کیا ہو رہا ہے؟
کریتے کا جزیرہ رومی سلطنت کے لیے ایک اہم بندرگاہ تھا۔ دنیا بھر سے لوگ اِس جزیرے پر آتے تھے۔ اِس لیے پولُس رسول نے وہاں ایک کلیسیا قائم کی اور اپنے شاگرد ططس کو اُس کی نگرانی کے لیے وہاں چھوڑ دیا۔ لیکن کریتے اپنی سرکش، پُرتشدد اور بداخلاق ثقافت کے لیے بھی بدنام تھا (ططس 1:12)۔ اور پولُس کی غیر موجودگی میں کریتی اُستادوں کے ایک گروہ نے ططس کی کلیسیا پر اثر ڈالنا شروع کر دیا۔
یہ اُستاد اِس بات کی غلط سمجھ سے پیسہ کما رہے تھے کہ ایک بےدین دنیا میں دیندار ہونے کا مطلب کیا ہے (ططس 1:10-11)۔ دیگر باتوں کے علاوہ، وہ یہ دعویٰ کرتے تھے کہ یسوع کا دیندار پیروکار بننے کے لیے ایمان کافی نہیں، بلکہ ختنہ کرانا ضروری ہے۔ ایسی ثقافت میں جہاں عوامی غسل خانے اور بیت الخلا عام تھے، یہ کسی آدمی کے مذہبی یقین کا خاصا عوامی مظاہرہ ہوتا۔ یہ اِس بات کا عوامی ثبوت ہوتا کہ آپ اپنی ثقافت سے زیادہ دیندار ہیں۔
لیکن پولُس ططس سے کہتا ہے کہ اُن کو سختی سے ملامت کرے (ططس 1:13)۔ یہ تعلیم اُس نجات کا انکار ہے جو یسوع میں ظاہر ہوئی (ططس 1:3)۔ خدا نے یہ سچائی پہلے ہی ظاہر کر دی ہے کہ اُس کے گھرانے کا دیندار رُکن بننے کے لیے ختنہ ضروری نہیں (ططس 1:1-2)۔ اور مذہبی شناخت کے عوامی مظاہرے وہ طریقہ نہیں جس سے خدا ثقافتوں کو بدلتا ہے۔ یہ اُستاد جھوٹے ہیں۔ اُن کی تعلیمات ثابت کرتی ہیں کہ وہ حقیقت میں نہ خدا کو جانتے ہیں اور نہ یہ جانتے ہیں کہ وہ کیا چاہتا ہے (ططس 1:15-16)۔ اُن کے اِس دعوے کے باوجود کہ ختنہ آپ کو دیندار ٹھہراتا ہے، پولُس دکھاوے کے ختنے کو یسوع اور اُس کے پیغام کا انکار سمجھتا ہے۔ اِس طرح یہ اُستاد اُسی کریتی ثقافت کی طرح بداخلاق ٹھہرتے ہیں جس سے وہ اپنے آپ کو مختلف کہتے ہیں (ططس 1:12)۔
ططس کو ایسے قابل رہنما مقرر کرنے ہیں جو اِن جھوٹے اُستادوں کے خلاف تعلیم بھی دیں اور سچی دینداری کا نمونہ بھی پیش کریں (ططس 1:5)۔ اُن کی پہچان اُن کی بےعیبی اور اپنے گھرانوں کے ساتھ وفاداری ہونی چاہیے (ططس 1:6)۔ اپنے مخالفوں کے برعکس، اِن رہنماؤں کو اپنی قیادت کو دولت کمانے کے لیے استعمال نہیں کرنا چاہیے، بلکہ اِسے ایک عوامی موقع سمجھنا چاہیے کہ وہ حلم، ضبطِ نفس اور مہمان نوازی میں دولت مند ہوں (ططس 1:7)۔ لیکن سب سے اہم بات یہ کہ اِن رہنماؤں کو پورے بھروسے کے ساتھ یہ سچائی بھی سکھانی چاہیے کہ نجات اور دینداری دونوں صرف یسوع میں پائی جاتی ہیں (ططس 1:9)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
آج ہمارے درمیان ایسے اُستادوں کی کوئی کمی نہیں جو، اکثر نیک نیتی سے، یہ کہتے ہیں کہ ایک بےدین دنیا میں یسوع کے دیندار پیروکار کی نشانی یسوع پر بھروسہ کرنے سے کچھ بڑھ کر ہے۔ اور اپنی دینداری کے عوامی مظاہرے وہ طریقہ نہیں جس سے خدا چاہتا ہے کہ ہم اپنی دنیا کی بےدینی کا مقابلہ کریں۔ سچائی یہ ہے کہ یسوع ہمیں اور ہماری بےدین دنیا کو بچانے کے لیے بالکل اپنے ہی بل بوتے پر ظاہر ہوا (یوحنا 3:16)۔ اِس پیغام میں کسی بھی عمل کو ضروری قرار دے کر شامل کرنا وہی غلطی دہرانا ہے جو کریتی اُستادوں نے کی۔ یہ پیغام کافی ہے کہ ہماری نجات اور ہماری دینداری یسوع میں ظاہر ہوئی ہے۔ اور یہی ماننا اور یہی سکھانا کہ یہ بات سچ ہے، ایک بےدین دنیا میں دیندار ہونے کا مطلب ہے۔
اِس کا مطلب یہ ہے کہ ططس کی طرح ہمیں بھی اپنی کلیسیاؤں کے لیے ایسے رہنما چُننے چاہئیں جو اِس پر ایمان رکھتے اور اِسی کی تعلیم دیتے ہوں۔ ہمیں ایسے لوگوں کو اختیار سونپنے سے انکار کرنا چاہیے جو یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ ہماری بےدین دنیا میں دیندار ہونے کے لیے کچھ مخصوص مذہبی رسمیں یا سیاسی عقیدے ضروری ہیں۔ اِس کے بجائے ہمیں ایسے پاسبان، خادم اور کلیسیائی رہنما چُننے چاہئیں جو یسوع کی خوشخبری کو ہلکا کرنے سے انکار کرتے ہیں اور ایسی عوامی زندگی گزارتے ہیں جو اِس حقیقت کو ظاہر کرتی ہے۔
یسوع خدا کی عالمگیر کلیسیا کا حقیقی رہنما ہے۔ وہ اُن رہنماؤں کو سختی سے ملامت کرنے میں ہرگز ناکام نہیں ہو گا جو اخلاقی دکھاوے کے ساتھ اُس کے پیغام میں سمجھوتہ کرتے ہیں۔ اور ہمارے سب سے اعلیٰ اور اچھے رہنما ہونے کے ناطے، وہ ہمیں سچائی سکھانے میں بھی ناکام نہیں ہو گا، خواہ دوسرے ایسا کرنے سے انکار کریں (یوحنا 16:13)۔ اُس کی نجات ظاہر ہو چکی ہے، اور وہ ہمیشہ کی زندگی پیش کرتا ہے جو صرف اُس پر بھروسہ کرنے سے ہمیں دیندار بناتی ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو نجات دیتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو اپنی خوشی سے ظاہر ہوا تاکہ ایک بےدین دنیا میں اپنے لوگوں کو دیندار بنائے۔

