اصل میں کیا ہو رہا ہے
پولس رسول ابھی یہ بیان کر چکا ہے کہ تمام انسانوں نے اپنے خالق کو رد کر دیا ہے اور اِس کے نتیجے میں خدا نے اُنہیں اُن کی اپنی تباہ کن روش اور موت کے حوالے کر دیا ہے۔ تاہم بہت سے یہودی یہ سمجھتے تھے کہ خدا کے ساتھ اُن کا تعلق باقی انسانوں کی طرح خراب نہیں ہوا۔ خدا نے اسرائیل کے ساتھ ایک خاص عہد باندھا تھا۔ اُس نے اُنہیں زندگی گزارنے کے لیے شریعت دی اور ختنہ کو ایک خاص نشان کے طور پر مقرر کیا تاکہ وہ دوسری قوموں سے الگ پہچانے جائیں۔ خدا نے یہ وعدہ بھی کیا تھا کہ جب اُس کی بادشاہی پوری طرح قائم ہوگی تو اسرائیل کو دی گئی شریعت ایک دن پوری دنیا پر حکمرانی کا معیار بنے گی۔ لیکن پولس رسول کہتا ہے کہ خدا کے ساتھ یہودیوں کا تعلق بھی باقی انسانوں کی طرح بگڑ چکا ہے۔ یہودی بھی دنیا کے باقی لوگوں کی طرح ناراست اور بُت پرستی میں گرفتار ہیں۔ رومیوں 2: 1-3۔ یہ سچ ہے کہ خدا نے یہودیوں کو اپنے ساتھ ایک خاص تعلق عطا کیا تھا لیکن اِس کا یہ مطلب نہیں کہ وہ خود بخود خدا کے حضور راستباز ٹھہر جاتے ہیں یا شریعت کی نافرمانی کے باوجود بے قصور سمجھے جاتے ہیں۔ رومیوں 2 :4۔ حقیقت یہ ہے کہ یہودی بھی مسلسل خدا کی شریعت کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ رومیوں 2: 5۔ خدا تمام انسانوں کی عدالت کرتا ہے نہ کہ صرف غیر قوموں کی۔ محض خدا کی شریعت کا علم رکھنا یا اُسے اپنے پاس رکھنا کسی کام کا نہیں خاص طور پر جب اُس کی تعلیمات کو تسلیم نہ کیا جائے اور اُن پر عمل نہ کیا جائے۔ رومیوں 2: 6-11۔ اِس لیے یہودی صرف شریعت رکھنے کی وجہ سے خدا کی عدالت سے بچ نہیں سکتے۔ رومیوں 2 :12-16۔
بلکہ حقیقت یہ ہے کہ خدا نے یہودیوں پر اپنی مرضی کو جس وضاحت اور تفصیل کے ساتھ ظاہر کیا تھا اُس نے خدا کے حضور اُن کی قصورواری کو اور بھی بڑھا دیا ہے۔ وہ غرور سے یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ دنیا کے لیے خدا کی شریعت کو صرف وہی جانتے ہیں لیکن خود سب سے پہلے اُسی شریعت کی خلاف ورزی کرتے ہیں۔ رومیوں 2: 17-24۔ یہاں تک کہ ختنہ بھی جو خدا کی عہد کی قوم سے تعلق رکھنے کی ایک اہم نشانی تھا یہودیوں کو باقی دنیا کے لوگوں پر کوئی برتری نہیں دیتا۔ جب کوئی یہودی خدا کی شریعت کے کسی ایک حکم کی بھی خلاف ورزی کرتا ہے تو اُس کا ختنہ بے ختنہ ٹھہرتا ہے۔ اِس کے برعکس پولس رسول سوال کرتا ہے کہ اگر کوئی نامختون شخص خدا کی شریعت پر عمل کرتا ہے تو کیا خدا اُسے اپنی قوم کا حقیقی رکن نہیں سمجھے گا۔ پولس رسول اِس بات پر زور دیتا ہے کہ نہ خدا کی شریعت کا حامل ہونا اور نہ ختنہ کروانا یہودیوں کو باقی دنیا کے مقابلے میں اپنے خالق کے حضور زیادہ راستباز ٹھہراتا ہے۔ رومیوں 2: 25-29۔
انجیل کا پیغام کہاں ہے
پولس رسول جانتا تھا کہ اُس کے یہودی قارئین یہ سمجھ سکتے ہیں کہ وہ یہودی ہونے یا ختنہ کروانے کی کوئی اہمیت نہیں سمجھتا۔ لیکن پولس رسول کہتا ہے کہ ایسا ہرگز نہیں ہے۔ سب سے پہلے خدا نے اپنے کلام اور شریعت کے وسیلے سے یہودیوں کو ایک ابدی بادشاہی کا وعدہ عطا کیا تھا۔ رومیوں 3 :1-2۔ اُن کی نافرمانی کے باوجود خدا اپنی قدیم قوم کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو وفاداری سے پورا کرتا رہا ہے۔ رومیوں 3:3-8۔ بے شک تمام انسانوں نے خدا اور اُس کی شریعت کو رد کر دیا ہے اور وہ اپنے اُس خالق کے مخالف ہو گئے ہیں جس نے اُنہیں زندگی بخشی۔ رومیوں 3 :9-18۔ خدا کے ساتھ یہ بگڑا ہوا تعلق تمام انسانوں میں پایا جاتا ہے اور یہاں تک کہ خدا کی برگزیدہ قوم بھی اپنی شریعت اور خاص نشانیوں کے باوجود اُس راستباز بادشاہی میں داخل نہیں ہو سکتی جسے خدا قائم کر رہا ہے۔ رومیوں 3: 19-20۔ لیکن یہی وجہ ہے کہ یسوع مسیح آیا۔ وہ اِس لیے آیا تاکہ اُس پر ایمان لانے والے تمام انسان اپنے خالق کے حضور راستباز ٹھہر سکیں اور خدا کی اُس ابدی بادشاہی میں داخل ہو سکیں جہاں عدل اور راستبازی کا راج ہوگا۔ رومیوں 3 :21-23۔
لیکن شاید آپ کے ذہن میں یہ سوال ہو کہ یسوع مسیح خدا کے ساتھ میرے بگڑے ہوئے تعلق کو کیسے بحال کرتا ہے۔ اور مجھے اپنے خالق کے حضور راستباز ٹھہرانے کے لیے یسوع مسیح کا مرنا کیوں ضروری تھا۔ پولس رسول آگے چل کر انہی سوالات کا جواب دیتا ہے۔ وہ وضاحت کرتا ہے کہ جب یسوع مسیح صلیب پر مرا تو اُس نے کفارے کی قربانی کے طور پر اپنی جان دی۔ رومیوں 3:25-26۔ یہاں پولس رسول احبار کی کتاب میں بیان کردہ یومِ کفارہ کی ایک خاص رسم کی طرف اشارہ کرتا ہے۔ اُس دن ایک برہ ذبح کیا جاتا تھا اور اُس کا خون اسرائیل کے خیمہ اجتماع میں چھڑکا جاتا تھا تاکہ وہ پاک ہو جائے۔ علامتی طور پر اُس جانور کی جان اسرائیلیوں کے گناہوں اور اُن کے تباہ کن اعمال کے نتیجے میں آنے والی موت کا کفارہ بنتی تھی۔ اِس قربانی کے وسیلے سے خدا کے لوگ آنے والے سال کے لیے اُس کے حضور مقبول ٹھہرتے تھے۔ احبار 16۔ تاہم کسی جانور کی جان اُس موت کا مکمل کفارہ نہیں دے سکتی تھی جو انسانوں نے اپنے گناہوں اور اعمال کے ذریعے دنیا میں پھیلائی تھی۔ پولس رسول یہاں تک کہتا ہے کہ خدا نے صدیوں تک انسانوں کے تباہ کن اور موت کا باعث بننے والے اعمال کو سزا دیے بغیر برداشت کیا۔ کفارے کے لیے قربان کیا جانے والا برہ اُس دن کی طرف اشارہ کرتا تھا جب یسوع مسیح ہماری موت کے بدلے اپنی جان دے گا۔ یسوع مسیح کے خون نے خدا کے لوگوں کو مکمل اور ہمیشہ کے لیے پاک کر دیا ہے اور اُس تمام موت کا کفارہ ادا کر دیا ہے جو ہم اپنے گناہوں کے ذریعے دنیا میں لے کر آئے ہیں۔ خدا کے لوگ ہمیشہ اُس کی کفارے کی قربانی پر ایمان رکھنے کے وسیلے سے اپنے خالق کے حضور راستباز ٹھہرائے گئے ہیں۔ خدا کے ساتھ اپنا تعلق بحال کرنے کے لیے ہمیں شریعت کے بہت سے احکام پر عمل کرنے کی ضرورت نہیں ہے۔ اور خدا کا شکر ہے کہ ہمیں ختنہ کروانے کی بھی ضرورت نہیں۔ بائبل کے ابتدائی صفحات ہی سے خوشخبری کا پیغام ایک ہی رہا ہے۔ جب ہم ایمان رکھتے ہیں کہ یسوع مسیح ہمارے گناہوں کا کفارہ ہے تو ہم اپنے خالق کے حضور راستباز ٹھہرائے جاتے ہیں اور اُس کی بادشاہی میں داخل ہونے کا حق پاتے ہیں۔
خود غور کریں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی روحانی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو پہچان سکیں جس نے اپنی راستبازی ظاہر کی ہے۔ اور آپ یسوع مسیح کو اُس ہستی کے طور پر پہچان سکیں جس نے اپنی قربانی کے وسیلے سے ہمیں خدا کے حضور راستباز ٹھہرایا ہے۔

