کیا ہو رہا ہے؟
یسوع اپنے شاگردوں کے ساتھ آخری کھانا کھاتا ہے۔ اُس نے روحُ القدس کے وعدے کے ذریعے اُنہیں اپنے جانے کے لیے تیار کیا ہے۔ وہ روح اُنہیں معمور کرے گا اور اُنہیں یسوع کی خدمت جاری رکھنے کے لیے قدرت بخشے گا۔ یوحنا 17 میں ہم اپنے لیے یسوع کی دعا سنتے ہیں۔ یہ ایک قریبی جھلک ہے کہ خدا اپنے مشن اور یسوع کے شروع کیے ہوئے کام کو جاری رکھنے میں ہمارے کردار کے بارے میں کیا سوچتا ہے۔
اِس لمحے میں جو بات حیران کر دیتی ہے وہ یہ ہے کہ یسوع کہتا ہے کہ اُس نے کبھی اکیلے کوئی کام نہیں کیا۔ بار بار یسوع خدا کو یاد دلاتا ہے کہ خدا نے اُسے کیا کیا دیا تھا۔ درحقیقت یسوع کہتا ہے کہ اُس نے سب کچھ خدا سے پایا (یوحنا 17:6)۔ اُس کا اختیار، اُس کی ہمیشہ کی زندگی، اُس کے الفاظ، اور حتیٰ کہ اُس کے شاگرد بھی سب خدا کی بخشش تھے (یوحنا 17:2، 6، 8)۔ ہم اکثر یسوع کو خدا کی طرف سے کام کرنے والا ایک تنہا شخص سمجھتے ہیں۔ لیکن یسوع کہتا ہے کہ اُس کا ہر کلام اور ہر کام مکمل طور پر باپ اور روح پر منحصر تھا۔ یسوع کی خدمت کامیاب ہوئی کیونکہ وہ اُن کے ساتھ ایک تھا۔
لیکن شاگرد ڈرے ہوئے ہیں۔ یسوع کے بغیر، جو آسمان اور زمین کی یہ کامل ایکتا ہے، وہ آنے والی مشکلات کو کیسے برداشت کریں گے؟ یسوع اُن کے لیے جو دعا کرتا ہے وہ دم بخود کر دینے والی ہے۔ وہ دعا کرتا ہے کہ وہ بھی اُسی طرح خدا اور روحُ القدس کے ساتھ ایک ہوں جس طرح وہ خود ایک ہے (یوحنا 17:22-23)۔ یسوع اِس طرح دعا کرتا ہے گویا اُس کے شاگرد اُس سے کسی طرح الگ ہی نہیں ہیں۔ شاگردوں کو اِس کی ضرورت نہیں کہ خدا اُنہیں دنیا سے بچا لے—بلکہ اُنہیں اِس کی ضرورت ہے کہ خدا اُنہیں دنیا میں یسوع بنا دے۔
یسوع اپنے پیروکاروں پر وہی ردا ڈالتا ہے جو اُس پر ڈالی گئی تھی۔ جس طرح وہ ”دنیا کا نہیں“ ہے، اُسی طرح وہ اعلان کرتا ہے کہ اُس کے شاگرد بھی دنیا سے الگ ہیں (یوحنا 17:16)۔ جس طرح یسوع اپنا کام کرنے کے لیے روحُ القدس سے معمور اور متحرک کیا گیا، اُسی طرح شاگرد بھی اُسی روح سے معمور اور متحرک کیے جائیں گے تاکہ وہ کام جاری رکھیں۔ جس طرح خدا نے یسوع کو دنیا میں بھیجا، اُسی طرح اب یسوع اپنے شاگردوں کو دنیا میں بھیجتا ہے (یوحنا 17:18)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یسوع نے اپنے شاگردوں سے کہا تھا کہ اُس کا چلا جانا ہی بہتر ہے تاکہ روحُ القدس آئے۔ یوحنا 17 ہمیں بتاتا ہے کہ کیوں۔ جب یسوع مرتا ہے، تو وہ اُس ایکتا کو، جو اُسے خدا اور روح کے ساتھ تھی، لے کر اُن سب کو دے دیتا ہے جو اُس پر منحصر ہیں۔
اگر ہم ہر چیز کے لیے خدا پر منحصر رہیں، تو ہم اُس کے ساتھ ایک ہو جائیں گے۔ اگر ہم اپنے اختیار کے لیے اور صحیح و غلط کی سمجھ کے لیے خدا پر منحصر رہیں، تو ہم ہر شخص اور ہر چیز کے خالق کے ساتھ ایک ہو جائیں گے۔ اگر ہم اپنی زندگی کے لیے خدا پر منحصر رہیں، تو وہی روحُ القدس جس نے یسوع کو مُردوں میں سے جِلایا ہمیں ہمیشہ کی زندگی کے بانی کے ساتھ متحد کر دیتا ہے۔ اگر ہم اپنے کلام کے لیے خدا پر منحصر رہیں، تو وہ کلام جو مجسم ہوا ہمارے جسم کے ساتھ ایک ہو جاتا ہے، اور ہم دنیا کے بچاؤ کے عمل میں، بیماروں کو شفا دینے میں، اور اُس خدا کو مشہور کرنے میں اُس کے ساتھ شامل ہو جاتے ہیں جو جیا، مرا اور پھر جی اُٹھا۔
خود دیکھیں
دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو یسوع اور اُن سب کے ساتھ ایک ہے جو اُس پر ایمان رکھتے ہیں۔ اور دعا ہے کہ آپ یسوع کو دیکھیں، جو اپنی زندگی، موت اور جی اُٹھنے کے ذریعے یہ سب ممکن بناتا ہے، اور جو دعا کرتا ہے کہ آپ اِسے سچ جانیں۔

