کیا ہو رہا ہے؟
یروشلیم میں کلیسیا کے خلاف ظلم و ستم بڑھتا ہی چلا جاتا ہے۔ ہیرودیس بادشاہ مسیحی رہنماؤں کو گرفتار کرتا ہے، یعقوب (یوحنا کے بھائی) کو قتل کرتا ہے، اور پطرس کے ساتھ بھی یہی کرنے کا منصوبہ بناتا ہے (اعمال 12:2-3)۔ اِس کے جواب میں کلیسیا خدا کی مدد کے لیے دل و جان سے دعا کرتی ہے (اعمال 12:5)۔
پطرس عین فسح سے پہلے قید کیا جاتا ہے، جب اسرائیل فسح کا برّہ کھا کر مصر سے اپنی رِہائی کی یادگاری مناتا ہے۔ یہ برّہ اِس بات کی علامت ہے کہ خدا نے مصر میں اپنے لوگوں کو کیسے آزاد کیا: برّہ کے خون کے سبب سے اُس نے اپنی عدالت کو اُن کے گھروں پر سے گزر جانے دیا۔
تو جس طرح خدا نے اُس وقت اسرائیل کو اسیری اور موت سے بچایا، اُسی طرح وہ اب پطرس کی مدد کو آتا ہے۔ خدا کلیسیا کی دعاؤں کا جواب اُسی طرح دیتا ہے جس طرح اُس نے مصر میں اپنے لوگوں کی فریاد کا جواب دیا تھا (خروج 2:23)۔
ایک فرشتہ پطرس کو اُس کی زنجیروں سے چھڑاتا ہے اور اُسے آزادی تک پہنچاتا ہے (اعمال 12:7)۔ لیکن جس طرح فسح کے موقع پر فرشتہ موت لایا تھا، اُسی طرح ہیرودیس قیدخانے کے پہرے داروں کے قتل کا حکم دیتا ہے، اور بعد میں خود بھی اپنے غرور کے سبب مارا جاتا ہے (اعمال 12:19، 22-23)۔
خدا پطرس کو اُسی طرح بچاتا ہے جس طرح اُس نے اسرائیل کو بچایا تھا۔ وہ یہ اِس لیے کرتا ہے تاکہ ظاہر کرے کہ اُس کی وفاداری اور قدرت آج بھی اُسی طرح کام کر رہی ہے جس طرح خروج کے زمانے میں کر رہی تھی۔ خدا کلیسیا کے لیے لڑتا ہے، جو اب حقیقی اسرائیل کہلاتی ہے (رومیوں 2:28-29؛ گلتیوں 3:16، 29)۔
یہ واقعہ اعمال میں دیا گیا ایک اَور ثبوت ہے کہ خدا کا اختیار اب ہیکل یا سابقہ مذہبی نظاموں میں نہیں بلکہ کلیسیا میں ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یہ خوشخبری ہے، کیونکہ وہ تمام وعدے، خطاب، مراعات اور مرتبہ جو خدا نے مصر سے نکلنے کے بعد اسرائیل کو عطا کیے تھے، اب مسیح میں ہمارے ہیں۔ پطرس خود اِس کا اعلان کرتا ہے جب وہ لکھتا ہے کہ جو یسوع پر ایمان رکھتے ہیں وہ اب ”برگزیدہ نسل، شاہی کہانت، مُقدّس قوم، اور خدا کی خاص ملکیت“ ہیں (1 پطرس 2:9)۔
یہی خطاب پہلے فسح کے فوراً بعد اسرائیل کو دیے گئے تھے (خروج 19:5-6)۔ خدا اب ہمارا خدا ہے اور ہم اب اُس کے لوگ ہیں (خروج 6:7)۔
لیکن اِس نئے فسح نے کلیسیا کے لیے صرف رِہائی ہی نہیں لائی بلکہ اُس کے دشمنوں کے خلاف عدالت بھی لائی (اعمال 12:23)۔ یسوع نے ہمارے مدعی شیطان پر اُسی طرح فتح پائی جس طرح اُس نے پطرس کے مدعی ہیرودیس پر فتح پائی (کلسیوں 2:15)۔ اِسی طرح، جب یسوع واپس آئے گا تو وہ اپنی کلیسیا کو اُن سب کے مقابلے میں حق بجانب ٹھہرائے گا جنہوں نے اُس کی مخالفت کی اور اُس پر ظلم کیا (مکاشفہ 17:14)۔
خدا کے دشمن ہمیں بہت سے طریقوں سے غلام بناتے ہیں۔ بعض مسیحیوں کو حقیقی قید کا سامنا ہے، یا کم از کم اپنے عقیدے کے سبب حکومت یا معاشرے کی سزا کا خطرہ۔ بہت سے لوگ دشمن کے مجرم ٹھہرانے والے جھوٹ، عادت بن چکے گناہ، یا نشے کے قیدخانوں میں پھنسے ہوئے ہیں۔ خوشخبری یہ ہے کہ یسوع ہمیں ہمارے قیدخانوں سے نکال رہا ہے۔
ہم سب کبھی موت اور قبر کے قیدخانے کی طرف جا رہے تھے (رومیوں 6:18)۔ لیکن یسوع نے، ہمارے آخری فسح کے برّہ کی حیثیت سے، ہمارے گناہ کی سزا اُٹھا لی، ہماری قبر کے قیدخانے میں داخل ہوا، اور اپنی موت اور جی اُٹھنے کے وسیلے سے ہمیں آزاد کر دیا۔
یا جیسا کہ پطرس خود کہتا ہے، یسوع تمہیں اپنی برگزیدہ نسل بناتا ہے، ”تاکہ تم اُس کی خوبیاں ظاہر کرو جس نے تمہیں تاریکی سے اپنی عجیب روشنی میں بُلایا“ (1 پطرس 2:9)۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روحُ القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو اپنے لوگوں کو غلامی اور قیدخانے سے قدرت کے ساتھ چھڑاتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو گناہ اور موت کے دروازے توڑ کر ہمیں چھڑاتا ہے تاکہ ہمیں اُس میں آزادی اور زندگی کی طرف لے چلے۔

