اصل میں کیا ہو رہا ہے۔
پولس رسول ابھی یہ واضح کر چکا ہے کہ کوئی بھی انسان محض شریعت کے احکام پر عمل کرنے کے وسیلے سے خدا کی بادشاہی میں داخل ہونے یا اپنے خالق کے حضور راستباز ٹھہرنے کے قابل نہیں ہو سکتا۔ بلکہ تمام لوگ یسوع مسیح پر ایمان لانے کے وسیلے سے خدا کی تمام برکتوں میں شریک ہوتے ہیں۔ رومیوں 3: 27 - 30۔ تاہم پولس جانتا ہے کہ بعض یہودی ایماندار یہ سمجھ سکتے ہیں کہ وہ اپنی تعلیم کے ذریعے عبرانی صحائف کی اہمیت کو رد کر رہا ہے بلکہ اُن کی تعلیم کے خلاف جا رہا ہے۔ کیونکہ یہودی شریعت واضح طور پر بیان کرتی ہے کہ خدا کے احکام کی فرمانبرداری کرنے سے یہودی برکت پائیں گے اور خدا کے حضور مقبول ٹھہریں گے۔ استثنا 28 :1- 2۔ پولس کے زمانے میں بعض یہودی ابرہام کی مثال بھی پیش کرتے تھے۔ اُن کے نزدیک ابرہام نے خدا کے احکام کی ایسی کامل فرمانبرداری کی تھی کہ خدا نے اُسے اپنے حضور ایک مثالی راستباز شخص قرار دیا اور تمام یہودیوں کا باپ بننے کے لائق ٹھہرایا۔ لیکن پولس اپنے یہودی بھائیوں کو یقین دلاتا ہے کہ ایمان کی اہمیت پر زور دینے کا مطلب یہ نہیں کہ وہ شریعت یا ابرہام کی اہمیت کو رد کر رہا ہے۔ بلکہ وہ دونوں کی قدر و منزلت کو برقرار رکھتا ہے۔ رومیوں 3: 31۔ پولس عبرانی صحائف کی طرف توجہ دلاتے ہوئے واضح کرتا ہے کہ ابرہام خدا کے حضور اپنی فرمانبرداری کے باعث راستباز نہیں ٹھہرا تھا بلکہ اپنے ایمان کے سبب راستباز ٹھہرایا گیا تھا۔ اسی ایمان کے وسیلے سے اُسے آنے والی نسلوں کی برکت کا وعدہ بھی ملا۔ رومیوں 4: 1 - 3 اور پیدائش 15: 6۔ اسی طرح اسرائیل کا عظیم بادشاہ داؤد بھی اس حقیقت کو سمجھتا تھا کہ جب ہم خدا کے احکام کی نافرمانی کرتے ہیں تو اپنے اعمال کے ذریعے دوبارہ اُس کے حضور راستباز نہیں ٹھہر سکتے۔ بلکہ ہمیں ایمان کے ساتھ خدا سے رحم اور معافی مانگنی چاہیے تاکہ وہ ہمارے گناہوں کے مطابق سزا دینے کے بجائے اپنے فضل سے ہمیں معاف کرے اور اپنے حضور مقبول ٹھہرائے۔ رومیوں 4: 4 -8۔ یوں عبرانی صحائف کی یہ عظیم شخصیات اس حقیقت کی گواہی دیتی ہیں کہ خدا کی قوم محض شریعت کی مثالی فرمانبرداری کے باعث نہیں بلکہ ایمان کے وسیلے سے خدا کے حضور راستباز ٹھہرائی جاتی ہے۔
اور یہ اصول صرف یہودیوں تک محدود نہیں ہے۔ پولس رسول واضح کرتا ہے کہ ابرہام کو خدا کے حضور راستباز ٹھہرائے جانے اور اولاد کی برکت کا وعدہ اُس وقت نہیں ملا تھا جب اُس کا ختنہ ہوا بلکہ اُس وقت ملا تھا جب وہ ابھی غیر قوموں میں شمار ہوتا تھا۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ ابرہام صرف یہودیوں کا نہیں بلکہ تمام ایمان لانے والوں کا باپ ہے۔ خواہ وہ یہودی ہوں یا غیر قوموں سے تعلق رکھتے ہوں۔ ہر شخص ایمان کے وسیلے سے ابرہام کے خاندان میں شامل ہو سکتا ہے اور خدا کی برکتوں میں شریک ہو کر اُس کے حضور راستباز ٹھہر سکتا ہے رومیوں 4: 9-12۔اگرچہ خدا کے احکام کی فرمانبرداری کرنا اچھی بات ہے لیکن یہودی شریعت کی فرمانبرداری کو خدا کے خاندان میں شامل ہونے کی لازمی شرط قرار دینا ابرہام سے کیے گئے خدا کے وعدے کو بے اثر کرنا اور اُس کی اہمیت کو گھٹانا ہے رومیوں 4: 13-14۔ عبرانی صحائف واضح طور پر بیان کرتے ہیں کہ یہودی اور غیر قوم دونوں ایمان کے وسیلے سے اپنے خالق کے حضور راستباز ٹھہرائے جاتے ہیں اور خدا کے خاندان میں شامل ہوتے ہیں رومیوں 4: 15-17۔
انجیل کہاں ہے۔
پولس رسول اپنی دلیل کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک حیرت انگیز حقیقت بیان کرتا ہے۔ وہ واضح کرتا ہے کہ ابرہام کا ایمان دراصل مُردوں کے جی اُٹھنے پر ایمان تھا۔ خدا نے ابرہام سے اُس کے بڑھاپے میں ایک بیٹے کا وعدہ کیا تھا۔ اُس وقت ابرہام اور اُس کی بیوی سارہ کے بدن اولاد پیدا کرنے کے اعتبار سے گویا مُردہ ہو چکے تھے۔ لیکن ابرہام کو ایمان تھا کہ خدا سارہ کے بانجھ رحم سے بھی ایک بیٹا پیدا کرنے کی قدرت رکھتا ہے رومیوں 4: 18-21۔ یہ مُردوں کو زندہ کرنے کی خدا کی قدرت اور اُس کے وعدہ کیے ہوئے بیٹے پر ایمان ہی تھا جس کے سبب ابرہام خدا کے حضور راستباز ٹھہرایا گیا۔ اسی طرح ہم بھی مُردوں میں سے جی اُٹھنے والے یسوع مسیح پر ایمان لانے کے وسیلے سے نئی زندگی حاصل کرتے ہیں اور خدا کے حضور راستباز ٹھہرائے جاتے ہیں تاکہ اُس کی بادشاہی میں داخل ہو سکیں رومیوں 4 :22-24۔ اگر آپ ایک عرصے سے یسوع مسیح کی پیروی کر رہے ہیں تو ممکن ہے کہ آپ یہ سوچنے لگیں کہ چونکہ آپ کی پرورش ایک مسیحی گھرانے میں ہوئی ہے یا آپ باقاعدگی سے کلیسیا کی عبادت میں شریک ہوتے ہیں اس لیے خدا کے ساتھ آپ کا تعلق درست ہے۔ لیکن محض ان باتوں کی بنیاد پر کوئی شخص خدا کے حضور راستباز نہیں ٹھہر سکتا۔ یہی وجہ ہے کہ پولس رسول اپنے یہودی قارئین کی اس غلط سوچ کی اتنی شدت سے مخالفت کرتا ہے کیونکہ یہ روحانی طور پر نہایت خطرناک ہے۔ جب ہم غرور اور خود اعتمادی میں مبتلا ہو جاتے ہیں تو دوسروں کو اپنے مقابلے میں کم راستباز سمجھ کر اُن کی عدالت کرنے لگتے ہیں۔ آخرکار ہم خود بھی اس شک میں پڑ سکتے ہیں کہ آیا ہم نے خدا کی خوشنودی حاصل کرنے کے لیے کافی نیک اعمال کیے ہیں یا نہیں۔ یہودیوں نے شریعت پر غلط بھروسا قائم کر رکھا تھا۔ وہ سمجھتے تھے کہ یہودی قوم سے تعلق رکھنا ہی اُنہیں خدا کے حضور مقبولیت اور تحفظ فراہم کرتا ہے۔ اسی طرح جب ہم یسوع مسیح کے وسیلے سے ملنے والی خدا کی مفت بخشش پر بھروسا کرنے کے بجائے اپنے اعمال یا مذہبی فرائض پر انحصار کرنے لگتے ہیں تو ہمارا وہ اعتماد کمزور ہونے لگتا ہے جو خدا ہمیں عطا کرنا چاہتا ہے۔ خدا ہر اُس شخص کو جو اُس کے مُردوں میں سے جی اُٹھنے والے بیٹے یسوع مسیح پر ایمان رکھتا ہے مکمل اور قطعی طور پر ہمیشہ کے لیے گناہوں کی معافی عطا کرتا ہے۔ اُسے اپنے حضور راستباز ٹھہراتا ہے اور اپنی بادشاہی میں داخل ہونے کا حق بخشتا ہے رومیوں 4: 25 ۔ چونکہ یہ سب کچھ ہماری فرمانبرداری یا نیک اعمال کی بنیاد پر نہیں بلکہ ایمان کے وسیلے سے عطا کیا جاتا ہے اس لیے ہم پورے یقین کے ساتھ بھروسا رکھ سکتے ہیں کہ ہم ہمیشہ خدا کے خاندان کا حصہ رہیں گے اور اُس کی بادشاہی میں شریک ہوں گے۔
خود غور کریں۔
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی روحانی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو پہچان سکیں جو تمام لوگوں کو ایمان کے وسیلے سے نجات بخشتا ہے۔ اور آپ یسوع مسیح کو اُس نجات دہندہ کے طور پر جان سکیں جس نے ہمارے لیے اپنی جان دی اور مُردوں میں سے جی اُٹھا تاکہ ہمیں موت کی قدرت سے آزاد کرے اور خدا کے حضور راستباز ٹھہرائے۔

