اصل میں کیا ہو رہا ہے
روم کی کلیسیا میں دو گروہوں کے درمیان کشیدگی بڑھ رہی تھی۔ ایک گروہ اپنے آپ کو زورآور کہتا تھا جبکہ دوسرے گروہ کو کمزور سمجھا جاتا تھا۔ کمزور ایماندار غالباً یہودی مسیحیوں کی ایک چھوٹی جماعت تھے جبکہ زورآور ایمانداروں کی اکثریت غیر قوموں سے تعلق رکھتی تھی۔ اُن کے درمیان اختلاف خاص طور پر کھانے پینے اور مخصوص تہواروں کے بارے میں تھا۔ کمزور ایماندار عہدِ عتیق میں دی گئی یہودی شریعت کی فرمانبرداری کرنے کی کوشش میں گوشت کھانے اور مے پینے سے پرہیز کرتے تھے اور یہودی تہوار بھی مناتے رہتے تھے۔ لیکن زورآور ایماندار اپنے ضمیر کے مطابق گوشت کھانے اور مے پینے اور یہودی تہوار نہ منانے کی آزادی محسوس کرتے تھے۔ رومیوں 14: 2 اور 14 :5 اور 14: 21۔ وہ اپنے عقیدے کے بارے میں اتنے پُریقین تھے کہ کمزور ایمانداروں کو بھی اپنے سخت مذہبی طریقوں کو چھوڑنے پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتے تھے خواہ اِس سے اُنہیں اپنے ضمیر کے خلاف ہی کیوں نہ جانا پڑے۔ اصولی طور پر پولس رسول زورآور ایمانداروں سے اتفاق کرتا ہے۔ اِن معاملات میں ایمانداروں کو اپنے ضمیر کے مطابق فیصلہ کرنے کی آزادی ہے۔ رومیوں 14: 14 اور 14 :20۔ تاہم پولس رسول اِس بات سے اتفاق نہیں کرتا کہ زورآور ایماندار اِن اختلافی معاملات کی وجہ سے کلیسیا میں تفرقہ پیدا کریں۔ اپنے ذاتی عقائد کی بنیاد پر کلیسیا میں تقسیم پیدا کرنے کے بجائے زیادہ اہم بات یہ ہے کہ ایماندار ایک دوسرے سے محبت رکھیں اور ایک دوسرے کو قبول کریں اور خوش دلی سے اپنے درمیان جگہ دیں تاکہ سب مل کر یسوع مسیح کی پیروی کر سکیں۔ رومیوں 14 :1-2 اور رومیوں 15: 7۔
خدا نے کمزور اور زورآور دونوں ایمانداروں کو اپنے خاندان میں شامل کیا ہے۔ اِس لیے جو شخص گوشت کھاتا ہے اُسے اپنے اُس ایمانی بھائی یا بہن پر الزام نہیں لگانا چاہیے جو گوشت نہیں کھاتا۔ اِسی طرح جو لوگ بعض کھانوں اور مے سے پرہیز کرتے ہیں اُنہیں بھی اُن لوگوں پر الزام نہیں لگانا چاہیے جو اِن چیزوں سے لطف اندوز ہوتے ہیں۔ کیونکہ ہمارا منصف صرف خدا ہے۔ رومیوں 14 :3-4۔ دوسروں پر الزام لگانے اور اپنی رائے اُن پر مسلط کرنے کے بجائے پولس رسول کہتا ہے کہ تمام ایمانداروں کو یہ آزادی دی جانی چاہیے کہ وہ خدا کے حضور اپنے ضمیر کے مطابق عمل کریں۔ رومیوں 14 :5-7۔ کیونکہ یسوع مسیح ہمارے لیے مرا اور مُردوں میں سے جی اُٹھا اور اب تمام انسانوں کا حتمی منصف ہے۔ ضمیر سے متعلق اختلافی معاملات میں دوسروں پر الزام لگانا مناسب نہیں کیونکہ یسوع مسیح ہی وہ خداوند ہے جس کے حضور اُس کے تمام پیروکاروں کو اپنے اعمال کا حساب دینا ہوگا۔ رومیوں 14: 8-12۔
دوسروں پر الزام لگانے کے بجائے یسوع مسیح کے زورآور پیروکاروں کو چاہیے کہ وہ اپنے کمزور ایمانی بھائیوں اور بہنوں سے محبت رکھنے اور اُن کی حوصلہ افزائی کرنے کے لیے خود کو وقف کر دیں۔ رومیوں 14: 13-14۔ زورآور ایمانداروں کو گوشت کھانے اور مے پینے کی اپنی آزادی استعمال کرنے پر قصوروار محسوس نہیں کرنا چاہیے۔ لیکن اُنہیں اپنی آزادی کا ایسا اظہار بھی نہیں کرنا چاہیے جس سے اُن لوگوں کے ایمان اور یقین کو ٹھیس پہنچے جو خلوصِ دل سے یسوع مسیح کی پیروی کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ رومیوں 14 :15-16 اور رومیوں 14 :20-21 اور رومیوں 14: 23۔ مسیحی جماعت کی پہچان اِس بات سے نہیں ہوتی کہ اُس کے لوگ کیا کھاتے یا پیتے ہیں بلکہ اِس بات سے ہوتی ہے کہ وہ ایک دوسرے سے کس طرح محبت رکھتے ہیں اور باہمی تعلقات کیسے قائم کرتے ہیں۔ اپنی آزادیوں کا سب کے سامنے دفاع کرنے کے بجائے زورآور ایمانداروں کو چاہیے کہ وہ باہمی اتحاد اور صلح کے طالب رہیں اور اپنی آزادی کو ذاتی طور پر استعمال کریں اور کمزور ایمانداروں کی خاطر بعض چیزوں سے پرہیز کریں۔ رومیوں 14: 19 اور رومیوں 14 :21-22۔ پھر پولس رسول کہتا ہے کہ یہ محض ایک مشورہ نہیں بلکہ زورآور ایمانداروں کی ذمہ داری ہے۔ رومیوں 15:1-2۔ جس طرح یسوع مسیح نے دوسروں کی بھلائی کے لیے اپنی جان دی اُسی طرح زورآور ایمانداروں کو بھی اپنی کلیسیا میں اتفاق اور اتحاد قائم رکھنے کے لیے اپنی آزادیوں اور ذاتی خوشیوں کو قربان کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ رومیوں 15: 3-6
انجیل کا پیغام کہاں ہے
پولس رسول اپنے خط کے اِس حصے کا اختتام تمام ایمانداروں کو خواہ وہ زورآور ہوں یا کمزور اِس بات کی نصیحت کرتے ہوئے کرتا ہے کہ وہ ایک دوسرے کو اپنی کلیسیا میں اُسی طرح قبول کریں جس طرح یسوع مسیح نے اُنہیں خدا کے خاندان میں قبول کیا ہے۔ رومیوں 15:7۔ ایک دوسرے کو قبول کرنے کے لیے اُن کی قربانی دینے کی آمادگی یسوع مسیح کی قربانی کا عملی اظہار ہوگی اور اِس بات کا ثبوت بھی کہ خدا اپنے قدیم وعدوں کو پورا کرنے میں وفادار رہا ہے۔ رومیوں 15:8۔ پیدایش کی کتاب میں خدا نے وعدہ کیا تھا کہ وہ یہودیوں اور غیر قوموں دونوں کو ایک ہی خاندان میں شامل کرے گا۔ پیدایش 12:1-3 اور پیدایش 15:5-6۔ روم کی کلیسیا جس میں غیر قوموں سے تعلق رکھنے والے زورآور ایماندار اور یہودیوں میں سے کمزور ایماندار اور مختلف پس منظر سے تعلق رکھنے والے دوسرے لوگ شامل تھے اِس بات کا زندہ ثبوت تھی کہ خدا اپنے اُن قدیم وعدوں کو پورا کرنے میں وفادار رہا ہے۔
پولس رسول عبرانی صحائف کے چار مزید حوالوں کا ذکر کرتا ہے جو واضح کرتے ہیں کہ ابتدا ہی سے خدا کا منصوبہ یہ تھا کہ یہودی اور غیر قومیں ایک ہی خاندان میں شامل ہوں۔ استثنا 32: 43 اور زبور 18: 49 اور زبور 117: 1 اور یسعیاہ 11: 10۔ جب ایماندار خواہ وہ زورآور ہوں یا کمزور شدید اختلافات کے باوجود ایک دوسرے سے محبت رکھتے ہیں تو وہ دنیا کے سامنے اِس بات کی گواہی دیتے ہیں کہ یسوع مسیح کا تمام قوموں تک پہنچنے کا مقصد حقیقت بن رہا ہے۔
ہماری زندگی میں بہت سے ایسے مواقع آئیں گے جب ہم یہ سمجھیں گے کہ ایمان پر عمل کرنے کا ہمارا طریقہ دوسروں کے مقابلے میں زیادہ دانشمندانہ اور بائبل کی تعلیمات کے زیادہ مطابق یا بہتر ہے۔ اور بعض اوقات ہم واقعی درست بھی ہوں گے۔ لیکن پولس رسول ہمیں بتاتا ہے کہ کسی اختلافی معاملے میں درست ہونا اِس بات کا جواز نہیں کہ ہم دوسروں پر الزام لگائیں یا اُن پر اپنی مرضی مسلط کریں یا کلیسیا میں تفرقہ پیدا کریں۔ اکثر محبت کی کمی اور دوسروں پر الزام لگانے کا رویہ کلیسیاؤں میں تقسیم پیدا کر دیتا ہے۔ حالانکہ خدا چاہتا ہے کہ کلیسیائیں دنیا کے سامنے اُس کے اُس عظیم منصوبے کی گواہی دیں جو ابتدا سے تمام انسانوں کو اپنے خاندان میں شامل کرنے کے لیے جاری ہے۔ اِس کے برعکس ہمیں بلایا گیا ہے کہ ہم دوسروں کی بھلائی کے لیے اپنی آزادیوں سے دستبردار ہونے کو تیار رہیں اور اپنی زندگیوں میں یسوع مسیح کی اُس قربانی کی پیروی کریں جو اُس نے دوسروں سے محبت کرنے اور اُنہیں قبول کرنے کے لیے دی۔ خواہ اِس کے لیے ہمیں خود کتنی ہی بڑی قیمت کیوں نہ ادا کرنی پڑے۔
خود غور کریں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو پہچان سکیں جس نے تمام انسانوں کو اپنے خاندان میں شامل کرنے کا وعدہ کیا ہے۔ اور آپ یسوع مسیح کو اُس ہستی کے طور پر دیکھ سکیں جس نے کمزوروں کو قبول کرنے کے لیے اپنی قوت اور آزادی کو قربان کر دیا۔

