کیا ہو رہا ہے؟
غزل الغزلات کے اختتام میں ایک بے قابو آرزو موجیں مارتی ہے۔ ایک بار پھر دلہن اپنی اِس خواہش کا اظہار کرتی ہے کہ وہ اپنی محبت کے باغ میں اپنے آپ کو جسمانی طور پر دولہا کے سپرد کر دے (غزل الغزلات 7:12)۔
لیکن اُس کی آرزو ثقافت کی پابندیوں کے باعث ادھوری رہ جاتی ہے۔ وہ افسوس کرتی ہے کہ وہ سرِعام اپنے محبوب سے محبت کا اظہار نہیں کر سکتی (غزل الغزلات 8:1ب)۔ بظاہر اُس کے لیے یہ بھی قبول نہیں کیا جاتا کہ وہ اُس کے گال پر بوسہ دے، جیسے وہ اپنے کسی بھائی کو دے سکتی ہے (غزل الغزلات 8:1الف)۔
چنانچہ اُس کی خواہشیں ادھوری رہ جاتی ہیں۔ تکمیل کی یہ تڑپ—اور ساتھ ہی اُس کی کمی—دلہن کی اُس بار بار دہرائی جانے والی تنبیہ سے نمایاں ہوتی ہے جو وہ یروشلیم کی بیٹیوں کو دیتی ہے: “محبت کو نہ جگاؤ جب تک اُس کی خواہش نہ ہو” (غزل الغزلات 8:4)۔
دلہن ایک بار پھر اپنی آرزو کے بوجھ تلے کمزور ہوتی دکھائی دیتی ہے، اور سہارے کے لیے اپنے محبوب پر ٹیک لگاتی ہے، گویا وہ بیابان کے کسی طویل سفر سے لوٹ رہی ہو (غزل الغزلات 8:5)۔
پھر وہ اپنے محبوب کو اِس غزل کے سب سے مشہور حصوں میں سے ایک کے ساتھ پکارتی ہے۔
وہ اُس سے کہتی ہے کہ وہ اپنی مہر اُس کے دل اور بازو پر لگا دے اور اُسے اپنی ملکیت قرار دے (غزل الغزلات 8:6الف)۔ اُس کی آرزو کی شدت بڑھتی جاتی ہے جب وہ اعلان کرتی ہے کہ دولہا کے لیے اُس کی محبت موت کی مانند زور آور ہے (غزل الغزلات 8:6ب)۔ اپنے شوہر کی محبت کے لیے اُس کی غیرت کی تپش اُس جلتی ہوئی آگ جیسی غیرت کی مانند ہے جو خود خدا اپنی قوم کے لیے محسوس کرتا ہے (غزل الغزلات 8:6ج)۔ زمین کا سارا پانی اُسے بجھا نہیں سکتا (غزل الغزلات 8:7)۔
آخر میں وہ کہتی ہے کہ اُس کی محبت کسی بھی قیمت پر خریدی نہیں جا سکتی (غزل الغزلات 8:7ب)۔ سلیمان بادشاہ بھی اپنی ساری دولت کے باوجود اُسے اُس کی ایک سچی محبت سے خرید کر جدا نہیں کر سکتا (غزل الغزلات 8:12)۔
جب یہ غزل اپنے عروج کو پہنچتی ہے تو ہم توقع کر سکتے ہیں کہ اِس کا اختتام محبوب کے گلے لگنے پر ہوگا۔ لیکن اِس کے بجائے یہ ایک اَور ادھوری آرزو پر ختم ہوتی ہے۔ جیسا کہ اِس غزل میں کئی بار ہوا، شوہر پھر دور ہے، اور دلہن پکارتی رہ جاتی ہے کہ وہ لوٹ آئے (غزل الغزلات 8:14)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
سب سے عظیم محبوب کے بارے میں سب سے عظیم محبت کا گیت تکمیل کے بغیر ختم ہوتا ہے۔ یہ غزل نہایت مہارت سے یوں ترتیب دی گئی ہے کہ ہمارے اندر خدا کی آرزو جگا دے، خاص کر جیسا وہ ہمارے آسمانی شوہر—یسوع—میں ظاہر ہوا ہے۔
وہی ہے جس کے لیے ہماری جانیں حقیقت میں تڑپتی ہیں (زبور 84:2)۔
پھر بھی، دلہن کی مانند، ہماری ثقافتوں کی حدیں اور پابندیاں، متوقع رسم و رواج، حتیٰ کہ خود یہ دنیا، ہماری تلاش کو مسلسل ادھورا چھوڑ دیتی ہیں۔ اِسی لیے ہمیں اِس حقیقت کو مضبوطی سے پکڑنا چاہیے کہ یسوع اپنی محبت اور اُس محبت کے ہمارے تجربے کے درمیان ہر رکاوٹ پر غالب آ چکا ہے اور غالب آتا رہے گا (رومیوں 8:39)۔
اُس کی محبت واقعی موت سے زیادہ زور آور ہے۔ یہ یسوع کے بارے میں کوئی رومانی جذبہ نہیں بلکہ حقیقی اور ٹھوس سچائی ہے۔ ہم سے اپنی محبت سے مجبور ہو کر وہ ہمارے لیے مرا (یوحنا 3:16)۔ اور ہمارے لیے اُس کی محبت کے باعث، جو اُس کے باپ کی اُس کے لیے محبت کی قدرت سے پوری ہوئی، یسوع قبر سے جی اُٹھا۔
وہ ہمارے لیے پاک غیرت سے جلتا ہے، اور چاہتا ہے کہ ہم بھی جواب میں اُس سے محبت کریں (استثنا 4:24)۔ کوئی چیز، یہاں تک کہ دُکھ یا موت بھی، اُسے اِس سے روک نہیں سکتی کہ وہ اپنی ملکیت کی مہر اُن سب پر لگائے جو اُس پر ایمان لاتے ہیں (افسیوں 1:13)۔
لیکن ہم ابھی تک اُس کی واپسی کے منتظر ہیں۔ غزل الغزلات کی طرح پوری بائبل بھی تڑپ اور ادھوری آرزو کے گیت پر ختم ہوتی ہے (مکاشفہ 22:17)۔ دلہن کی مانند، ہم بھی محبت، توقع اور حمد سے بھرے ہوئے یسوع کا انتظار کریں۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو ہماری تمام آرزوؤں کو پورا کرتا ہے۔ اور یہ کہ آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہم سے موت کی حد تک محبت کرتا ہے اور دوبارہ واپس آ رہا ہے، اور اپنے ساتھ ابدی تکمیل لا رہا ہے۔

