کیا ہو رہا ہے؟
یسوع اپنے شاگردوں کی میزبانی کرتے ہوئے اُن کے ساتھ آخری کھانا کھاتے ہیں۔ وہ جانتے ہیں کہ وہ مرنے کو ہیں، اور وہ یہ بھی جانتے ہیں کہ وہ اپنے باپ کے پاس واپس جانے کو ہیں۔ اور یہ دونوں باتیں جانتے ہوئے، یسوع اپنا کپڑا اُتارتے ہیں، مٹی میں گھٹنے ٹیکتے ہیں، اور اپنے شاگردوں کے پاؤں دھوتے ہیں (یوحنا 13:3-5)۔ پطرس کو ٹھیس پہنچتی ہے کہ اُس کا مالک اِس قدر نیچے جھکے۔ لیکن یسوع سمجھاتے ہیں کہ یہ نجات کی علامت ہے—اگر پطرس یسوع کی ذلت کو قبول کرنے سے انکار کرے، تو وہ یسوع کی ہمیشہ کی زندگی میں کبھی شریک نہ ہوگا (یوحنا 13:8)۔
اِس دلیل کو ایک قدم آگے لے جاتے ہوئے، پطرس مطالبہ کرتا ہے کہ یسوع اُسے پورا ہی دھو دیں (یوحنا 13:9)۔ لیکن یسوع ایک دوسری بات بتاتے ہیں—پطرس پہلے ہی پاک ہے؛ اُسے صرف اپنے پاؤں دھلوانے کی ضرورت ہے۔ جب ایک بار یسوع اُسے نجات دے کر خدا کے حضور پاک کر دیتے ہیں، تو وہ اِسے کھو نہیں سکتا، کیونکہ یسوع کے خون کی داغ دھونے والی قدرت سے زیادہ طاقتور کچھ نہیں (یوحنا 13:10)۔ لیکن جب پطرس یسوع کی پیروی کا وہ کام اپنے ہاتھ میں لے گا جو مشقت اور گندگی سے بھرا ہے، تو وہ جان لے گا کہ یسوع کی مانند چلنے کے لیے ہمیشہ مزید دُھلائی کی ضرورت ہوگی۔ یسوع کی ذلت اُنہیں قطعی طور پر اور مسلسل نجات دیتی ہے۔
لیکن صرف اِس وجہ سے کہ یسوع نے اپنے شاگردوں کے پاؤں دھوئے اور وہ اُن کے قریب تھے، یہ ضمانت نہیں ہو جاتی کہ ہر ایک اُن کے ساتھ ہے۔ یسوع پطرس پر یہ واضح کر دیتے ہیں کہ یہوداہ ایک غدار ہے، اور یہوداہ کو گھر سے باہر بھیج دیتے ہیں (یوحنا 13:26)۔ یہوداہ کے چلے جانے کے بعد، یسوع کی موت تیزی سے قریب آ رہی ہے۔ یسوع اپنے پیروکاروں کے ساتھ آخری باتیں کرنے لگتے ہیں۔
یسوع کی ذلت میں خدا کی پرستش کی جائے گی۔ جب یسوع مُردوں میں سے جی اُٹھیں گے تو اُس کے جلال کا اعلان کیا جائے گا۔ پس اگرچہ شاگرد اُس سفر میں یسوع کے ساتھ شامل نہیں ہو سکتے، تو بھی وہ اُن کی جگہ اُن کی خدمت جاری رکھ سکتے ہیں۔ وہ ایک دوسرے سے ویسی ہی محبت رکھ سکتے ہیں جیسی اُنہوں نے اُن سے رکھی (یوحنا 13:34-35)۔ اور جب وہ ایک دوسرے کی طرف یسوع کی ذلت اُٹھانے والی، قربانی بھری محبت کی نقل کریں گے، تو دنیا خوشخبری کی قدرت کا مشاہدہ کرے گی۔
خوشخبری کہاں ہے؟
ہم ایسی دنیا میں رہتے ہیں جو یسوع سے بےپروا یا اُن کی مخالف ہے۔ لیکن مسیحیوں سے تو یہی توقع ہے کہ وہ خدمت کروانے کی عزت کے بجائے خدمت اور موت کی ذلت کو ترجیح دیں۔ یسوع نے یہوداہ کے پاؤں دھوئے۔ اُنہوں نے اپنے ہاتھ سے اُسے کھانا کھلایا۔ مسیحیوں کا رویہ بھی دنیا کی طرف خاکسارانہ قربانی کا یہی ہونا چاہیے۔ ہم مسیح جیسی محبت پیش کرتے ہیں، یہ جانتے ہوئے کہ سب مسیح کے لیے عقیدت کے ساتھ جواب نہیں دیں گے۔ لیکن ایسا کرنے میں ہماری زندگیاں خود خوشخبری بن جاتی ہیں۔
ہماری زندگیاں اُس بات کا زندہ تسلسل بن جاتی ہیں جو یسوع نے یوحنا 3:16 میں کہی۔ جس طرح خدا نے دنیا سے ایسی محبت رکھی کہ اُس نے یسوع کو بھیجا، اُسی طرح یسوع دنیا سے ایسی محبت رکھتے ہیں کہ وہ ہمیں بھیجتے ہیں۔ ہمیں دنیا کو مجرم ٹھہرانے کے لیے نہیں بھیجا گیا، بلکہ اُس کے پاؤں دھونے کے لیے، اور اپنے تھوڑے اور آخری گھنٹے اُس کے لیے ضیافت تیار کرنے میں صرف کرنے کے لیے۔
ہم سے وعدہ کیا گیا ہے کہ جب ہم دوسروں سے ویسی محبت رکھیں گے جیسی مسیح نے ہم سے رکھی، تو دنیا جان لے گی کہ ہم یسوع کے شاگرد ہیں۔ یسوع کا پاؤں دھونا ہمارے لیے صرف ایک نمونہ ہی نہیں جس کی پیروی کریں، بلکہ ایک ضمانت بھی ہے کہ ایک مسیحی کی ذلت کبھی ضائع نہیں ہوتی۔ مسیح میں، موت اور ذلت ہر حال میں ہمیشہ کی زندگی اور عزت کا راستہ ہے۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کو ایسی آنکھیں دے کہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس نے دنیا سے ایسی محبت رکھی کہ اپنی سب سے قیمتی چیز دے دی۔ اور آپ یسوع کو دیکھیں، جو آپ کو یہ ذمہ داری سونپتے ہیں کہ ویسی ہی محبت رکھیں جیسی اُنہوں نے آپ سے رکھی ہے۔

