کیا ہو رہا ہے؟
یسوع نے ابھی اپنے شاگردوں کو بتایا ہے کہ وہ مرنے کو ہیں۔ اور اپنے آخری کلام میں یسوع روح القدس کے وعدے سے اُنہیں تسلی دیتے ہیں اور آنے والی ایذا رسانی سے خبردار کرتے ہیں (یوحنا 14:16، 15:20)۔
شاگرد نہیں سمجھتے۔ وہ یسوع کے پیچھے چلنا چاہتے ہیں اور جاننا چاہتے ہیں کہ وہ کہاں جا رہے ہیں۔ یسوع جواب میں اُنہیں بتاتے ہیں کہ وہ اپنے باپ کے پاس اُن کے لیے جگہ تیار کرنے جا رہے ہیں (یوحنا 14:2)۔ یسوع اِس مشن پر ہیں کہ ہمیں دوبارہ خدا کے ساتھ ملا دیں۔ جب فلپُّس باپ کو دیکھنے کی درخواست کرتا ہے، تو یسوع اُس سے کہتے ہیں کہ یسوع کو دیکھنا ہی باپ کو دیکھنا ہے۔ یسوع خدا کا کامل مظہر ہیں (یوحنا 14:9)۔
یسوع اُنہیں ایک وعدہ دیتے ہیں۔ جب وہ چلے جائیں گے، تو ایک اَور مددگار آئے گا جو اُنہیں باپ کو دیکھنے اور جاننے میں مدد دے گا—یعنی روح القدس (یوحنا 14:26)۔ یہ روح اُنہیں اُسی طرح بھر دے گا جس طرح یسوع بھرے ہوئے تھے، اور ہمیں اِس قابل بنائے گا کہ ہم زمین پر خدا کے کردار اور فطرت کے مطابق جیئیں۔ روح القدس کے ذریعے ہمیں یسوع کی تعلیمات یاد دلائی جاتی ہیں اور ہمیں قدرت ملتی ہے کہ خدا کے حکموں پر عمل کریں، اُس کی حکمت کی عکاسی کریں، اور وہی کام کریں جو یسوع نے کیے۔ جو یسوع کے اندر رہتا تھا وہی اب ہمارے اندر رہے گا۔
یسوع اِس کا موازنہ ایک انگور کے باغ اور اُس کے پھل سے کرتے ہیں۔ خدا باغبان ہے، یسوع انگور کی بیل ہیں، اور شاگرد شاخیں ہیں (یوحنا 15:1-2)۔ جب وہ یسوع میں قائم رہتے ہیں، تو بیل کی زندگی اُن میں بھر جائے گی اور پرورش بخشنے والے پھل میں چھلک اُٹھے گی۔ یسوع کا کام اُن میں یسوع کی زندگی کا فطری بہاؤ ہوگا (یوحنا 15:4)۔
لیکن اِس خوشخبری کی ایک قیمت ہے۔ یسوع نے اپنی زندگی کامل طور پر خدا کو سنتے اور اُس کی فرمانبرداری کرتے ہوئے گزاری، اور یہی اُن کی موت کا سبب بنے گی۔ یسوع وعدہ کرتے ہیں کہ اگر اُن کے شاگرد اُن کی زندگی کی راہ پر چلیں گے، تو دنیا اُن سے بھی نفرت کرے گی (یوحنا 15:18)۔ نوکر اپنے مالک سے بڑا نہیں ہوتا، اور یہ مالک اپنی جان خوشی سے دے دیتا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
شاگرد اپنے گوشت اور ہڈیوں والے مسیح کو کھونے والے ہیں۔ وہ شدید ایذا رسانی اور تشدد کا تجربہ کرنے والے ہیں۔ اور تب سے لے کر ہزاروں سالوں تک، آپ کو اور مجھے یسوع کی حضوری کے بغیر جینا پڑا ہے۔ لیکن آج ہمارے لیے خوشخبری یہ ہے: یسوع کا جانا ہمارے ہی فائدے کے لیے تھا تاکہ ہم روح سے بھر جائیں (یوحنا 16:7)۔ یسوع وعدہ کرتے ہیں کہ ہمارے اندر روح کا ہونا ہمارے پہلو میں بیٹے کے ہونے سے بھی بہتر ہے۔
یسوع نے خدا کی صورت کو کامل طور پر ظاہر کیا، پھر بھی وہ ایک وقت میں صرف ایک ہی جگہ ہو سکتے تھے۔ لیکن اب وہی روح جو یسوع کی زندگی کو حرکت دیتا تھا اُن کے سب پیروکاروں میں بستا ہے، اور اُنہیں اِس قابل بناتا اور تیار کرتا ہے کہ وہ یسوع کی مانند جیئیں (یوحنا 14:12)۔
روح القدس صرف ہمارے اعمال کو ہی قدرت نہیں دیتا؛ وہ ہمارے پیغام کو بھی قدرت دیتا ہے۔ یسوع فرماتے ہیں کہ روح دنیا کو گناہ، راستبازی اور عدالت کے بارے میں قصوروار ٹھہراتا ہے (یوحنا 16:8)۔ یسوع کی موت اور روح کی بخشش کے ذریعے ہماری بے اعتقادی مر جاتی ہے، اور ہم یسوع کے ساتھ جِلائے جاتے ہیں تاکہ اِس دنیا کی تمام قوتوں پر حکومت کریں۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس نے بیٹے کو اپنی روح سے بھر دیا۔ اور آپ یسوع کو دیکھیں، جو ہمارے اندر اُسی روح کی قدرت سے ہمیں دُکھ اُٹھانے اور دلیری سے جینے کی قدرت بخشتے ہیں۔

