کیا ہو رہا ہے؟
پولس قوموں کے درمیان انجیل پھیلانے کا کام جاری رکھتا ہے، لیکن روح القدس دو بار اُسے روکتا ہے اور پھر اُسے مکدنیہ جانے کے لیے بلاتا ہے، جو سمندر پار ایک بڑا علاقہ ہے۔ یہ نہ صرف وہ پہلا تبلیغی سفر ہے جو انجیل کو اُس خطے میں لاتا ہے جسے آج ہم یورپ کہتے ہیں، بلکہ یہ انجیل کے پیغام کو رومی سلطنت کے مرکز کے اور قریب لے آتا ہے، اور یوں زمین کی انتہا تک بھی۔
مکدنیہ میں پولس کے سفر کے دوران کم از کم دو کشمکشیں نظر آتی ہیں۔
پہلی یہ کہ یہودی بدستور پولس کی مخالفت کرتے ہیں۔ جب پولس کسی شہر میں داخل ہوتا ہے تو وہ پہلے عبادت خانوں میں جاتا ہے اور سمجھاتا ہے کہ یہودیوں کا وہ مسیح جس کا وہ مدت سے انتظار کر رہے تھے، یسوع کی صورت میں آ چکا ہے (اعمال 17:2-3)۔ اگرچہ کچھ یہودی ایمان لاتے ہیں، مگر بہت سے پولس اور اُس کے ساتھیوں کے خلاف فساد بھڑکاتے ہیں (اعمال 17:4-5)۔ یہ مخالفت کرنتھس میں اپنے عروج کو پہنچتی ہے جب پولس یہودیوں سے کہتا ہے، “تمہارا خون تمہاری ہی گردن پر۔ میں پاک ہوں۔ اب سے غیر قوموں کے پاس جاؤں گا” (اعمال 18:6)۔
دوسری یہ کہ یسوع کی بادشاہی اور روم کی بادشاہی کے درمیان کشمکش پیدا ہوتی ہے۔ رومی شناخت کا مرکز دیوتاؤں کی پرستش تھی، جن میں شہنشاہ بھی شامل تھا۔ پولس ایک نئی بادشاہی کی منادی کرتا ہے جس کا ایک نیا الٰہی حاکم ہے، اور اِس پر مخالفت شروع ہو جاتی ہے۔ فلپی میں پولس پر یہ الزام لگایا جاتا ہے کہ وہ ایسی طرزِ زندگی سکھاتا ہے جو روم کے خلاف ہے، پھر اُسے مارا پیٹا جاتا اور قید خانے میں ڈال دیا جاتا ہے (اعمال 16:20-23)۔ تھسلنیکے میں اُس پر الزام لگتا ہے کہ وہ ایسا پیغام سناتا ہے جو جہان کو اُلٹ پلٹ کر دیتا ہے، کیونکہ وہ “قیصر کے حکموں کی مخالفت کرتے اور کہتے ہیں کہ بادشاہ تو اَور ہی ہے یعنی یسوع” (اعمال 17:6-7)، اور اُسے شہر چھوڑنے پر مجبور کر دیا جاتا ہے۔
یہ کشمکش اتھینے میں اپنے عروج کو پہنچتی ہے جہاں پولس دیکھتا ہے کہ شہر بُتوں اور جھوٹے رومی دیوتاؤں کے لیے بنائے گئے مندروں سے بھرا ہوا ہے (اعمال 17:16)۔ پولس اتھینے کے ہجوم اور فلسفیوں کے سامنے دلیری سے منادی کرتا ہے اور کہتا ہے کہ اُن کے دیوتا اُن کے اپنے تصور کی پیداوار ہیں۔ وہ اُن سے کہتا ہے کہ توبہ کریں اور اُس ایک سچے خدا پر ایمان لائیں جو مُردوں میں سے جی اُٹھے یسوع میں ظاہر ہوا ہے (اعمال 17:29-31)۔ اتھینے کے لوگ اِس پیغام پر پولس کا ٹھٹھا اُڑاتے ہیں، لیکن چند لوگ ایمان لے آتے ہیں (اعمال 17:32، 34)۔
اِس میں خوشخبری کہاں ہے؟
اِس خوشخبری کی شاید سب سے اچھی تصویر فلپی کے داروغہ کی کہانی ہے، جس نے خدا کے پولس کو قید خانے سے آزاد کرنے کے بعد تقریباً اپنی جان لے لی تھی۔ مگر اِس کے بجائے پولس اُسے انجیل سناتا ہے، اور اُس کا سارا گھرانا نجات پاتا ہے (اعمال 16:26-27، 33)۔
خدا ظاہر کرتا ہے کہ یسوع کی بادشاہی روم سے زیادہ طاقتور ہے اور آخرکار وہی غالب آئے گی۔ مسیحیوں کو کسی حاکم، حکومت، قوت یا دھمکی سے ڈرنے کی ضرورت نہیں۔ خدا ہمیں ہر طرح کے قید خانے سے رِہائی دینے کی قدرت رکھتا ہے، یہاں تک کہ دشمن کے سب سے بڑے قید خانے یعنی خود موت سے بھی۔
یسوع کو بھی رومی اور یہودی حکام نے ناحق مجرم ٹھہرا کر موت کی سزا سنائی (لوقا 23:22-25)۔ لیکن وہ ثابت کرتا ہے کہ اُس کی بادشاہی زیادہ عظیم ہے جب (پولس کی طرح) وہ اپنے جی اُٹھنے میں موت کے قید خانے کو توڑ کر باہر نکل آیا اور ہم جیسے لوگوں کو، جو موت کے کنارے پر تھے، نجات کی راہ سنائی۔
جیسا کہ ہم فلپی کے داروغہ کی کہانی میں دیکھتے ہیں، یہ خبر زمین کی انتہا تک پہنچ چکی ہے۔ اگرچہ ہم پولس کے ساتھ بہت سے یہودیوں کے انجیل کو رد کرنے پر غمگین ہیں (رومیوں 9:3)، ہم اِس بات پر خوش بھی ہیں کہ خدا اُن لوگوں کو جو اُس سے دور تھے اپنے خاندان میں لا رہا ہے (رومیوں 9:25)۔
جیسا کہ کرنتھس میں یہودیوں کی طرف سے رد کیے جانے کے بعد خداوند نے پولس سے کہا، “کہے جا اور چپ نہ رہ... کیونکہ اِس شہر میں میرے بہت سے لوگ ہیں” (اعمال 18:9-10)۔ خدا ساری دنیا میں لوگوں کو اُن کے قید خانوں سے نکال کر اپنی نجات میں بلا رہا ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھیں جو ہر شخص، ہر قوت اور ہر قید خانے سے زیادہ طاقتور ہے۔ اور آپ یسوع کو سب کے خداوند کے طور پر دیکھیں جس نے سب سے بڑی قوت پر، یعنی گناہ اور موت کے ہمارے قید خانے پر، فتح پائی۔

