کیا ہو رہا ہے؟
یہ واقعہ سننا مشکل ہو سکتا ہے۔
یسوع سنتے ہیں کہ اُن کا دوست لعزر بیمار ہے۔ لیکن اپنے دوست کے پاس دوڑ کر جانے کے بجائے، یسوع جان بوجھ کر اُس وقت تک ٹھہرے رہتے ہیں جب تک لعزر مر نہ گیا۔ یوحنا ہمیں بتاتا ہے کہ ایسا اِس لیے ہوا کیونکہ وہ لعزر سے محبت رکھتے تھے (یوحنا 11:5)۔ اور یسوع فرماتے ہیں کہ لعزر کی بیماری اور موت اُن کو جلال دے گی اور بہتوں کو ایمان لانے کا سبب بنے گی (یوحنا 11:4، 15)۔ لیکن لعزر کا خاندان شک میں ہے۔ تین مختلف مواقع پر وہ یسوع کی نیت پر سوال اُٹھاتے ہیں (یوحنا 11:21، 32، 37)۔
جب یسوع قبر پر پہنچتے ہیں، تو وہ رو رہے ہیں۔ وہ اپنے دوست لعزر کے لیے روتے ہیں، جس سے وہ گہری محبت رکھتے تھے۔ لیکن اُن کے آنسو صرف لعزر کے لیے نہیں ہیں۔ یسوع اُس سب کا بھی ماتم کرتے ہیں جو موت نے اُن کے لوگوں اور اُن کی دنیا سے چھین لیا ہے۔
یوحنا ہمیں یہ بھی بتاتا ہے کہ یسوع ”دل میں نہایت بےقرار ہوئے،“ یا ایک اَور ترجمے کے مطابق ”غضبناک ہوئے۔“ یسوع لعزر کی قبر کی طرف بڑھتے ہیں، آنکھیں آنسوؤں سے سُرخ اور چہرہ غصے سے تمتمایا ہوا۔
کیوں؟ اِس لیے کہ یہ معجزہ صرف لعزر کو مُردوں میں سے جِلانے کے بارے میں نہیں ہے—یہ یسوع کے خود موت کا مقابلہ کرنے کے بارے میں ہے۔
یسوع جانتے ہیں کہ جن سب سے وہ محبت رکھتے ہیں وہ لازماً مریں گے۔ اُنہیں اِس بات پر غضب آتا ہے کہ وہ دنیا جو اُنہوں نے خلق کی اور وہ لوگ جنہیں اُنہوں نے اُن کی ماؤں کے پیٹ میں بڑی نفاست سے تشکیل دیا، موت کی حکومت کے تحت قید ہیں۔ وہ دنیا جو اُنہوں نے دُکھ، بدی اور بیماری کے بغیر بنائی تھی، گناہ نے اُس پر قبضہ کر لیا اور ہر شخص کی جان لے لی۔ چنانچہ یسوع لعزر کو مُردوں میں سے زندہ کرتے ہیں تاکہ یہ اُس بات کا نشان ہو جو وہ خود کرنے کو ہیں۔
یسوع کے سب سے اہم معجزے کے جواب میں، تقریباً کوئی بھی ایمان نہیں لاتا۔ یوحنا 12 اُن لوگوں کے گروہوں کا بیان کرتا ہے جن کے سامنے یسوع کے نشان رکھے گئے، مگر وہ اِن نشانوں کے پیچھے چل کر اُن کے انجام تک پہنچنے سے انکار کرتے ہیں (یوحنا 12:37)۔ اسرائیل کی بےایمانی اِس قدر سخت دِل ہے کہ فریسی یسوع کو قتل کرنے کی سازش کرتے ہیں۔ وہ یہ دلیل دیتے ہیں کہ بہتر ہے کہ ایک شخص مر جائے، بجائے اِس کے کہ پوری قوم روم کے غضب کے نیچے دُکھ اُٹھائے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
لعزر کا جی اُٹھنا اُس کام کا پیشگی نظارہ تھا جسے پورا کرنے یسوع سب لوگوں کے لیے آئے تھے۔ جس طرح اُنہوں نے ایک ہی کلمے سے لعزر کو قبر سے بُلایا، اُسی طرح یسوع نے یوحنا 5 میں وعدہ کیا کہ مُردے اُن کی آواز سنیں گے اور ہمیشہ کی زندگی کے لیے جی اُٹھیں گے (یوحنا 5:25، 28)۔ لعزر کا جی اُٹھنا محض ایک بار کا معجزہ نہ تھا—یہ ایک نشان تھا جو اُس عظیم تر لمحے کی طرف اشارہ کرتا تھا جب یسوع مُردوں کے عالم میں اُتریں گے تاکہ خود موت کا مقابلہ کریں اور اُس کی قوت کو ہمیشہ کے لیے توڑ ڈالیں۔
لعزر کی قبر پر یسوع کے آنسو اور اُن کا غصہ ہمیں موت کے بارے میں اُن کا دل دکھاتے ہیں—یہ فطری نہیں ہے، یہ اچھی نہیں ہے، اور یہ قائم نہ رہے گی۔ لعزر کو اُس کی زندگی واپس دے کر، یسوع دکھاتے ہیں کہ وہ جلد ہی کائناتی پیمانے پر کیا کرنے والے ہیں: قبر سے جی اُٹھنا اور اُن سب کے لیے راہ کھول دینا جو اُن پر بھروسا رکھتے ہیں، تاکہ وہ باپ کی ہمیشہ کی زندگی میں شریک ہوں۔
مریم نے یہ سمجھ لیا۔ دو بار وہ اپنا سب سے قیمتی عطر توڑ کر یسوع کے پاؤں پر ڈالتی ہے اور اُنہیں دفن کے لیے مسح کرتی ہے۔ اُس نے ایمان رکھا، جیسا کہ یسوع کی امید تھی، کہ لعزر کی موت اور اُس کا جی اُٹھنا یسوع کی اپنی موت اور جی اُٹھنے کی طرف اشارہ کرتے ہیں۔ اُس نے سمجھ لیا کہ یسوع اِس لیے آئے کہ مر کر اور پھر جی اُٹھ کر موت کو نیست کر دیں۔
خود دیکھیں
دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے دوستوں کے لیے روتا بھی ہے اور موت پر غضبناک بھی ہوتا ہے۔ اور دعا ہے کہ آپ یسوع کو ایسے شخص کے طور پر دیکھیں جس کی آواز مُردوں کو زندگی کے لیے بُلاتی ہے، جس کا جی اُٹھنا موت کو نیست کرتا ہے، اور جو ہر ایمان لانے والے کو ہمیشہ کی زندگی بخشتا ہے۔

