کیا ہو رہا ہے؟
یسوع اُن لوگوں کو بھی زندگی پیش کرتا ہے جن سے کوئی توقع نہ ہو، لیکن اکثر وہی لوگ یسوع کو رد کرتے ہیں جو سب سے زیادہ مذہبی ہوتے ہیں۔
یوحنا 4 میں یوحنا دو واقعات پیش کرتا ہے۔ پہلے واقعہ میں یسوع ایک کنویں پر ایک سامری عورت سے نبوت کے طور پر بات کرتا ہے، اور دوسرے میں یسوع کفرنحوم میں ایک سرکاری عہدہ دار کے بیٹے کو شفا دیتا ہے۔ سامری عورت ایمان لاتی ہے کہ یسوع ہی مسیح ہے، اور اُس کا سارا گاؤں بھی اُس پر مسیح کے طور پر بھروسا کرتا ہے (یوحنا 4:41)۔ لیکن کفرنحوم میں شہر شک اور اذیت کے ساتھ جواب دیتا ہے۔
یسوع جانتا تھا کہ ایسا ہی ہوگا۔ وہاں پہنچنے سے ذرا پہلے یسوع کہتا ہے کہ نبی کی اپنے وطن میں کوئی عزت نہیں ہوتی (یوحنا 4:44)۔ اُس سرکاری عہدہ دار کے بیٹے کو شفا دینے کے بعد وہ بھیڑ کو اُن کی بے اعتقادی پر ملامت کرتا ہے (یوحنا 4:48)۔ جہاں سامری یسوع کے کلام پر بھروسا کرنے کے لیے بے تاب ہیں، وہاں کفرنحوم کو صرف کرشموں کا تماشا چاہیے تھا۔
یسوع اپنے شاگردوں سے کہتا ہے کہ اپنی آنکھیں اُٹھا کر دیکھیں کہ کھیت کٹائی کے لیے پک چکے ہیں (یوحنا 4:35)۔ اُنہیں ”آنکھیں اُٹھانے“ کی ضرورت ہے کیونکہ فصل کا کھیت یہودیوں کے درمیان نہیں بلکہ سامریوں کے درمیان ہے—مذہبی لوگوں کے درمیان نہیں بلکہ گنہگاروں کے درمیان۔ یہ سامری عورت اِن دونوں ہی باتوں میں شامل ہے۔
اُسے پانچ بار طلاق ہو چکی تھی اور بدچلنی کی وجہ سے اُس کی برادری نے اُسے الگ کر دیا تھا (یوحنا 4:18)۔ ایک سامری ہونے کے ناطے وہ یہودی مذہبی اکثریت کے ہاتھوں علیحدگی اور اذیت کی ایک طویل تاریخ کا شکار تھی۔ پھر بھی بُری شہرت والی یہی عورت وہ شخص ہے جسے یسوع اپنی شناخت ظاہر کرنے کے لیے چنتا ہے—کہ وہی وہ مسیح ہے جو ہمیشہ کی زندگی بخشتا ہے۔
یہی عورت یسوع کی پہلی مشنری بن جاتی ہے۔ اُس کا سارا شہر ایمان لاتا ہے کہ یسوع ہی مسیح ہے—اُس کے معجزوں کی وجہ سے نہیں بلکہ اُس کے کلام کی وجہ سے (یوحنا 4:42)۔ جبکہ کفرنحوم میں اُس کے اپنے لوگوں کے درمیان سخت دلی تھی۔ یسوع کا پیغام اُن لوگوں میں قبول کیا جاتا ہے جو حاشیے پر پڑے ہیں۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع ٹھکرائے ہوئے گنہگاروں اور سخت دل لوگوں، دونوں کو جیتنا چاہتا ہے۔ سامریوں کے درمیان دو دن خدمت کرنے کے بعد وہ جان بوجھ کر وہاں واپس جاتا ہے جہاں وہ جانتا ہے کہ اُسے غلط سمجھا جائے گا اور رد کیا جائے گا۔
یسوع چاہتا ہے کہ ہر شخص اُس پر بھروسا کرے۔ خواہ وہ معاشرے کے ٹھکرائے ہوئے لوگ ہوں یا گہرے مذہبی لوگ۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ یسوع وہ فصل کاٹنے والا ہے جو اپنی فصل جہاں بھی ملے، وہاں سے جمع کرنے آیا ہے۔ اور جس طرح یسوع سامری عورت کو زندگی کا پانی پیش کرتا ہے، اُسی طرح جو کوئی یسوع سے کہے گا کہ وہ پیاسا ہے، وہ اُسے سیر کرے گا (یوحنا 4:14)۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کو ایسی آنکھیں دے کہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو سب لوگوں کے درمیان ہمیشہ کی زندگی کے بیج بوتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس عظیم فصل کاٹنے والے کے طور پر دیکھیں جو جانوں کی فصل کاٹتا ہے، خواہ وہ کہیں بھی ملیں۔

