کیا ہو رہا ہے؟
قضاۃ کی کتاب کے زمانے سے اسرائیل کے رہنما بدتر ہی ہوتے چلے گئے ہیں۔ لیکن چھوٹا لڑکا سموئیل جلد ہی عیلی اور اُس کے بیٹوں، حُفنی اور فینحاس کی شریر قیادت کی جگہ لے لے گا (1 سموئیل 2:12)۔
عیلی کے بیٹے خدا کی قربانیوں کے بہترین حصے چُرا لیتے ہیں اور جو کوئی اُنہیں روکنے کی کوشش کرتا ہے اُسے دھمکاتے ہیں (1 سموئیل 2:16)۔ لیکن سموئیل حلیمی سے خداوند کی خدمت کرتا ہے، اُن کپڑوں میں ملبوس جو اُس کی ماں محبت سے بنا کر دیتی تھی (1 سموئیل 2:18-19)۔ اِس کے جواب میں خدا سموئیل کو برکت دیتا ہے، مگر حُفنی اور فینحاس کو ہلاک کرنے کا وعدہ کرتا ہے (1 سموئیل 2:25ب-26)۔ خدا کے مقاصد کی تصدیق کے لیے ایک نبی آتا ہے اور عیلی کو بتاتا ہے کہ اُس کا گھرانا جلد مر جائے گا اور اُن کے آخری برس غریبی میں کٹیں گے (1 سموئیل 2:31، 36)۔
پھر، دہائیوں کی خاموشی کے بعد، سموئیل خدا کو بولتے ہوئے سنتا ہے۔ وہ حلیمی سے سنتا ہے (1 سموئیل 3:1ب، 10)۔ پیچھے استثنا میں ہمیں بتایا گیا ہے کہ نبی وہی ہوتے ہیں جو خداوند کا کلام سنتے اور دوسروں تک پہنچاتے ہیں (استثنا 18:18)۔ خدا کم عمر سموئیل کو اسرائیل کا اگلا نبی ہونے کے لیے بلا رہا ہے۔ اور جو کلام خداوند سموئیل کو دیتا ہے وہ ہلاکت کا وہی کلام ہے جو اُس نے عیلی کو تنہائی میں سنایا تھا (1 سموئیل 3:14)۔ عیلی اب جان گیا ہے کہ سموئیل اسرائیل کے رہنما کے طور پر اُس کی جگہ لے گا—اور جلد ہی پوری قوم بھی یہ جان لے گی (1 سموئیل 4:1الف)۔
حُفنی اور فینحاس فلستیوں کے خلاف ایک جنگ میں جلد ہی مارے جاتے ہیں۔ عہد کا صندوق، یعنی وہ جگہ جہاں خدا کی حضوری کو بسنا تھا، چھین لیا جاتا ہے (1 سموئیل 4:11)۔ عیلی، جو صندوق کا محافظ تھا، یہ خبر سنتے ہی مر جاتا ہے، اور سموئیل اُس کی جگہ لینے کے لیے تیار ہے (1 سموئیل 4:18)۔ خدا کا ہر ایک کلام پورا ہو گیا۔
خوشخبری کہاں ہے؟
عیلی کا زوال اور سموئیل کا اقتدار تک عروج اِس بات پر منحصر تھا کہ اُنہوں نے خداوند کے کلام کا کیا جواب دیا۔ عیلی، اِس لیے کہ وہ خداوند کے کلام کی فرمانبرداری کرنے اور اپنے بیٹوں کو اُس کی تعلیم دینے میں ناکام رہا، ذلیل کیا جاتا ہے۔ لیکن سموئیل نے، اگرچہ اُس نے پہلے کبھی خدا کا کلام نہ سنا تھا، حلیمی سے سنا اور وہ سرفراز کیا گیا (1 سموئیل 3:7)۔
یہ خیال کہ اسرائیل کی قیادت کا حق خداوند کے کلام کو سننے اور اُس پر عمل کرنے سے جڑا ہوا ہے، پوری کتابِ سموئیل میں سرتاسر ایک بڑا موضوع ہے۔ اِس کتاب کے دو مرکزی کردار، بادشاہ ساؤل اور بادشاہ داؤد، اِسی بنیاد پر اُٹھیں گے اور گریں گے کہ وہ اپنے نبیوں کی زبان سے آنے والے خدا کے کلام کا کیا جواب دیتے ہیں، اور اُن نبیوں میں سے پہلا سموئیل ہے۔
اور عبرانیوں کی کتاب میں ہمیں بتایا گیا ہے کہ یسوع خدا کا آخری نبی ہے (عبرانیوں 1:2)۔ بےعمل عیلی کے برعکس—مگر وفادار سموئیل کی مانند—یسوع خدا کا کلام ہم تک کامل طور پر پہنچاتا ہے (عبرانیوں 1:3)۔ پس اب ہماری ذلت یا ہماری سرفرازی اِس پر منحصر ہے کہ ہم یسوع کو، جو مجسم خدا کا کلام ہے، کیا جواب دیتے ہیں (یوحنا 1:14الف)۔
اور جیسے سموئیل اُس بدعنوان مذہبی نظام کی تبدیلی کی نمائندگی کرتا تھا جو اپنے ہی افراد کا ناجائز فائدہ اُٹھاتا تھا، ویسے ہی یسوع اور اُس کی بادشاہی ہر بدعنوان نظام، ہر خیال اور ہر تاریک قوت کے خاتمے کی نمائندگی کرتے ہیں (کلسیوں 2:15)۔ یسوع زندہ ثبوت ہے کہ چاہے ہماری حلیمی موت تک لے جائے، پھر بھی حلیم ہی سرفراز کیے جائیں گے اور مغرور ہی گرائے جائیں گے۔ پس عیلی اور اُس کے بیٹوں کی مانند نہ بنیں، جنہوں نے غرور میں خدا کے کلام اور حکموں کا غلط استعمال اپنے مطلب کے لیے کیا۔ بلکہ خداوند کے کلام کے سامنے خود کو حلیم کریں۔ یسوع وعدہ کرتا ہے کہ جب آپ اُس کی آواز سنیں گے تو آپ سرفراز کیے جائیں گے۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو بولتا ہے۔ اور آپ یسوع کو خداوند کے کلام کے طور پر دیکھیں، جو حلیموں کو سرفراز کرتا اور مغروروں کو گرا دیتا ہے۔

