کیا ہو رہا ہے؟
ایک طویل خدمت کے بعد، جس نے پہلے ہی اِس بات کا اشارہ دے دیا تھا کہ اپنے لوگوں کو چھڑانے کے لیے یسوع کو کیا کرنا پڑے گا، آخرکار یسوع کا وقت آ پہنچتا ہے۔ ایک ہجوم یسوع کو گرفتار کرتا ہے اور اُنہیں سردار کاہن اور رومی حاکم پیلاطُس کے سامنے مقدمے اور سزا کے لیے لے جاتا ہے۔
اپنی گرفتاری، مقدمے اور سزا کے موقع پر یسوع ثابت کرتے ہیں کہ وہ لوگوں کی توقع سے بہت بڑھ کر ہیں۔ وہ محض ایک انقلابی نہیں؛ وہ سچّے بادشاہ ہیں۔ وہ محض ایک سرکش واعظ نہیں؛ وہ وہی ہیں جو سچائی کی بادشاہی کے آنے کا اعلان کر رہے ہیں۔ وہ صرف ”یسوع ناصری“ نہیں؛ وہ خود خدا ہیں، وہ عظیم ”میں ہوں“۔
سپاہیوں کا ایک ہجوم گتسمنی کے باغ میں یسوع کے سامنے آ کر پوچھتا ہے کہ آیا وہ یسوع ہیں۔ وہ اُس فقرے سے جواب دیتے ہیں جسے یوحنا اپنی انجیل میں چھ بار استعمال کر چکا ہے: ”میں ہوں۔“ یوحنا ہمیں بتاتا ہے کہ اِن الفاظ کا وزن — جو ساتویں بار اُس کے مُنہ سے نکلے جس نے دنیا کو سات دنوں میں بنایا — اُس ہجوم کو خالق کے سامنے زمین پر گرا دیتا ہے (یوحنا 18:5-6)۔ یسوع، جو خود خدا ہیں، کُل اختیار رکھتے ہیں، اور وہ گناہ گار لوگوں کو بچانے کے لیے عنقریب یہ سب کچھ ترک کر دینے والے ہیں۔
یسوع پوچھ گچھ کے لیے سردار کاہن کے گھر پہنچتے ہیں (یوحنا 18:12-13)۔ تقریباً فوراً ہی پطرس اِس بات کا انکار کر دیتا ہے کہ وہ یسوع سے کبھی ملا بھی ہے (یوحنا 18:17)۔ لیکن جب پطرس جھوٹ بولتا ہے، یسوع سچ بولتے ہیں۔ وہ اپنی خدمت کے دوران کہی ہوئی کسی بات سے پیچھے نہیں ہٹتے، بلکہ سردار کاہن کو للکارتے ہیں کہ گواہ پیش کرے (یوحنا 18:21)۔ اُنہیں قتل کرنے پر تُلے ہوئے، یہودی یسوع کو سزا کے فیصلے کے لیے پیلاطُس کے پاس لے جاتے ہیں (یوحنا 18:28)۔ یسوع کو اپنی شناخت کے بارے میں سچائی کا دعویٰ کرنے کی وجہ سے موت کی سزا سنائی جاتی ہے، جبکہ پطرس دو بار مزید یسوع کو جاننے سے بھی انکار کر دیتا ہے۔
پیلاطُس بے وقوف نہیں ہے۔ وہ جانتا ہے کہ صدرِ عدالت (صنہدرین) کا کوئی اپنا مقصد ہے۔ یہودی یسوع کو رومی اقتدار کے لیے خطرہ بنا کر پیش کرتے ہیں، جو عجیب بات ہے۔ یہودی عام طور پر روم کے مسائل دُور کرنے میں اُس کی مدد نہیں کرتے۔ چنانچہ پیلاطُس یسوع سے پوچھتا ہے: ”کیا تُو یہودیوں کا بادشاہ ہے؟“ اور ”تُو نے کیا کیا ہے؟“ (یوحنا 18:33)
یسوع سمجھاتے ہیں کہ وہ سچائی کے بادشاہ ہیں، اور اُن کی سچائی لوگوں کو آزاد کرتی ہے (یوحنا 18:37)۔ پیلاطُس اِس بات کو رد کرتا ہے کہ اقتدار اور سیاسی مفاد کے سوا کوئی سچائی ہے (یوحنا 18:38)۔ اُس کی یہ سوچ ثابت ہو جاتی ہے جب وہ یہودیوں کے سامنے یہ انتخاب رکھتا ہے کہ برابّا کو چھوڑ دیا جائے، جو روم کے لیے ایک مشہور خطرہ تھا، یا یسوع کو، جن کی بادشاہی اِس دنیا کی نہیں۔ اگر یہودیوں کو واقعی روم کی فکر ہے تو وہ یسوع کو رِہا کرائیں گے۔ لیکن اگر معاملہ صرف سیاست اور اقتدار کا ہے تو وہ برابّا کو رِہا کرائیں گے۔ وہ اپنا اصل ارادہ ظاہر کر دیتے ہیں اور برابّا کو چُن لیتے ہیں (یوحنا 18:40)۔
یہودی اور پیلاطُس، دونوں اِس سچائی کے مقابلے میں — کہ یسوع بادشاہ ہیں — اقتدار کو چُنتے ہیں۔ فی الحال اقتدار سچائی پر غالب آ جاتا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع کی گرفتاری، مقدمہ اور سزا خوشخبری ہیں، کیونکہ یہ ہمیں ایک ایسا نجات دہندہ دکھاتی ہیں جو سامنے سے آتی مصیبت دیکھ کر راستہ نہیں بدلتا۔ یسوع یکسو ہیں۔ وہ ضرور بچائیں گے۔ وہ اپنے لوگوں کی حفاظت کریں گے۔
جب باغ میں اُن کا سامنا کیا گیا تو یسوع بھاگ سکتے تھے اور اپنے شاگردوں کو گرفتار ہونے دے سکتے تھے۔ لیکن اِس کے برعکس، وہ سپاہیوں سے کہتے ہیں کہ اُن کے شاگردوں کو جانے دیں (یوحنا 18:8)۔ وہ نہ صرف اُن کی جسمانی سلامتی کا بندوبست کرتے ہیں بلکہ اُنہیں حکومتوں اور قوّتوں سے ابدی طور پر محفوظ رکھنے کا کام بھی شروع کر دیتے ہیں۔ یسوع پطرس کی طرح جھوٹ بول کر اپنے مقدمے سے بچ سکتے تھے۔ لیکن وہ اِس سچائی کی گواہی دیتے ہیں کہ نجات صرف اُن ہی سے ہوتی ہے، حالانکہ یہ سچائی اُن کی جان لے لے گی۔ اور یہ سب اِس لیے ہو گا کیونکہ، جیسا یسوع نے نیکدیمس سے کہا تھا، ”ضرور ہے کہ ابنِ آدم بلند کیا جائے“ — یعنی صلیب پر (یوحنا 3:14)۔
یسوع اپنی گرفتاری، مقدمے اور سزا کے ذریعے دکھاتے ہیں کہ ہمیشہ کی زندگی کی سچائی پر ایمان رکھنا ہر دُکھ سہنے کے لائق ہے۔ لیکن یسوع محض اِس سچائی پر ایمان نہیں رکھتے؛ وہ اِسے حقیقت بنانے کے لیے مر گئے۔ یسوع جھوٹے الزام کے بوجھ تلے ذرا بھی نہ لڑکھڑائے۔ وہ سچائی کے بادشاہ کے طور پر کھڑے رہے اور اپنی جان دے دی تاکہ جو اُن پر نظر کریں، اُنہیں ہمیشہ کی زندگی حاصل ہو۔
خود دیکھیں
دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کو ایسی آنکھیں دے کہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو خود سچائی ہے۔ اور آپ یسوع کو دیکھیں، جو سچائی کی گواہی دینے کے لیے جیے تاکہ ہم اُس سچائی کو جان لیں جو ہمیں آزاد کرتی ہے۔

