کیا ہو رہا ہے؟
زبور 99 کا گیت خدا کے لوگوں کو بلاتا ہے کہ وہ اُس کی ایک مُقدّس بادشاہ کے طور پر عبادت کریں۔ لفظ ”مُقدّس“ کا مطلب ہے ”الگ کیا ہوا“ یا ”منفرد“۔ اور زبور نویس چاہتا ہے کہ ہم خدا کی بےمثال قدرت، انصاف اور معافی کی عبادت کریں۔ وہ خدا کے لوگوں کو دعوت دیتا ہے کہ وہ غور کریں کہ خدا کائنات کی ہر دوسری ہستی سے کس طرح مختلف، منفرد اور الگ ہے۔
پہلے، زبور نویس خدا کی منفرد اور مُقدّس قدرت کا جشن مناتا ہے۔ خدا بادشاہ ہے، لیکن اُس کا تخت، کسی بھی دوسرے حاکم کے تخت کے برعکس، اُن شعلہ فشاں روحانی ہستیوں کے درمیان ہے جنہیں کروبی کہا جاتا ہے (زبور 99:1)۔ اور باقی سب بادشاہوں کے برعکس، اُس کی حکومت اسرائیل میں بسنے والے اُس کے لوگوں کی سرحدوں سے آگے بڑھ کر زمین کے ہر دوسرے ملک تک پھیلی ہوئی ہے (زبور 99:2)۔ زمین کی ہر قوم اُس کے اختیار کا جواب دیتی ہے اور اُس کے تابع ہو جاتی ہے (زبور 99:1)۔ خدا اپنی آفاقی قدرت میں مُقدّس ہے (زبور 99:3)۔
دوسرے، خدا مُقدّس ہے کیونکہ وہ عادل ہے۔ وہ اپنی بےمثال قدرت کو ناجائز فائدہ اُٹھانے کے لیے نہیں بلکہ اپنے لوگوں کے درمیان انصاف قائم کرنے کے لیے استعمال کرتا ہے (زبور 99:4)۔ خدا بُرائی کو سزا دیتا ہے اور نیکی کو اجر دیتا ہے۔ بہت سوں کے برعکس، وہ اپنی مطلق قدرت کا کبھی غلط استعمال نہیں کرتا۔ چونکہ خدا اپنے انصاف میں مُقدّس ہے، اِس لیے اُس نے ہمیشہ درست عدالت کی ہے اور ہمیشہ کرے گا (زبور 99:5)۔
آخر میں، زبور نویس خدا کی مُقدّس اور بےمثال معافی کی حمد کرتا ہے۔ اپنے مُقدّس انصاف میں بھی، خدا اپنے لوگوں کی سنتا ہے جب وہ اُس سے رحم مانگتے ہیں (زبور 99:6)۔ جب خدا کے لوگ اور اُن کے رہنما بھی غلطی پر ہوتے ہیں اور اُس کے حکموں کی نافرمانی کرتے ہیں، تب بھی خدا اپنے لوگوں کو معاف کرتا ہے، حالانکہ اُسے اُنہیں سزا دینے کا حق ہے۔ خدا منفرد طور پر مُقدّس ہے، کیونکہ اُس کی بےمثال قدرت اور مطلق انصاف اُس کے رحم اور معافی کی راہ میں رکاوٹ نہیں بنتے (زبور 99:7-8)۔ اِن تین وجوہات کی بنا پر — خدا کی مُقدّس اور منفرد معافی، انصاف اور قدرت — خدا کے لوگوں کو اُس کی عبادت کرنی چاہیے (زبور 99:9)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
زبور 99 کا مُقدّس بادشاہ یسوع کی ذات میں اپنے لوگوں کے پاس آیا (عبرانیوں 1:3)۔ اپنی زندگی میں یسوع نے خدا کی مُقدّس قدرت کی پوری عظمت کا مظاہرہ کیا (کلسیوں 1:19)۔ جب یسوع کے دشمن اُسے گرفتار کرنے آئے، تو اُس نے ظاہر کیا کہ فرشتوں کا ایک لشکر اُس کے حکم پر حاضر تھا (متی 26:53)۔ پھر، صرف اپنا نام بتانے سے ہی اُسے پکڑنے والے اُس کے اختیار کے سامنے زمین پر گر پڑے (یوحنا 18:6)۔ یسوع مجسم صورت میں خدا کی مُقدّس قدرت تھا۔
یسوع خدا کا مُقدّس انصاف بھی اپنے لوگوں کے پاس لایا۔ اُس نے مظلوموں کی حمایت کی اور مغروروں کو شرمندہ کیا (یوحنا 5:5-9؛ لوقا 14:1-6)۔ اُس نے گنہگاروں کو اُن پر الزام لگانے والوں سے بچایا (لوقا 5:20، یوحنا 8:3-11)۔ اُس نے ستائے ہوئے لوگوں کو رِہائی دی، بیماروں کو شفا دی، اور اُنہیں آزاد کیا جو روحانی غلامی میں تھے۔ اُس نے عورتوں اور ٹھکرائے ہوئے لوگوں کی عزت کی، اُنہیں چھوا جنہیں سماج نے الگ کر دیا تھا، اور اقتدار کے بھوکوں سے کہا کہ وہ چھوٹے بچوں کی مانند بن جائیں (یوحنا 4:7-26؛ متی 8:2-3؛ متی 18:1-4)۔ یسوع لوگوں کو ویسے ہی دیکھتا اور اُن کے ساتھ ویسا ہی سلوک کرتا تھا جیسا خدا کرتا ہے۔ یسوع اپنے انصاف میں مُقدّس تھا۔
آخر میں، یسوع خدا کی مُقدّس معافی کو ظاہر کرتا ہے۔ اپنی زندگی کے دوران اُس نے گنہگاروں کو معاف کیا اور اپنے پیروکاروں سے کہا کہ وہ اُنہیں معاف کریں جنہوں نے اُن کے ساتھ زیادتی کی (متی 6:12)۔ وہ دُنیا میں اُن لوگوں کے لیے مرنے آیا جنہوں نے خدا کے ساتھ زیادتی کی تھی۔ جب رومی جلادوں نے اُس کے ہاتھوں اور پیروں میں کیلیں ٹھونکیں، تب بھی یسوع نے اپنے اذیت دینے والوں پر لعنت نہ بھیجی۔ اُس نے اُن کی معافی کے لیے دعا کی (لوقا 23:33-34)۔ جب یسوع صلیب پر دم گھٹنے کی حالت میں تھا، تو اُس کے برابر لٹکے ایک مجرم نے اُس سے رحم مانگا، اور یسوع نے فراخدلی سے وہ رحم عطا کر دیا (لوقا 23:41-43)۔ اُس نے اپنا خون بہایا اور سخت اذیت میں جان دی تاکہ اُن سب کو معافی ملے جو اِسے مانگتے ہیں (متی 26:28؛ 1 یوحنا 1:9)۔ کوئی یسوع کی طرح معاف نہیں کرتا۔ وہی مُقدّس بادشاہ ہے جو قادر، عادل اور معاف کرنے والا ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ خدا کی مُقدّس قدرت، انصاف اور معافی کو دیکھ سکیں۔ اور آپ یسوع کو اُسی کے طور پر دیکھیں جو آپ کی تمام عبادت کا حق دار ہے۔

