کیا ہو رہا ہے؟
رسول پولس نے ابھی یہ ثابت کیا ہے کہ ختنہ کبھی وہ طریقہ نہ تھا جس سے خدا کے لوگ خدا کے خاندان کا حصہ بنتے ہیں (گلتیوں 3:19، 24)۔ خدا کا خاندان ابرہام کے ایک آنے والے بیٹے پر ایمان کے ذریعے وجود میں آیا، جو ایک دن دنیا کو متحد کرے گا اور اُسے برکت دے گا۔ ختنہ شہریت کا امتحان نہ تھا، بلکہ ہر یہودی مرد کے جسم میں کاٹی گئی ایک پیشین گوئی تھی کہ ابرہام کا بیٹا، یسوع، تمام لوگوں کو خدا کے خاندان کا حصہ بنائے گا۔
لیکن اُستادوں کا ایک گروہ اصرار کرتا ہے کہ ختنہ اور عبرانی بائبل کی شریعت میں پائے جانے والے یہودی شناخت کے دوسرے نشان خدا کے خاندان کا حصہ بننے کے لیے اب بھی ضروری ہیں۔ مگر رسول پولس کہتا ہے کہ یہودی شناخت کے نشانوں کا تقاضا کرنا ایک قسم کی غلامی ہے (گلتیوں 5:1)۔ صرف ایک عبرانی شرعی تقاضے کو لازم ٹھہرانا درحقیقت انسانوں سے یہ مطالبہ کرتا ہے کہ وہ بائبل میں درج تمام 613 احکام کی فرمانبرداری کریں (گلتیوں 5:2-4)۔ کوئی یہودی کبھی ایسا کرنے کے قابل نہیں رہا؛ یہ ایک ناممکن معیار کی غلامی ہے، اور اِس کے علاوہ ابرہام کی اُس امید کا مکمل انکار بھی ہے کہ اُس کا بیٹا یسوع دنیا کو خدا کے خاندان میں متحد کرے گا۔
یہودی شناخت کے نشانوں سے نہیں، بلکہ ایمان سے ہی کوئی خدا کے خاندان کا حصہ بنتا ہے (گلتیوں 5:5-6)۔ ختنے کا مطالبہ کر کے یہ اُستاد خود کو یسوع سے ویسے ہی الگ کر لیتے ہیں جیسے اُنھوں نے ختنے کی کھال کو اپنے جسموں سے الگ کیا ہے۔ اِس لیے پولس کہتا ہے کہ خدا سے اُن کی علیحدگی کی علامت کے طور پر بہتر یہی ہے کہ وہ آخری حد تک جائیں اور پوری چیز ہی کاٹ ڈالیں (گلتیوں 5:12)۔
لیکن محض اِس لیے کہ شریعت نے گلتیہ کے لوگوں کو خدا کے خاندان کا حصہ نہیں بنایا، اِس کا مطلب یہ نہیں کہ وہ اُس پر عمل نہیں کریں گے۔ بلکہ روح القدس کے سبب سے، خدا کا خاندان آخرکار آزاد ہے کہ خدا سے محبت رکھے اور ایک دوسرے سے محبت رکھے، جیسا کہ عبرانی شریعت کا مقصد تھا (گلتیوں 5:13-14)۔ پہلے گلتیہ کے لوگ اپنی گناہ آلود، خودغرض اور خود کو تباہ کرنے والی خواہشوں کے غلام تھے، اور نہ خدا سے نہ اپنے آس پاس کے لوگوں سے حقیقی محبت رکھنے کے قابل تھے (گلتیوں 5:19-21)۔ لیکن اب روح القدس نے اُنھیں اُس آزادی سے بھر دیا ہے کہ وہ دوسروں کی خاطر اُن خواہشوں کا انکار کریں (گلتیوں 5:16-17)۔ جہاں عبرانی شریعت لوگوں کے چال چلن کو محدود کرتی تھی، وہاں یسوع میں کوئی ایسی شریعت نہیں جو روح القدس کی قدرت کو محدود کرے۔ خدا کے لوگ خدا اور ایک دوسرے کو بےانتہا محبت، خوشی، اطمینان، تحمل، مہربانی، نیکی، ایمانداری، حلیمی اور پرہیزگاری پیش کر سکتے ہیں (گلتیوں 5:22-25)۔
اور محض اِس لیے کہ خدا کے لوگ شریعت سے آزاد ہیں، اِس کا مطلب یہ نہیں کہ اُن سے اُن کے اعمال کا حساب نہ لیا جائے گا۔ پولس دوسروں سے محبت رکھنے کی آزادی کو ”یسوع کی شریعت“ کہتا ہے (گلتیوں 6:2)۔ یہ شریعت ایسی قربانی بھری محبت کی زندگی کا تقاضا کرتی ہے جو دوسروں کے گناہوں اور بوجھوں سے الگ نہیں ہوتی، بلکہ اُنھیں اُٹھانے میں مدد کرتی ہے (گلتیوں 6:3-5)۔ اِس طرح دوسروں سے محبت رکھنے سے انکار کرنا اُس محبت کا ناجائز فائدہ اُٹھانا ہے جو خدا نے صلیب پر اپنے لوگوں کو دکھائی—اور یہ عدالت کو دعوت دینا ہے (گلتیوں 6:7-8)۔ یسوع میں ہم ایک نئے معیار کے جوابدہ ہیں، جہاں ہم اپنی مرضی کے مطابق کرنے کے لیے آزاد نہیں، بلکہ بےحد محبت رکھنے کے لیے آزاد کیے گئے ہیں (گلتیوں 6:9-10)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
رسول پولس کے نزدیک ہم بیک وقت احکام کے ایک مجموعے کے غلام اور خدا اور دوسروں سے محبت رکھنے کے لیے آزاد نہیں ہو سکتے۔ پولس اصرار کرتا ہے کہ ہم یہودی شریعت کی ضرورت سے آزاد کر دیے گئے ہیں، کیونکہ یسوع نے اپنی زندگی اور موت کے ذریعے ہمیں خدا کے خاندان کا حصہ بنا دیا ہے۔ لیکن پولس کے مخالفوں کو یہ خوف تھا، جیسا کہ آج بھی بعض لوگوں کو ہے، کہ اگر بعض احکام کی ضرورت کو تھامے نہ رکھا جائے تو اُن کے پاس لوگوں کی خواہشوں کو روکنے یا دوسروں سے حساب لینے کا کوئی ذریعہ نہ رہے گا۔
مگر صلیب پر یسوع نے شریعت اور دنیا کی اِس پرانی سمجھ کو مصلوب کر کے مار ڈالا (گلتیوں 6:14)۔ یسوع نے ہمیں اپنی روح سے بھر کر بالکل ایک نئی قسم کا خاندان بنا دیا ہے۔ یہ تبدیلی اِس قدر بنیادی ہے کہ پولس کہتا ہے کہ ہم ”نئی مخلوق“ ہیں—مکمل طور پر اور آخرکار آزاد کہ پتھر پر کندہ شریعت کی تختی کی ضرورت کے بغیر خدا سے اور دوسروں سے محبت رکھیں (گلتیوں 6:15)۔ خدا کی شریعت ہمارے اندر بستی ہے، کیونکہ یسوع اُن سب میں بستا ہے جو اُس کی زندگی، موت اور جی اُٹھنے پر بھروسا کرتے ہیں۔ مذہبی کارنامے، چال چلن کی پاکیزگی، یا نسلی و ثقافتی شناخت کے نشان کسی کو بھی خدا کے خاندان میں شامل یا اُس سے خارج کرنے میں کوئی کردار ادا نہیں کرتے۔ اہم بات یہ ہے کہ یسوع نے خود ہی ہمیں اپنے خاندان کے نئے افراد بنا دیا ہے۔
آپ سے جو کچھ بھی کہا گیا ہو، کوئی ایسا معیار نہیں جس پر ہمیں پورا اُترنا ہو تاکہ خدا ہمیں قبول کرے۔ اِس کا مطلب ہے کہ ہم فخر کر سکتے ہیں—اُن مذہبی احکام پر نہیں جن پر ہم نے عمل کیا، بلکہ یسوع پر۔ اُس نے ہمیں خدا کے خاندان کا فرد بنایا۔ اُس کی روح ہمیں آزاد کرتی ہے کہ ہم خدا سے اور دوسروں سے بےحد محبت رکھیں۔ اور اُس کی موت اور جی اُٹھنے کا مطلب یہ ہے کہ ہم ہمیشہ خدا کی بےحد محبت میں جیتے رہیں گے۔
خود دیکھیں
میں دعا کرتا ہوں کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس نے ہمیں اپنا خاندان بنایا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُسی کے طور پر دیکھیں جو ہمیں شریعت کی غلامی سے آزاد کرتا ہے اور ہمیں روح کے مطابق زندگی گزارنے کی دعوت دیتا ہے۔


