کیا ہو رہا ہے؟
یہ عنوان، غزل الغزلات، عبرانی زبان میں ”سب سے بڑا گیت“ کہنے کا طریقہ ہے—جیسے بادشاہوں کا بادشاہ کا مطلب سب سے بڑا بادشاہ ہوتا ہے (غزل الغزلات 1:1)۔
غزل الغزلات عاشقانہ محبت کی شاعری ہے، جو شوہر اور بیوی کے درمیان کے جذبے کو اور اُس جنسی قربت کو بیان کرتی ہے جو جائز طور پر اُس کے ساتھ آتی ہے۔ اِس قسم کی تحریر بائبل کے مزاج سے میل نہ کھاتی محسوس ہو سکتی ہے، اور پڑھتے وقت شاید آپ شرما جائیں۔ لیکن یہ بےحد قیمتی ہے، کیونکہ یہ خدا کے ساتھ ہماری قربت کے بارے میں بھی بہت کچھ ظاہر کرتی ہے۔
اُس زمانے کے دوسرے مذاہب نے حقیقتاً جسمانی قربت کو الٰہی تجربے کے ساتھ ملا دیا تھا، جسے زرخیزی کے فرقے کہا جاتا ہے۔ بت خانوں کے کمرے کسبیوں کے ساتھ بدکاری سے بھرے رہتے تھے (1 کرنتھیوں 6:15)۔ جنسی قربت اُن کے لیے اپنے دیوتاؤں سے ملنے کا ایک ذریعہ تھی۔ لیکن ہمارا یہ گیت کسی اَور چیز کی تلاش میں ہے۔
گیت کا آغاز ایک عورت سے ہوتا ہے، جو اپنے محبوب سے اُس کے لیے اپنی تڑپتی آرزو کے بارے میں بات کرتی ہے۔ وہ اُس کے بوسوں اور اُس کی محبت کی تعریف کرتی ہے (غزل الغزلات 1:2)۔ وہ اُن خوشبودار تیلوں کا والہانہ ذکر کرتی ہے جن سے اُس نے خود کو معطر کیا ہے (غزل الغزلات 1:3)۔ اور وہ اُس سے التجا کرتی ہے کہ وہ اُسے اپنی خلوت گاہ میں لے جائے۔
لیکن حیرت انگیز طور پر ہم دیکھتے ہیں کہ وہ کسی عام آدمی سے نہیں بلکہ بادشاہ سے بات کر رہی ہے (غزل الغزلات 1:4 الف)۔ ”بادشاہ“ کا خطاب غالباً ایک اِستعارہ ہے کہ وہ عورت اپنے محبوب کو کِس قدر بلند سمجھتی ہے۔ ممکن ہے وہ محض ایک کسان ہو، لیکن اُس کے لیے وہ بادشاہ کی مانند ہے۔
اِس کے بعد ہمیں آوازوں کے ایک اَور گروہ سے متعارف کرایا جاتا ہے۔ گمنام تماشائیوں کا ایک چھوٹا گروہ عورت کی تعریف اور اُس مرد کے لیے اُس کی محبت کی تصدیق کرتا ہے (غزل الغزلات 1:4 ب)۔ ایک نہایت نجی گفتگو کے درمیان آوازوں کے اِس ہم سرا کا موجود ہونا عجیب ہوتا۔ اِسی لیے غالب امکان یہ ہے کہ ابتدائی آیات شادی کی ایک رسم بیان کرتی ہیں، اور ہم دلہن کی سہیلیوں کے تصدیقی گیت کے ساتھ ساتھ شادی کے عہد کے الفاظ سن رہے ہیں۔
پھر دلہن دوبارہ گیت اپنے ہاتھ میں لے لیتی ہے۔ وہ بتاتی ہے کہ کھیتوں میں برسوں کام کرنے سے اُس کی جِلد سانولی ہو گئی ہے، جو اُس زمانے میں سماجی لحاظ سے کم رتبے کی علامت تھی (غزل الغزلات 1:6)۔ لیکن دلہن اِسے کوئی نقص نہیں سمجھتی۔ بلکہ وہ اپنی جِلد کا موازنہ اُن پردوں سے کرتی ہے جو ہیکل میں خدا کی حضوری کو گھیرے ہوئے تھے (غزل الغزلات 1:5)۔ اُسے اپنی صورت پر کوئی شرم محسوس نہیں ہوتی، کیونکہ اُس کا بادشاہ اُس سے محبت رکھتا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
دلہن کا ابتدائی گیت وہ زبان اِستعمال کرتا ہے جو عموماً خدا کی ہیکل کے بارے میں بات کرنے کے لیے مخصوص ہے (خروج 30:37)۔ وہ دلہا کے ساتھ اپنی متوقع قربت کا موازنہ ہیکل میں خدا کی حضوری میں ہونے کی خوشی اور سیری سے کر رہی ہے (زبور 4:7)۔
عین آغاز میں ہی یہ سب سے بڑا گیت ہمیں چیلنج دیتا ہے کہ ہم خدا کی حضوری اور جنسی خواہش و قربت کے درمیان تعلق پر غور کریں (1 کرنتھیوں 6:13)۔
یہ ہماری سب سے بڑی سیری کی طرف اِشارہ کرتا ہے—یعنی خدا کی حضوری (زبور 84:2)۔ یہ سیری کسی جسمانی جنسی تعلق کے وسیلے سے نہیں ملتی۔ بلکہ خدا کی حضوری میں پائی جانے والی محبت جنسی سیری کو ماند کر دیتی ہے، جیسے بادشاہ کا جلال کسان کے جلال کو ماند کر دے گا۔
تو تعجب کی بات نہیں کہ یسوع ہمیں اپنی دلہن اور خود کو ہمارا دلہا کہتا ہے (متی 9:15)۔ وہ وہی دلہا ہے جو بادشاہ بھی ہے، ہمارا شوہر جو ہمارا خدا بھی ہے۔ وہ ہم سے اُن طریقوں سے محبت رکھتا ہے جو کسی بھی اَور شخص کی محبت سے کہیں بڑھ کر ہیں—اپنے خون کی بہتر مَے اور اپنے روح کے بہتر مسح کو اُنڈیل کر، تاکہ ہم جیسے شرمندہ اور کم رتبہ لوگوں کو اپنی سیر کرنے والی حضوری کی خلوت گاہ میں لے آئے (رومیوں 5:8)۔
ہمارے آسمانی شوہر کی حضوری ہیکل میں جانے کی مانند نہیں ہے۔ یہ اُس سے بہتر ہے۔ ہم ہی اُس کی ہیکل ہیں۔ روح القدس ہم میں سکونت کرتا ہے اور خدا کے ساتھ مستقل قربت عطا کرتا ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کو وہ خدا دکھائے جس کی حضوری ہر جسمانی قربت سے زیادہ سیر کرنے والی ہے۔ اور یہ کہ آپ یسوع کو اُس دلہا کے طور پر دیکھیں جو آپ سے، اپنی دلہن سے، اِس قدر گہری محبت رکھتا ہے کہ اُس نے اپنی جان دے دی۔

