اصل میں کیا ہو رہا ہے
پولس رسول روم کی کلیسیا کے نام اپنے خط کا اختتام کرتے ہوئے وضاحت کرتا ہے کہ اُسے وہاں آنے میں اتنی دیر کیوں ہوئی۔ وہ اپنے آئندہ سفری منصوبوں کے بارے میں بتاتا ہے اور آخر میں ایمان داروں کی حوصلہ افزائی بھی کرتا ہے۔ پولس رسول کہتا ہے کہ روم کے مسیحیوں کی ایمانداری اور وفاداری اُس کے لیے بڑی حوصلہ افزائی اور خوشی کا باعث ہے۔ لیکن وہ یہ بھی جانتا ہے کہ اُس کا خط گہری اور سمجھنے میں مشکل سچائیوں سے بھرا ہوا ہے۔ پولس رسول وضاحت کرتا ہے کہ اُس نے اُنہیں اتنی بے باکی اور تاکید کے ساتھ تعلیم صرف اس لیے دی ہے کیونکہ اُسے پورا یقین ہے کہ خدا نے اُسے اسی خدمت کے لیے چنا ہے۔ رومیوں 15: 14-17۔ اُس کا بنیادی مقصد غیر قوموں کو انجیل کی خوشخبری سنانا اور اُنہیں خدا کے احکام پر عمل کرنا سکھانا ہے۔ رومیوں 15 :18۔ اُس نے گزشتہ بیس سال بحیرہ روم کے ساحلی علاقوں کے مختلف قصبوں اور شہروں میں کلیسیائیں قائم کرنے میں گزارے ہیں جہاں کے لوگوں نے پہلے کبھی یسوع مسیح کی خوشخبری نہیں سنی تھی۔ رومیوں 15: 19-21۔ یہی بنیادی وجہ ہے کہ اُسے روم آنے میں اتنا وقت لگ گیا۔
اب جبکہ یروشلیم سے اٹلی تک پولس رسول کی خدمت مکمل ہو چکی ہے تو وہ آخرکار اسپین جاتے ہوئے راستے میں روم آنے کے لیے تیار ہے۔ رومیوں 15 :22-24۔ لیکن افسوس کہ اُس کی روم آمد میں کچھ مزید تاخیر ہوگی کیونکہ پہلے اُسے یروشلیم واپس جانا ہے۔ اُسے یونان کی کلیسیاؤں کی طرف سے جمع کیا گیا ایک بڑا مالی عطیہ یروشلیم میں رہنے والے یسوع مسیح کے غریب پیروکاروں تک پہنچانا ہے۔ رومیوں 15 :25-26۔ پولس رسول وضاحت کرتا ہے کہ غیر قوموں کے ایمان داروں کے لیے اس خدمت میں مالی تعاون کرنا خاص طور پر مناسب ہے۔ اگر یہودی قوم نہ ہوتی تو غیر قوموں کو یسوع مسیح کے وسیلے سے حاصل ہونے والی روحانی برکات میں شریک ہونے کا موقع نہ ملتا۔ اس لیے یہ بالکل مناسب ہے کہ جب اُن کے یہودی بھائی بہن ضرورت مند ہوں تو غیر قوموں کے ایمان دار مالی طور پر اُن کی مدد کریں۔ رومیوں 15: 27۔ جب یہ عطیہ یروشلیم پہنچا دیا جائے گا تو پولس رسول آخرکار روم کا سفر کرے گا جہاں اُسے امید ہے کہ وہاں کے ایمان دار اسپین میں انجیل کی منادی کے لیے اُس کی مدد اور تعاون کریں گے۔ اُس کی آمد کا انتظار کرتے ہوئے پولس رسول اُنہیں اپنے لیے دعا کرنے کی ترغیب دیتا ہے کیونکہ یروشلیم میں اُس کے بہت سے مخالفین ہیں اور اُسے خدا کی حفاظت کی ضرورت ہے۔ رومیوں 15 :28-32۔
اس کے بعد پولس رسول روم کے ایمان داروں سے درخواست کرتا ہے کہ وہ اُس کی طرف سے کم از کم 26 مختلف افراد اور دو خاندانوں اور تین گھریلو کلیسیاؤں کو خصوصی سلام پہنچائیں۔ رومیوں 16 :1-16 اور 21-23۔ ان ناموں میں سب سے نمایاں بات یہ ہے کہ ان کا تعلق مختلف پس منظر سے ہے۔ ان میں یونانی اور یہودی نام بھی شامل ہیں اور معزز خاندانوں اور غلاموں کے نام بھی ہیں۔ اسی طرح ان میں مردوں اور عورتوں دونوں کے نام موجود ہیں۔ پولس رسول کے یہ سلام اُس خوشخبری کی متحد کرنے والی قدرت کو ظاہر کرتے ہیں جس کی وضاحت اُس نے اپنے پورے خط میں کی ہے۔ یسوع مسیح کے وسیلے سے یہودی اور غیر قومیں اور مرد اور عورتیں اور غلام اور اُن کے مالک سب خدا کی کلیسیا میں شامل ہیں۔ پولس رسول روم کی کلیسیا کو جھوٹے استادوں سے بھی خبردار کرتا ہے جو اس خط میں دی گئی تعلیمات کو کمزور کرنے اور وہاں تفرقہ پیدا کرنے کی کوشش کر سکتے ہیں جہاں یسوع مسیح نے اتحاد قائم کیا ہے۔ رومیوں 16 :17-20۔ پولس رسول اپنے خط کا اختتام حوصلہ افزائی کی دعا کے ساتھ کرتا ہے۔ اس دعا کے ذریعے وہ ایمان داروں کو یاد دلاتا ہے کہ جب وہ یسوع مسیح کی منادی کے لیے خود کو وقف کریں گے تو خدا خود اُنہیں اپنے احکام پر عمل کرنے کے لیے مضبوط کرے گا۔ رومیوں 16: 25-27۔
انجیل کا پیغام کہاں ہے
پولس رسول نے اپنے پورے خط میں اس بات کی وضاحت کی ہے کہ یسوع مسیح کی موت اور مُردوں میں سے جی اُٹھنے کی خوشخبری دنیا کے لیے کیا معنی رکھتی ہے۔ یسوع مسیح کی موت اور قیامت کے وسیلے سے خدا کی بادشاہی زمین پر آ گئی ہے اور یسوع مسیح نے اپنے لوگوں کو گناہ اور موت کی قوت سے نجات بخشی ہے۔ اب یہودی اور غیر قوموں کے لوگ مل کر ایک متحد خاندان بن گئے ہیں۔ یہ سچائیاں اس بات کا تقاضا کرتی ہیں کہ ایمان داروں کے ایک دوسرے کے ساتھ تعلقات اور برتاؤ میں بنیادی تبدیلی آئے۔ ایک دوسرے کے ساتھ اپنے تعلقات کی بنیاد اخلاقی معیار یا نسلی پس منظر پر رکھنے کے بجائے یسوع مسیح کے پیروکار ایک دوسرے سے قربانی کی محبت رکھتے ہیں۔ بالکل اُسی طرح جیسے یسوع مسیح نے اُن سے محبت کی اور اُن کے لیے اپنی جان قربان کر دی۔ رومیوں 12 :1-2۔
ایک دوسرے سے قربانی کی محبت رکھنے کی بلاہٹ نہایت بلند اور مشکل تقاضا ہے۔ شاید یہی وجہ ہے کہ پولس رسول اپنے خط کے اختتام پر کی گئی دعا میں ہمیں مسیحی زندگی کی ایک نہایت اہم سچائی یاد دلاتا ہے۔ اس دعا میں وہ خدا سے درخواست کرتا ہے کہ وہ ہمیں اُس خوشخبری میں مضبوطی سے قائم رکھے جس کی وضاحت پولس رسول نے اپنے پورے خط میں کی ہے۔ رومیوں 16: 25۔ یہ خدا سے ایک درخواست ہے کہ وہ ہمیں انجیل کی اُس خوشخبری میں مضبوطی سے قائم رکھے جسے ہم بہت آسانی سے بھول جاتے ہیں۔ پولس رسول کی آخری دعا یہی ہے کہ ہم کبھی نہ بھولیں کہ گناہ اور موت کا اب ہم پر اختیار نہیں رہا۔ وہ نہیں چاہتا کہ ہم یہ بھول جائیں کہ خدا کا روح ہمارے اندر سکونت کرتا ہے اور خدا نے یسوع مسیح کے وسیلے سے ہمیں وہ سب کچھ عطا کیا ہے جس کی ہمیں اُس کے احکام پر عمل کرنے اور ایک دوسرے سے محبت رکھنے کے لیے ضرورت ہے۔ اس لیے اگر آپ یسوع مسیح کے احکام پر عمل کرنے کی مشکلات کے باعث بے حوصلہ محسوس کرتے ہیں تو انجیل کی خوشخبری کو یاد رکھیں۔ یسوع مسیح نے آپ کو معاف کر دیا ہے۔ یسوع مسیح آپ کے ساتھ ہے اور وہی آپ کو اپنے احکام پر عمل کرنے کی قوت بھی بخشے گا۔
خود غور کریں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی روحانی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو پہچان سکیں جس نے آپ کو اپنا روح عطا کیا ہے۔ اور آپ یسوع مسیح کو اُس نجات دہندہ کے طور پر دیکھ سکیں جس نے ہمیں ہمیشہ کے لیے گناہ اور موت کی قوت سے آزاد کرنے کی خاطر اپنی جان قربان کر دی۔

