کیا ہو رہا ہے؟
ناحوم کے آخری دو باب بابل کے ہاتھوں نینوہ کے زوال کی ایک رویا، نینوہ کا مذاق اُڑانے والے چھ طعنوں کی ایک لڑی، اور پھر اُس عظیم شہر کی تباہی کا جشن مناتا ہوا ایک طنزیہ نوحہ پیش کرتے ہیں۔
خون کے رنگ کے سُرخ لباس میں ملبوس ایک فوج نینوہ کو تہس نہس کر دے گی (ناحوم 2:3)۔ یہ بابل کی فوج ہے، اور نبی حزقی ایل اِس کی تصدیق کرتا ہے کہ اُن کی وردیاں سُرخ ہیں (حزقی ایل 23:14)۔ ناحوم یہ نبوّت بھی درست طور پر کرتا ہے کہ نینوہ قریبی دریا کے سیلاب سے غرق ہو جائے گا (ناحوم 2:6، 8)۔ نینوہ کے سرپرست دیوتا کو گاڑی پر لاد کر لے جایا جائے گا، اُس کے کاہن ماتم کرتے رہ جائیں گے، اور شہر کا خزانہ ایسا بےپردہ ہو گا کہ ہر کوئی اُسے لُوٹ سکے گا (ناحوم 2:7، 9)۔
ناحوم کے چھ طعنے سادہ ہیں۔ اسور پہلے شکاری تھا، مگر وہ خود شکار بن جائے گا (ناحوم 2:13)۔ نینوہ خون سے تعمیر ہوا تھا، اِس لیے خون ہی کی طرف لوٹ جائے گا (ناحوم 3:1، 3)۔ نینوہ نے کسبی جیسا برتاؤ کیا، اِس لیے جلد اُس کے سنگار بےپردہ کر دیے جائیں گے (ناحوم 3:4، 5ب)۔ اسور نے ایک زمانے میں مصر کے شہر نو آمون (تھیبس) کو نہایت بےرحمی سے تباہ کیا تھا (ناحوم 3:8)، مگر جلد ہی وہی ظلم جو اُس نے ڈھایا تھا پلٹ کر اُس کے سر آئے گا (ناحوم 3:10)۔ اور آخر میں، جیسے وہ ٹڈیوں کی طرح فتح کرتے اور نگلتے تھے (ناحوم 3:16)، ویسے ہی وہ جلد ٹڈیوں کی طرح غائب ہو جائیں گے (ناحوم 3:17)۔ نینوہ کے لیے کوئی خوشخبری نہیں ہے۔ اُن کی بربادی ناگزیر ہے۔ چنانچہ ناحوم ایک نوحہ گاتا ہے جس میں نینوہ کے سپاہی بھاگتے اور ہانپتے دکھائی دیتے ہیں (ناحوم 3:18)۔ پھر ساری زمین نینوہ کے زوال پر تالیاں بجاتی ہے، کیونکہ جیسا ناحوم پوچھتا ہے، ”زمین پر کون ہے جس نے نینوہ کی بدی کا تجربہ نہ کیا ہو؟“ (ناحوم 3:19)۔
ناحوم بائبل کی صرف اُن دو کتابوں میں سے ایک ہے جو ایک بلاغتی سوال پر ختم ہوتی ہیں۔ دوسری کتاب یونس ہے (یونس 4:11)۔ یونس کا بلاغتی سوال بھی نینوہ ہی کے بارے میں ہے اور اِس بارے میں ہے کہ خدا کو یہ حق ہے کہ جس پر چاہے رحم کرے—اہلِ نینوہ پر بھی۔ لیکن ناحوم کا سوال یہ ظاہر کرتا ہے کہ نینوہ نے خدا کے رحم کو مزید ظلم کرنے کے لیے استعمال کیا۔ نینوہ اِس قدر بدی میں ڈوبا ہوا ہے کہ نجات سے باہر ہے، اور زمین پر کوئی بھی خدا کے اُس انصاف پر سوال نہیں اُٹھاتا جس سے وہ اُنہیں صفحۂ ہستی سے مٹا دیتا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
نینوہ کے لیے کوئی خوشخبری نہیں ہے۔ ناحوم نینوہ کے سنگین جرائم کا کفارہ دینے کے لیے کوئی خوشخبری پیش نہیں کرتا۔ یہ ایک ہوش دلانے والی یاد دہانی ہے کہ ایک وقت آئے گا جب شریروں کو توبہ کا مزید موقع نہیں ملے گا۔ اسور کو بابل نے تباہ کر دیا، اور وہ پھر کبھی نہ اُٹھ سکا۔ پس ناحوم کے آخر میں جو خوشخبری ہے وہ شریر، ظالم یا خونخوار کے لیے نہیں—بلکہ باقی سب کے لیے ہے۔
نینوہ کا ظلم ساری دنیا پر پھیلا ہوا تھا، اِس لیے جب خدا کے لوگوں کے دشمن کو بالآخر اُس کے کیے کا بدلہ ملا تو ساری دنیا خوش ہوئی۔ مکاشفہ کی کتاب میں ہمیں ایک ایسا ہی منظر نظر آتا ہے۔ خدا ہر بدکار سلطنت کے حاکموں کو—اُن سب کو جو سنگین جرائم کے مرتکب ہوئے، ہر ظالم کو—جمع کرتا ہے، اور اُس بےگناہ خون کا جو اُنہوں نے بہایا اور اُن لوگوں کا جنہیں اُنہوں نے نقصان پہنچایا، انتقام لیتا ہے (مکاشفہ 19:2)۔ اور پھر خدا کے لوگ خوشی مناتے ہیں کہ بدی پر ہمیشہ کے لیے عدالت آ گئی (مکاشفہ 19:3)۔
وہ دن جلد آنے والا ہے جب یسوع ہر بدی کے ساتھ وہی کرے گا جو بابل نے نینوہ کے ساتھ کیا تھا۔ یسوع جنگ کرے گا (مکاشفہ 19:11)۔ اور وہ خون کے رنگ کا سُرخ لباس پہن کر فتح کرنے آئے گا (مکاشفہ 19:13)۔ وہ ہر اُس قوم کے خلاف نکلے گا جس نے خدا کے اپنے لوگوں پر حملہ کرنے کی جرأت کی (مکاشفہ 19:15الف)۔ وہ دنیا کو اُس کی بدی سے پاک کر دے گا اور ہمیشہ کے لیے اپنے آپ کو بادشاہوں کے بادشاہ کے طور پر قائم کرے گا۔ وہ ایسی دنیا میں، جہاں کوئی دشمن باقی نہ ہو گا، سلامتی کے شاہزادے کے طور پر ابد تک حکومت کرے گا۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ظلم کا خاتمہ کرنے آئے گا۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو اپنے تمام لوگوں کے لیے سلامتی قائم کرتے ہوئے ہر بدی کا خاتمہ کرنے آ رہا ہے۔

