کیا ہو رہا ہے؟
1 سموئیل 13 - 15 اِس سوال کا جواب دیتا ہے: ”خدا نے ساؤل کو بادشاہ کے طور پر کیوں رد کیا؟“
اِس کا سیدھا سا جواب یہ ہے کہ خدا نے ساؤل کو اِس لیے رد کیا کیونکہ ساؤل نے خدا کو رد کیا۔ زیادہ واضح طور پر کہیں تو ساؤل نے خدا کے اُس کلام کو رد کیا جو خدا کے نبی سموئیل کے وسیلے سے اُس تک پہنچا تھا۔ فلستیوں کے خلاف جنگ سے عین پہلے ساؤل کو حکم ملا تھا کہ وہ سموئیل کا انتظار کرے، مگر اُس نے انتظار نہ کیا۔ اِس کے بجائے اُس نے نافرمانی کی اور خود ہی قربانی چڑھا دی، جیسا کہ 1 سموئیل 13: 9 میں لکھا ہے۔
چونکہ ساؤل نے خدا کی بات سننے سے انکار کیا، اِس لیے سموئیل اُسے بتاتا ہے کہ وہ اسرائیل میں ہمیشہ قائم رہنے والے شاہی خاندان کی امید کھو بیٹھا ہے، 1 سموئیل 13: 13۔ اُس کے بعد اُس کا بیٹا یونتن تخت پر نہیں بیٹھے گا۔ بلکہ تخت ایک ایسے شخص کو ملے گا جو ”خدا کے دل کے مطابق“ ہے، 1 سموئیل 13: 14۔ یہ افسوس کی بات ہے، کیونکہ یونتن ساؤل سے کہیں بہتر بادشاہ ثابت ہوتا۔
دشمن تعداد میں بھی زیادہ تھا اور ہتھیاروں میں بھی، پھر بھی یونتن دلیری سے جنگ میں اُترتا ہے۔ ناممکن حالات کے باوجود وہ خدا پر بھروسا رکھتا ہے، 1 سموئیل 14: 6۔ جس وقت یونتن خدا کی سن رہا ہے، اُسی وقت ساؤل خدا کے نبی کی جگہ اخیاہ کو لے آتا ہے۔ اخیاہ بے وفا کاہن عیلی کا پڑپوتا اور ایکبود کا بھتیجا تھا۔ ایکبود کے نام کا لفظی مطلب ہے ”خدا کی حشمت جاتی رہی“، 1 سموئیل 4: 21۔ ساؤل نے اپنے گرد ایسے لوگ جمع کر لیے تھے جو خدا کی آواز کے مخالف تھے۔
یونتن کے خدا پر ایمان کی بدولت اُسے معجزانہ فتح ملتی ہے، 1 سموئیل 14: 14 - 15۔ اِس کے برعکس ساؤل جلدبازی میں جنگ میں کود پڑتا ہے۔ وہ اپنے جھوٹے کاہن سے مشورہ کیے بغیر ہی بےسوچے سمجھے اپنے سپاہیوں پر روزہ لازم کر دیتا ہے، 1 سموئیل 14: 19، 24۔ اُس کی اِس جلدباز قیادت کا نتیجہ یہ نکلتا ہے کہ اسرائیل کا بھوکا لشکر آخرکار جب کھانا کھاتا ہے تو گناہ کر بیٹھتا ہے، 1 سموئیل 14: 33۔
اِس سے بھی زیادہ افسوسناک بات یہ ہے کہ جب ساؤل آخرکار دعا کرنے کی کوشش کرتا ہے تو خدا اُسے جواب نہیں دیتا، 1 سموئیل 14: 37۔ اپنے گناہ کو تسلیم کرنے کے بجائے ساؤل خدا کی خاموشی کا الزام یونتن پر ڈالتا ہے اور اُسے مار ڈالنے کی کوشش کرتا ہے، 1 سموئیل 14: 44 - 45۔ عمالیقیوں کے خلاف جنگ میں یہی سب مسائل پھر سے سامنے آتے ہیں، جب ساؤل خدا کے ایک اَور حکم کی نافرمانی کرتا ہے، 1 سموئیل 15: 9۔
جب سموئیل اُس کا سامنا کرتا ہے تو ساؤل یہ ظاہر کرتا ہے کہ اُس کی نیت نیک تھی، 1 سموئیل 15: 21۔ مگر سموئیل ساؤل سے کہتا ہے کہ وہ اصل بات کو نہیں سمجھ رہا۔ خدا اُس کی فرمانبرداری چاہتا ہے، 1 سموئیل 15: 22۔ ساؤل کی مسلسل نافرمانی کا انجام یہ ہے کہ بادشاہی اُس کے ہاتھ سے چھین لی جائے گی اور کسی ایسے شخص کو دی جائے گی جو اُس سے بہتر ہے، 1 سموئیل 15: 28۔
انجیل کہاں ہے؟
خدا نے ساؤل کو اِس لیے رد کیا کیونکہ ساؤل نے خدا کے کلام کو رد کیا۔ ساؤل کی کہانی کا مقصد یہ ہے کہ ہمارے اندر ایک ایسے بادشاہ کی شدید تڑپ پیدا ہو جو خدا کے دل کے مطابق بھی ہو اور خدا کی آواز بھی سنے، 1 سموئیل 13: 14۔
اِس نئے بادشاہ کو چاہیے کہ وہ جلدبازی میں ردِعمل نہ دکھائے بلکہ دعا کے ساتھ قدم اُٹھائے۔ اُسے گناہوں کی ذمہ داری قبول کرنی چاہیے، نہ کہ الزام دوسروں پر ڈالنا۔ اُسے اپنے لوگوں کو بھوکا نہیں رکھنا بلکہ اُنہیں کھلانا چاہیے۔ مشکل وقت آنے پر اُسے خدا اور اُس کی مرضی کو رد نہیں بلکہ قبول کرنا چاہیے۔ اُسے خدا اور اُس کے کلام کو سننا چاہیے تاکہ وہ جانے کہ قربانی کیسے اور کب پیش کرنی ہے۔
اور وہ بادشاہ یسوع مسیح ہے۔ یسوع مسیح نے خدا کے کلام کی فرمانبرداری کی اور ہر حکم کو پورا کیا، متی 5: 17۔ اُس کا دل اور خدا کا دل ایک ہی ہے، عبرانیوں 1: 1 - 2۔ یسوع مسیح نے دعا کے ساتھ خدا کی راہنمائی کا انتظار کیے بغیر کچھ نہ کیا، یوحنا 5: 19۔ ایک اچھے راہنما کی طرح اُس نے اپنے لوگوں کو بچانے کے لیے انسان کے گناہ کے نتائج کو اپنے اوپر لے لیا، 2 کرنتھیوں 5: 21۔ یسوع مسیح یہاں تک کہ صلیب پر موت تک باپ کا فرمانبردار رہا، لوقا 22: 42۔ اپنی موت اور مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے وسیلے سے یسوع مسیح نے گناہ اور موت کی اُن قوتوں پر فتح پائی جنہوں نے خدا کے لوگوں کو غلام بنا رکھا تھا۔ اور اُس نے وہ ابدی بادشاہی قائم کی جسے ساؤل کبھی قائم نہ کر سکا۔
اِس لیے ساؤل کی مانند نہ بنیں جس نے خدا کے کلام کو رد کیا۔ بادشاہ یسوع مسیح پر بھروسا رکھیں جو مجسم کلام ہے، اور وفاداری اور فرمانبرداری کے ساتھ اُس کی پیروی کریں۔ اُسی کے وسیلے سے ہمیں اُس ابدی بادشاہی میں قبول کیا جاتا ہے جسے خدا نے ہمیشہ کے لیے قائم کیا ہے۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو فرمانبرداری کو پسند کرتا ہے۔ اور آپ یسوع مسیح کو ہمارے اُس فرمانبردار بادشاہ کے طور پر جان سکیں جو ابد تک حکمرانی کرتا ہے۔

