کیا ہو رہا ہے؟
بائبل کے بدنام ترین واقعات میں سے ایک کے پس منظر میں بنی عمون کے ساتھ ایک جنگ سلگ رہی ہے: داؤد کا بت سبع کے ساتھ زیادتی کرنا اور اُس کے شوہر کا قتل۔ داؤد کے سب سے شرمناک لمحے کو بہادری کے قصوں کے درمیان رکھنا اُس کے اعمال کی بےعزتی اور بزدلی کو اَور نمایاں کر دیتا ہے۔
بنی عمون کے ساتھ لڑائی کو ایک سال گزرنے پر داؤد اپنے سپہ سالار یوآب کو بھیجتا ہے کہ وہ اُس کے بغیر یہ کام مکمل کرے۔ اپنے آدمیوں کے ساتھ جا کر خود اپنی مملکت کی حفاظت کرنے کے بجائے، داؤد بےعملی سے گھر ہی ٹھہرا رہتا ہے اور اپنے منصب کا ناجائز فائدہ اٹھاتا ہے (2 سموئیل 11:1)۔ فرصت کے اِن لمحوں میں وہ ایک نامور سپاہی اوریاہ کی بیوی پر بُری نظر ڈالتا ہے، اُسے اپنے محل میں لے آتا ہے، اُس کے ساتھ ہم بستر ہوتا ہے، اور وہ حاملہ ہو جاتی ہے (2 سموئیل 11:4-5)۔ اِس رسوائی کو چھپانے کی اُمید میں وہ اوریاہ کو جنگ سے وقت سے پہلے گھر بلاتا ہے اور اُسے چال سے اِس پر آمادہ کرنے کی کوشش کرتا ہے کہ وہ اپنی بیوی کے ساتھ ہم بستر ہو جائے (2 سموئیل 11:8)۔ حمل کو ابھی اتنا کم وقت ہوا ہے کہ اوریاہ کو کبھی پتا نہ چلے کہ بچہ اُس کا نہیں ہے۔
لیکن اوریاہ انکار کر دیتا ہے۔ جب اُس کے ساتھی میدانِ جنگ میں ہوں تو اپنے گھر اور اپنی بیوی سے لطف اٹھانا غلط ہوگا (2 سموئیل 11:11)۔ یہاں تک کہ جب داؤد اوریاہ کو نشے میں مدہوش کر دیتا ہے، تو نشے میں دُھت اوریاہ ہوش مند داؤد سے زیادہ باعزت ثابت ہوتا ہے (2 سموئیل 11:13)۔ چنانچہ داؤد اوریاہ کو مار ڈالنے کا فیصلہ کرتا ہے (2 سموئیل 11:15)۔ یوآب کی مدد سے وہ اپنے ہی ایک آدمی کو قتل کرنے کی خاطر بنی عمون کے خلاف پوری مہم کو خطرے میں ڈال دیتے ہیں۔ بےرحمی کے ساتھ داؤد یہ سمجھتا ہے کہ اُس کی ناموری کی حفاظت کے لیے اُس کے آدمیوں کی جانیں ایک ضروری قیمت ہیں (2 سموئیل 11:25)۔ اوریاہ کے مرنے کے بعد داؤد بت سبع کو اپنے حرم میں شامل کر لیتا ہے اور رسوائی چھپا لیتا ہے (2 سموئیل 11:27)۔ لیکن خدا سے نہیں۔
خدا اپنے نبی ناتن کو بھیجتا ہے کہ وہ داؤد کا سامنا کرے (2 سموئیل 12:1)۔ لیکن پہلے ناتن داؤد کو خود اپنے آپ پر سزا کا حکم لگانے دیتا ہے (2 سموئیل 12:5)۔ ناتن ایک کہانی سناتا ہے جو داؤد کو موت کی سزا کا مطالبہ کرنے پر اُکساتی ہے (2 سموئیل 12:3، 6)۔ لیکن جب ناتن بتاتا ہے کہ جس شخص کو وہ سزا سنا رہا ہے وہ خود داؤد ہی ہے، تو داؤد توبہ کرتا ہے اور خدا اُسے معاف کر دیتا ہے (2 سموئیل 12:7، 13)۔ مگر داؤد کی باقی حکومت اِن واقعات کے زہر سے متاثر رہے گی۔ داؤد اور بت سبع کا بیٹا مر جائے گا اور داؤد کی قیادت پر بےعملی اور زیادتی کی چھاپ برقرار رہے گی (2 سموئیل 12:14)۔
یہی وجہ ہے کہ یہ بیان وہاں ختم ہوتا ہے جہاں داؤد ایک بار پھر یوآب کو اپنے بغیر بنی عمون سے لڑنے بھیجتا ہے (2 سموئیل 12:26-27)۔ پہلے کی طرح داؤد گھر ہی ٹھہرا رہتا ہے اور اپنی بےعملی سے صرف تب جاگتا ہے جب کوئی ایسی چیز لینی ہو جو اُس کی نہیں۔ داؤد یوآب کی فتح کا سہرا اپنے سر لیتا ہے اور کسی دوسرے بادشاہ کے سونے کا تاج اپنے سر رکھ لیتا ہے (2 سموئیل 12:28، 30)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
آخرکار قدرت خداوند ہی کی ہے، اور داؤد سب سے زیادہ طاقتور تب ہوتا ہے جب وہ خدا کے تابع ہوتا ہے۔ لیکن اب داؤد نے خدا کے اختیار کو نظرانداز کر دیا ہے۔ استثنا کی کتاب میں خدا اسرائیل کے بادشاہوں کو حکم دیتا ہے کہ وہ بہت سی بیویاں نہ رکھیں اور نہ ہی کثرت سے سونا جمع کریں (استثنا 17:17)، اپنی رعایا کے خلاف سازش کرنے اور اُن کے قتل کا تو ذکر ہی کیا (استثنا 5:17)۔ داؤد بھول گیا ہے کہ اختیار کس کا ہے۔ اُس نے اپنی ناموری کو خدا کے احکام سے بالاتر کر دیا ہے اور اپنی نفسانی خواہشات پوری کرنے کے لیے اپنی رعایا کا ناجائز فائدہ اٹھا رہا ہے۔ داؤد نے اُس قدرت کا غلط استعمال کیا جو خدا نے اُسے دی تھی، اور اِسی سبب سے اُسے پست کیا جاتا ہے۔
سموئیل کی کتاب ہمیں خبردار کرتی ہے کہ جو لوگ خدا کی دی ہوئی قدرت کا غلط استعمال کرتے ہیں، اُن کی اصلیت کھل جائے گی کہ وہ کمزور اور زیادتی کرنے والے لوگ ہیں۔ اگر آپ سمجھتے ہیں کہ خدا کے احکام کو رد کرنا جائز ہے—خاص طور پر جب آپ اختیار کے منصب پر ہوں—تو وہ خدا آپ کو پست کرے گا جو زیادتی کو برداشت نہیں کرتا۔ جو کوئی اُن لوگوں کے ساتھ بدسلوکی کرتا ہے جن کی حفاظت اُس کے ذمے ہے، اُس سے حساب لیا جائے گا۔
اگرچہ داؤد واقعی توبہ کرتا ہے، اور بہت سی باتوں میں اسرائیل کا بہترین بادشاہ ہے، پھر بھی یسوع داؤد سے بہتر بادشاہ ہے۔ یسوع کبھی نہ بھولا کہ اختیار کس کا ہے (یوحنا 5:19)۔ وہ جانتا تھا کہ اُس کا اختیار عطا کیا گیا اختیار ہے (متی 28:18)۔ اُس نے اپنی قدرت کو زیادتی کرنے یا قتل کرنے کے لیے نہیں بلکہ شفا دینے اور مُردوں کو جِلانے کے لیے استعمال کیا (لوقا 8:53-54)۔ اُس نے اپنی ناموری کو خدا کے احکام سے بالاتر نہ کیا، بلکہ صلیب پر ذلیل ہوا (فلپیوں 2:8)۔ یسوع نے اپنی قدرت اپنی حفاظت کے لیے نہیں بلکہ ہماری معافی کے لیے کام میں لائی۔ اور یسوع وعدہ کرتا ہے کہ وہ اپنے شاہی اختیار کو ہمیشہ ہماری خدمت کے لیے استعمال کرے گا (لوقا 12:37)۔
داؤد کی طرح آپ یسوع کی قدرت کو نظرانداز کرنے کا انتخاب کر سکتے ہیں اور اپنی ہی رسوائی مول لے سکتے ہیں۔ یا یسوع کی طرح آپ کائنات کے بادشاہ کے سامنے اپنے آپ کو پست کر سکتے ہیں اور سرفراز کیے جا سکتے ہیں۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو مغروروں کا مقابلہ کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو حلیموں کو فضل بخشتا ہے۔

