کیا ہو رہا ہے؟
داؤد اسرائیل کے تخت پر بیٹھنے کو ہے، لیکن یہ سیاسی چالاکی کے ذریعے نہیں ہوگا۔ یہ اُس وقت ہوگا جب وہ خداوند کا انتظار کرے گا۔
اسرائیل بٹا ہوا ہے: جنوب میں وہ لوگ ہیں جو داؤد کے وفادار ہیں اور شمال میں وہ جو ساؤل کے وفادار ہیں (2 سموئیل 2:10)۔ ساؤل کے سپہ سالار ابنیر نے چالاکی سے، داؤد کے صلح کرا سکنے سے پہلے ہی، ساؤل کے بیٹے کو شمال میں بادشاہ بنا دیا (2 سموئیل 2:8-9)۔ جس طرح ساؤل کی بادشاہی سیاسی چالاکی، طاقت اور جاسوسی سے عبارت تھی، یہ نئی ساؤلی شمالی بادشاہی بھی ویسی ہی ہے۔
لیکن بادشاہ بننے کا یہ غلط طریقہ ہے۔ ساؤل نے یہ سبق اپنی جان دے کر سیکھا—اور ساؤل کا بیٹا اور اُس کا سپہ سالار بھی یہی سیکھیں گے۔ وہ داؤد سے جنگ کرتے ہیں اور اِس کی قیمت بھاری پڑتی ہے۔ داؤد کا سپہ سالار یوآب اپنا بھائی کھو دیتا ہے (2 سموئیل 2:23)، مگر داؤد کی فوج زبردست فتح پاتی ہے—اُن کے 360 آدمیوں کے مقابلے میں صرف 20 آدمی کھو کر (2 سموئیل 2:30-31)۔ اِن بابوں کی سب سے اہم آیت یہ کہتی ہے کہ یہ طویل جنگ داؤد کو زیادہ سے زیادہ مضبوط اور ساؤل کے خاندان کو زیادہ سے زیادہ کمزور کرتی گئی (2 سموئیل 3:1)۔
اِس کے علاوہ، ساؤل کے گھرانے کے اندر بھی سیاسی ڈرامہ چل رہا ہے۔ جس طرح ساؤل داؤد کی فوجی مہارت سے حسد کرتا تھا، اُسی طرح ساؤل کا بیٹا اپنے سپہ سالار سے خطرہ محسوس کرتا ہے۔ اُسے بدنام کرنے کی کوشش میں وہ ابنیر پر یہ الزام لگاتا ہے کہ وہ اُس کے باپ کی ایک بیوی کے ساتھ ہم بستر ہوا (2 سموئیل 3:7)۔ ساؤل کا سپہ سالار اپنی سخت توہین محسوس کرتا ہے (2 سموئیل 3:8)۔ وہ منحرف ہو کر داؤد کے ساتھ جا ملتا ہے، یہ جانتے ہوئے کہ اِس کا مطلب ساؤل کے بیٹوں کا خاتمہ ہے (2 سموئیل 3:9-10)۔
لیکن ساؤل کے سپہ سالار کو فوراً یوآب اپنے بھائی کے قتل کا بدلہ لینے کے لیے مار ڈالتا ہے (2 سموئیل 3:27)۔ مصنف اِس بات کو یقینی بناتا ہے کہ ہم جان لیں کہ داؤد کا اِس قتل سے کوئی تعلق نہیں (2 سموئیل 3:37)۔ اور جب آخرکار ساؤل کا بیٹا مارا جاتا ہے، تو ہم سمجھ جاتے ہیں کہ داؤد اُس موت میں بھی بےقصور ہے۔ درحقیقت، داؤد اُن لوگوں کو قتل کروا دیتا ہے جنہوں نے ساؤل کی نسل کے آخری فرد کو مارا تھا (2 سموئیل 4:12)۔ زیادہ تر بادشاہ دشمن کے وارث کی موت کو سیاسی خوش نصیبی اور اقتدار مستحکم کرنے کا موقع سمجھتے۔ مگر داؤد ایسا نہیں۔ وہ جانتا ہے کہ سیاسی طاقت خدا کا بادشاہ بنانے کا طریقہ نہیں، اِس لیے وہ اِس کے بجائے انتظار کرتا ہے۔
داؤد کے مخالفوں نے اپنی بادشاہی بچانے کے لیے جنگ، جاسوسی اور سیاست کا راستہ چنا، مگر اِس کی قیمت اُن کی جانیں ٹھہریں۔ تاج پہننے کے لیے صرف وہی شخص باقی رہا جس نے خدا کے نجات دینے کا انتظار کیا (زبور 27:14)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
داؤد ساؤل جیسا نہیں—اور نہ ہی کسی اور بادشاہ جیسا۔ داؤد نہ حاکمانہ مزاج رکھتا ہے، نہ اپنی بڑائی کرتا ہے۔ وہ بےصبری میں معاملات اپنے ہاتھ میں نہیں لیتا۔ درحقیقت، داؤد زیادہ تر خاموش ہے، سوائے اُس وقت جب وہ اپنے مارے گئے ساتھی کے جنازے پر نوحہ گاتا ہے (2 سموئیل 3:33) اور اپنے دشمنوں کی ناحق موتوں کے لیے انصاف کا مطالبہ کرتا ہے (2 سموئیل 4:12)۔
داؤد کو اپنی بادشاہی اُسی طرح میراث میں ملتی ہے جس طرح یسوع ہمیں بتاتا ہے کہ ہم خدا کی بادشاہی کے وارث ہوں گے۔ زمین کے وارث وہی ہوں گے جو دل کے غریب، غمگین اور حلیم ہیں (متی 5:3-5)۔ جو بدلے سے زیادہ رحم کے بھوکے ہیں، وہی لوگ آسودہ ہوں گے (متی 5:6-7)۔ صلح کرانے والے اور ستائے ہوئے لوگ ہی تختوں پر بیٹھیں گے (متی 5:9-10)۔
سموئیل کے اِس حصے میں سیاسی سازشوں اور اِن سارے ناموں میں گم ہو جانا آسان ہے۔ لیکن داؤد کا اقتدار تک پہنچنا اِس بات کی تصویر ہے کہ خدا ہماری جیسی پیچیدہ اور مقابلہ آرا دنیا میں اپنی بادشاہی کیسے قائم کرتا ہے۔
ہمارے چاروں طرف ایسے حاکم اور مفکر ہیں جو طاقت، اثر و رسوخ اور شخصیت کے بل پر قیادت کرتے ہیں۔ ہمیں لگتا ہے کہ ہم اپنے اردگرد ہونے والی طاقت کی سودے بازی، پردے کے پیچھے کے معاہدوں اور ایجنڈوں کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ لیکن خوشخبری یہ ہے کہ یہ سب کچھ خود اپنی ہی تباہی کا سبب بنتا ہے۔ ساؤل جیسے لوگ ہمیشہ گر جاتے ہیں۔ مگر اگر آپ غریب ہیں، کسی پیارے کی موت پر غمگین ہیں، یا اپنے حالات کے ہاتھوں ذلیل ہوئے ہیں، تو یسوع کے پاس آپ کے لیے خوشخبری ہے۔ جس طرح داؤد اپنے تخت پر بیٹھا اور یسوع مُردوں میں سے جی اُٹھا، اُسی طرح حلیم لوگ ایک دن دنیا پر حکومت کریں گے۔ ہمیں جو کرنا ہے وہ یہ ہے کہ انتظار کریں۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو بادشاہیاں قائم کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو اپنی بادشاہی اُن لوگوں کو دیتا ہے جو اُس کا انتظار کرنے کے لیے تیار ہیں۔

