابق زندگی گزارنے میں ناکام رہے۔ ایک موقع پر پطرس رسول نے غیر یہودیوں کے ایک گروہ کے ساتھ خاندان کا کھانا کھانے سے انکار کر دیا، اِس اندیشے سے کہ ختنے کا مطالبہ کرنے والے ناراض ہوں گے (گلتیوں 2:11-13)۔ لیکن پولُس نے اُسے ٹوکا۔ غیر یہودیوں کے ساتھ کھانے سے انکار کرنے کا مطلب یہ ہے کہ اگر غیر یہودی اُن کے خاندان کے کھانوں میں شریک ہونا چاہتے ہیں تو پہلے اُنہیں یہودیوں کی طرح چلنا ہوگا (گلتیوں 2:14)۔ اگرچہ رسول بھی یسوع کے پیغام کو نرم کرنے کی آزمائش میں پڑے، مگر پولُس نہ پڑا۔ اگر گلتیہ کے لوگوں کو کسی پر بھروسا کرنا ہے تو وہ پولُس ہی ہونا چاہیے۔ اُس نے ہمیشہ یسوع کی خوشخبری میں ردوبدل کرنے سے انکار کیا۔
خوشخبری کہاں ہے؟
پطرس اور پولُس دونوں جانتے ہیں کہ خدا کے خاندان کا رکن بننا یہودی شریعت کے احکام ماننے پر نہیں بلکہ صرف یسوع پر ایمان پر منحصر ہے (گلتیوں 2:15-16)۔ یسوع پر ایمان رکھنے والے یہودیوں کا غیر یہودیوں سے اِس لیے الگ ہو جانا کہ اُنہوں نے یہودی شناخت کے نشان قبول نہیں کیے، غلط ہے۔ یہ اِس بات کا انکار ہے کہ یسوع نے اپنی زندگی اور موت کے وسیلے سے نسل و قومیت کا لحاظ کیے بغیر سب لوگوں کو ایک کر دیا ہے (گلتیوں 2:17-19)۔
یسوع پر بھروسا، نہ کہ یہودی شناخت کے بعض نشانات پر عمل کرنا، ہمیں خدا کے خاندان کا حصہ بناتا ہے (گلتیوں 2:20)۔ خدا کی شریعت کو توڑنے والے نامختون لوگ نہیں، بلکہ وہ ہیں جو ختنے اور تعلق کے دوسرے نشانات پر اصرار کرتے ہیں (گلتیوں 2:18)۔ یسوع پر ایمان کے ساتھ اعمال کا کوئی عنصر جوڑنا یسوع کی موت کو بےمعنی بنا دینا ہے (گلتیوں 2:20-21)۔
یسوع اِس لیے مرا تاکہ ہم ہمیشہ کے لیے اُس کے متحد خاندان کے ارکان کی حیثیت سے جئیں۔ اُس نے وہ پرانا زمانہ ختم کر دیا جس کی پہچان نسلی امتیازات تھے، اور اُس کی جگہ ایک نیا زمانہ قائم کیا جس کی پہچان ایمان ہے (گلتیوں 1:4؛ 5:6)۔ خدا کے لوگوں کے ہر دور کو نئی تفریقیں پیدا کرنے کی آزمائش کا سامنا ہوگا۔ ہمیشہ ایسے لوگ ہوں گے جو ایک جھوٹی خوشخبری پر راضی ہو جاتے ہیں — ایسی خوشخبری جو اِس بنیاد پر اچھے اور برے لوگوں کی تقسیم کرتی ہے کہ آپ کس دن عبادت کرتے ہیں، کون سے کھانے کھاتے ہیں، یا ووٹ کس کو دیتے ہیں۔ لیکن خوشخبری یہ ہے کہ یسوع پر بھروسا کرنا کافی ہے۔ اُس میں ہم اِس زمانے کی تفریقوں کے لیے مر چکے ہیں۔ اور اُس پر ایمان کے ذریعے سب لوگ اُس کے خاندان میں ایک کر دیے گئے ہیں، جس نے اُن پرانی عداوتوں کو مار ڈالا اور اُن کی جگہ سب لوگوں کے لیے قربانی بھری محبت رکھ دی۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس نے ہمیں صرف ایک ہی خوشخبری دی ہے۔ اور آپ یسوع کو ہی واحد ہستی کے طور پر دیکھیں جس پر آپ کو بھروسا کرنے کی ضرورت ہے۔


