کیا ہو رہا ہے؟
دلہن اپنے بستر پر ہے، غالباً کسی خواب سے جاگ رہی ہے۔ وہ اُس جگہ نظر ڈالتی ہے جہاں اُس کے محبوب کو سونا چاہیے تھا، مگر وہ اُسے وہاں نہیں پاتی (غزل الغزلات 3:1)۔
فوراً وہ بستر سے اُٹھ کھڑی ہوتی ہے، گھر سے باہر دوڑتی ہے اور شہر کی گلیوں میں بےقراری سے اُسے تلاش کرنے لگتی ہے (غزل الغزلات 3:2)۔ لیکن دو بار ہمیں یہ دل شکستہ کرنے والا ٹیک سنائی دیتا ہے، ”میں نے اُسے ڈھونڈا مگر نہ پایا۔“
وہ پہرے داروں کے پاس جاتی ہے، یعنی شہر کے محافظوں کے پاس، جن کا کام یہ دیکھنا ہے کہ گلیوں میں کون گھوم رہا ہے اور کون اندر باہر آ جا رہا ہے (غزل الغزلات 3:3)۔ لیکن اُن سے کوئی مدد نہیں ملتی۔ وہ اُن کے پاس سے آگے نکل جاتی ہے اور آخرکار اپنے دلہا کو پا لیتی ہے (غزل الغزلات 3:4 الف)۔ وہ اُسے تھام لیتی ہے اور اُس وقت تک نہیں چھوڑتی جب تک وہ دونوں دوبارہ ایک ساتھ بستر پر نہ آ جائیں (غزل الغزلات 3:4 ب)۔
جیسا اِس گیت میں پہلے بھی ہوا، محبت کے اِس شدید لمحے میں دلہن اپنی غیر شادی شدہ سہیلیوں کی طرف مُڑ کر اُنہیں آگاہ کرتی ہے کہ وہ خود کو جسمانی قربت کے سپرد نہ کریں جب تک وہ بھی بیاہی نہ جائیں (غزل الغزلات 3:5)۔
اور اگلا گیت جو ہم سنتے ہیں وہ دلہن کی شادی کے بارے میں ہے (غزل الغزلات 3:11)۔
وہ اپنے شوہر کا، جو شادی کے جلوس میں چلا آ رہا ہے، اسرائیل کے سب سے شاندار بادشاہ یعنی سلیمان کے سب سے شاندار لشکر سے موازنہ کرتی ہے (غزل الغزلات 3:7)۔ دلہا سلیمان کی مانند ہے جو نہایت قیمتی سامان سے بنے رتھ پر سوار ہوتا ہے (غزل الغزلات 3:9-10)۔
پھر، گویا یہ اُس کے عہد و پیمان کے الفاظ ہوں، دلہا اپنی دلہن کے حسن کی تعریف میں بہہ نکلتا ہے (غزل الغزلات 4:1 الف)۔ وہ سر سے پاؤں تک اُس کے حسن کی مدح کرتا ہے (غزل الغزلات 4:1 ب)۔ اور یہ نتیجہ نکالتا ہے کہ وہ بالکل خوبصورت ہے، اُس میں ایک بھی عیب نہیں (غزل الغزلات 4:7)۔
گیت اپنے سب سے بلند مقام پر پہنچتا ہے جب شوہر اور بیوی دونوں ایک دوسرے کو دعوت دیتے ہیں کہ آخرکار اپنے ازدواجی رشتے کو پورا کریں (غزل الغزلات 4:16)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
دلہن کا رات کے وقت اپنے غیر حاضر شوہر کو بےقراری سے تلاش کرنا اِس بات کی تصویر ہے کہ جب وہ لوگ جن سے ہم سب سے گہری محبت کرتے ہیں ہم سے دور ہوتے ہیں تو ہمارے دلوں کا کیا حال ہوتا ہے۔ ہم اُنہیں ڈھونڈ نکالنے اور دوبارہ اُن کے ساتھ ہونے کے لیے سب کچھ کر گزرتے ہیں۔
کچھ حیرت کی بات ہے کہ یسوع، یروشلیم میں بھیڑ سے اپنی شناخت اور اختیار کے بارے میں بات کرتے ہوئے، گویا دلہن ہی کے الفاظ دہراتا ہے۔ وہ کہتا ہے، ”تم مجھے ڈھونڈو گے مگر نہ پاؤ گے“ (یوحنا 7:34)۔ وہ اِس بارے میں بات کر رہا ہے کہ اپنے جی اُٹھنے کے بعد وہ واپس آسمان پر چڑھ جائے گا اور اُس کے شاگرد اُسے یاد کریں گے (یوحنا 7:33)۔
گلیوں میں تلاش کرنے والی دلہن کی مانند، ہم بھی یسوع کی واپسی کی آرزو اور انتظار میں ہیں (متی 25:6)۔
لیکن یسوع ہمارے لیے وہ کرتا ہے جو دلہن کے شوہر نے نہیں کیا۔ وہ ہمیں روحُ القدس میں خدا کی حضوری عطا کرتا ہے (یوحنا 16:7)۔ جس طرح دلہن دلہا کو تھام لیتی ہے، اُسی طرح روحُ القدس ہمیں تھامے رکھتا ہے یہاں تک کہ وہ ہمیں گھر پہنچا دے تاکہ ہم یسوع، اپنے دلہا، کے ساتھ ہوں (افسیوں 1:13-14)۔
یسوع سلیمان یا کسی بھی بادشاہ سے کہیں زیادہ شان و شوکت کے ساتھ واپس آئے گا (متی 12:42)۔
اُس کی واپسی شادی کے دن کی مانند ہو گی (مکاشفہ 21:2)۔ وہ دلہا ہو گا اور ہم دلہن ہوں گے (مکاشفہ 19:7)۔ یسوع سر سے پاؤں تک، دل اور جان کے آر پار ہمیں دیکھے گا اور ہم میں کوئی عیب نہ پائے گا (مکاشفہ 19:8)۔ ہم اپنی خود کی بنائی ہوئی شادی کی پوشاک میں نہیں بلکہ خود یسوع کے حسن اور نیکی میں ملبوس ہوں گے، جس نے صلیب پر اپنی موت کے ذریعے ہمارا بے داغ لباس خرید لیا (افسیوں 5:25-26)۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنی تلاش کرنے والی دلہن کے پاس آتا ہے۔ اور یہ کہ آپ یسوع کو اُس آنے والے دلہا کے طور پر دیکھیں جس نے ہمیں کامل طور پر خوبصورت بنا دیا ہے۔

