کیا ہو رہا ہے؟
اسرائیل اب نہیں چاہتا کہ خدا اُن کا بادشاہ رہے 1 سموئیل 8: 7۔ وہ قبیلوں کی قیادت کا وہ نظام ختم کرنا چاہتے ہیں جو خدا نے قائم کیا تھا۔ وہ اپنے اردگرد کی بادشاہتوں کی مانند بننا چاہتے ہیں 1 سموئیل 8: 5۔
سموئیل اُنہیں خبردار کرتا ہے کہ غیر قوموں کے بادشاہوں کی حکمرانی کی پہچان “لینا” اور “خدمت کروانا” ہے، اور اسرائیل کا بادشاہ بھی ایسا ہی ہوگا۔ جو کچھ وہ چاہے گا لے لے گا۔ اور جب سب کچھ ختم ہو جائے گا تو مزید حاصل کرنے کے لیے اُنہیں اپنا غلام بنا لے گا 1 سموئیل 8: 17 - 18۔
اِس کے باوجود اسرائیل بادشاہ کا مطالبہ کرتا ہے۔ اور خدا اُنہیں ساؤل کی صورت میں ایک بادشاہ دے دیتا ہے 1 سموئیل 9: 19، 22۔ ساؤل کے اعتراضات کے باوجود سموئیل اُسے اسرائیل کا نیا حکمران مقرر کرتا ہے 1 سموئیل 9: 16، 21۔ پھر سموئیل ساؤل کو تین نبوتیں دیتا ہے جو اِس بات کی تصدیق کریں گی کہ وہ خدا کا چُنا ہوا بادشاہ ہے۔ اِن میں سب سے اہم خدا کی روح کا نازل ہونا ہے۔ روح ساؤل کو نہ صرف ایسا شخص بنا دیتا ہے جو اسرائیل کی قیادت کر سکے بلکہ اُسے نبی بھی بنا دیتا ہے 1 سموئیل 10: 6 - 7۔
اِس کے بعد سموئیل قرعہ ڈال کر سب کے سامنے ساؤل کی بادشاہی کی تصدیق کرتا ہے 1 سموئیل 10: 20۔ بظاہر اتفاق پر مبنی اِن چیزوں پر خدا کا اختیار ہے، اور اُن کے ذریعے ساؤل بادشاہ چُنا جاتا ہے۔ لیکن ساؤل اپنی تاج پوشی سے چھپ جاتا ہے 1 سموئیل 10: 21 - 22۔ اسرائیل کی طرح وہ بھی خدا کی اِس بلاہٹ کو قبول نہیں کرنا چاہتا کہ وہ اپنے اردگرد کے لوگوں سے الگ ہو۔
لیکن جلد ہی ساؤل کو بادشاہ کے طور پر اپنی اہلیت ثابت کرنے کا موقع ملتا ہے۔ اسرائیل کا شہر یبیس جلعاد محاصرے میں آ جاتا ہے۔ روح ساؤل پر زور سے نازل ہوتا ہے اور وہ اُس شہر کو بچا لیتا ہے 1 سموئیل 11: 11۔ قرعہ اور جنگ دونوں کے ذریعے ثابت ہونے کے بعد ساؤل کو باقاعدہ بادشاہ بنا دیا جاتا ہے 1 سموئیل 11: 15۔
پھر سموئیل ایک خطاب کے ذریعے اختیار کو اپنے ہاتھ سے ساؤل کے ہاتھ میں منتقل کرتا ہے 1 سموئیل 12: 2۔ وہ اسرائیل کو یاد دلاتا ہے کہ اپنی قیادت کے دوران اُس نے نہ کبھی اُن سے کچھ “لیا” اور نہ کسی سے اپنی “خدمت کروائی” 1 سموئیل 12: 3۔ وہ بیان کرتا ہے کہ کس طرح خدا اُن کے ساتھ وفادار رہا، حالانکہ بادشاہ مانگ کر اُنہوں نے بےوفائی کی 1 سموئیل 12: 12۔ اور وہ فصل کٹنے کے موسم میں طوفان بھیج کر خدا کی ناراضگی ظاہر کرتا ہے 1 سموئیل 12: 17۔
اب سموئیل اسرائیل کی قیادت نہیں کرے گا۔ لیکن وہ وعدہ کرتا ہے کہ وہ اُن کے لیے دعا کرتا رہے گا اور اُنہیں سکھائے گا کہ خدا کے وفادار کیسے رہیں 1 سموئیل 12: 23۔ وہ خبردار کرتا ہے کہ اگر وہ ایسا نہ کریں گے تو اسرائیل اور اُس کا بادشاہ دونوں مٹا دیے جائیں گے 1 سموئیل 12: 25۔
انجیل کہاں ہے؟
اسرائیل کی بادشاہ کی خواہش محض سیاسی نظام کی تبدیلی نہیں ہے۔ یہ اسرائیل پر حکمرانی کے خدا کے حق کو رد کرنا ہے۔ یہ روحانی غداری ہے کیونکہ اسرائیل درحقیقت خدا کی بادشاہی ہے۔
اِس لیے خدا اُنہیں وہی رہنما دیتا ہے جس کے وہ لائق ہیں۔ ایک ایسا بادشاہ جو اپنی پوری زندگی میں خدا کو اسرائیل کا حقیقی رہنما ماننے سے انکار کرے گا۔ اِس کا اشارہ پہلے ہی مل جاتا ہے جب وہ اپنی تاج پوشی کے وقت چھپ جاتا ہے۔ وہ خدا کے اِس انتخاب کو رد کرتا ہے اور تسلیم نہیں کرتا کہ خدا نے اُسے اسرائیل کا رہنما چُنا ہے 1 سموئیل 10: 21 - 22۔
ساؤل کی فتوحات اور نبوتیں یہ ظاہر نہیں کرتیں کہ خدا ساؤل سے خوش ہے، بلکہ یہ کہ خدا اپنے لوگوں پر رحم کرتا ہے۔ جب وہ خدا کو اپنا بادشاہ ماننے سے انکار کرتے ہیں تب بھی خدا فضل سے بادشاہ ہی کی طرح کام کرتا ہے۔ وہ اُسی رہنما کے وسیلے سے اُن کے دشمنوں کو شکست دیتا ہے جس کی اُنہوں نے غلط طور پر خواہش کی تھی۔
اسرائیل کی طرح ہم بھی اپنے “بادشاہوں” کو تخت پر بٹھانا چاہتے ہیں اور خدا کے سوا دوسری آوازوں کی حکمرانی کے ماتحت رہنا چاہتے ہیں۔ اور جس طرح خدا نے ساؤل کو اسرائیل پر حکمرانی کرنے دی، اُسی طرح پولس رسول ہمیں بتاتا ہے کہ خدا ہمیں وہی رہنما اور وہی زندگیاں دے دے گا جن کے ہم لائق ہیں رومیوں 1: 24 الف۔ یہ “بادشاہ” ہم سے لیتے ہی رہیں گے، یہاں تک کہ آخرکار ہم اُن کے غلام بن جائیں گے۔
لیکن جب ہم خدا کو بادشاہ ماننے سے انکار کرتے ہیں تب بھی خدا بادشاہ کی طرح ہی کام کرتا ہے۔ یسوع مسیح تخت پر بیٹھتا ہے، چاہے اِس کے لیے اُسے کانٹوں کا تاج ہی کیوں نہ پہننا پڑے۔ ساؤل کی تاج پوشی کی طرح یسوع مسیح کی صلیب بھی دونوں باتوں کا مقام ہے۔ وہاں ہم نے خدا کو بادشاہ ماننے سے انکار کیا، اور وہیں ہمیں اپنے دشمنوں سے رہائی ملی۔ یسوع مسیح اُن دشمنوں کو کچل دیتا ہے جو ہمیں غلام بناتے ہیں، اور ثابت کرتا ہے کہ وہ ایسا بادشاہ ہے جو موت سے بھی زیادہ قدرت رکھتا ہے۔
پس آئیں ہم اپنی بغاوت سے توبہ کریں، خدا کے چُنے ہوئے بادشاہ یسوع مسیح کے ساتھ وفاداری کا عہد کریں، اور اُس کی سلامتی کی ابدی بادشاہی میں داخل ہوں۔ یسوع مسیح ہم سے لیتا اور ہمیں غلام نہیں بناتا، بلکہ ہم جیسے غداروں کی بھی خدمت کرتا اور اُنہیں آزاد کرتا ہے۔ وہ باغیوں کو اپنی بادشاہی میں خوش آمدید کہتا ہے، اُنہیں اپنا روح عطا کرتا ہے، اور اُنہیں ایک نئی مخلوق کا شہری بنا دیتا ہے جہاں موت اب حکمرانی نہیں کرتی۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو بادشاہ ہے۔ اور آپ یسوع مسیح کو ایسے بادشاہ کے طور پر جان سکیں جو نہ لیتا ہے اور نہ اپنی خدمت کروانے کا مطالبہ کرتا ہے، بلکہ اپنی جان اور اپنی بادشاہی ہمیں دے کر ہماری خدمت کرتا ہے۔

