کیا ہو رہا ہے؟
یسوع جی اُٹھا ہے، روح القدس نازل ہو چکا ہے، اور یروشلیم میں کلیسیا کے دور کا آغاز ہو گیا ہے۔ اِس نئے دور کے ساتھ اسرائیل کی مذہبی جماعت کے لیے نیا اختیار بھی آتا ہے۔ اعمال 4-5 اِسی تبدیلی کو بیان کرتا ہے کہ اختیار اسرائیل کے موجودہ رہنماؤں سے نئی قائم شدہ کلیسیا کے رسولوں کو منتقل ہو رہا ہے۔
کلیسیا وہی کچھ کرتی ہے جو اسرائیل کو کرنا چاہیے تھا—ایک ایسی جگہ بننا جہاں کوئی غریب یا محتاج نہ ہو (استثنا 15:4)۔ ابتدائی مسیحی اِس حقیقت کو یوں ظاہر کرتے ہیں کہ وہ اپنا مال بیچ کر اُس کی قیمت رسولوں کے پاس لے آتے ہیں تاکہ محتاجوں میں بانٹی جائے (4:34-35)۔
دو واقعات اِس عمل کو نمایاں کرتے ہیں۔ پہلا، زمین کا مالک ایک لاوی (جسے شریعت کے مطابق زمین رکھنے کی اجازت نہ تھی) توبہ کرتا ہے، اپنی زمین بیچتا ہے، اور رقم رسولوں کو دے دیتا ہے (اعمال 4:36-37؛ استثنا 10:9)۔ روایتی طور پر نذرانے اُن لاویوں کے پاس لائے جاتے تھے جو ہیکل میں خدمت کرتے تھے (احبار 6:14)۔ لیکن اب اختیار رسولوں کو منتقل ہو گیا ہے (اعمال 4:33)۔
دوسرے واقعہ میں ایک شوہر اور بیوی، حننیاہ اور سفیرہ، بھی اپنی زمین بیچتے ہیں (اعمال 5:1)۔ وہ دعویٰ کرتے ہیں کہ اپنی جائیداد کی فروخت سے حاصل ہونے والی ساری رقم رسولوں کے قدموں میں لا رہے ہیں، مگر حقیقت میں وہ اُس کا صرف ایک حصہ لاتے ہیں (اعمال 5:2)۔ پطرس رسول کی ایک بات پر وہ گر کر مر جاتے ہیں (اعمال 5:10)۔ رسولوں کو خدا کی طرف سے قیادت کرنے کے لیے مقرر کیا گیا تھا، اِس لیے یہ دھوکے باز جوڑا خدا سے جھوٹ بول رہا تھا (اعمال 5:4)۔ دونوں واقعات میں ہم دیکھتے ہیں کہ اختیار اسرائیل سے کلیسیا کی طرف منتقل ہو رہا ہے۔
یہ کشیدگی اُس وقت شدت اختیار کرتی ہے جب مذہبی حاکم رسولوں کو بہت سے معجزانہ نشان دکھانے کے سبب گرفتار کر لیتے ہیں (اعمال 5:12، 17-18)۔ لیکن خدا ایک فرشتہ بھیج کر اُنہیں رِہا کرا دیتا ہے، اور یوں سب پر ثابت کر دیتا ہے کہ حقیقت میں اختیار کس کے پاس ہے (اعمال 5:19)۔
اسرائیل کے رہنما جمع ہوتے ہیں تاکہ فیصلہ کریں کہ کیا کیا جائے (اعمال 5:21ب)۔ گملی ایل نام کا ایک نہایت معزز فریسی کہتا ہے کہ اگر خدا کلیسیا اور رسولوں کی طرف ہے، تو کوئی اختیار اِسے روک نہیں سکتا (اعمال 5:38)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
ہر اختیار کا مقصد یہ ہے کہ وہ خدا کے اختیار کی عکاسی کرے (پیدائش 1:27-28)۔ تاہم، اسرائیل کی قیادت نے صدیوں تک خدا کے اختیار کی غلط نمائندگی کی (2 تواریخ 36:14-16)۔
اب رسول خدا کی فرمانبرداری کر رہے ہیں (اعمال 5:29، 32)۔ وہ غریبوں کی دیکھ بھال کرتے ہیں، بیماروں کو شفا دیتے ہیں، بدروح گرفتہ لوگوں کو رِہائی دلاتے ہیں، اور قیدیوں کو آزاد کراتے ہیں (اعمال 5:16)۔ جس کا وعدہ خدا نے مدت سے کیا تھا، وہ اب رسولوں کے ذریعے ہو رہا ہے (یسعیاہ 61:1)۔
اِس سے ظاہر ہوتا ہے کہ زمین پر خدا کا اختیار اور بادشاہی اب ”کلیسیا“ کے ذریعے ہے (اعمال 5:11)۔ کلیسیا اسرائیل کی روحانی نسل ہے، جسے یہ خوبصورت ذمہ داری سونپی گئی ہے کہ دُنیا تک خوشخبری پہنچائے۔
یہ خوشخبری صرف مظلوموں کے لیے راحت ہی نہیں بلکہ ظالموں کے خلاف انصاف بھی ہے۔ ہم اِسے حننیاہ اور سفیرہ کی موت میں دیکھتے ہیں۔ اُنہوں نے وہ چُرا لیا جو اُنہوں نے غریبوں کے لیے وقف کرنے کا اِقرار کیا تھا، اور بدلے میں اُنہیں خدا کا انصاف ملا (اعمال 5:2)۔
آخرکار، یسوع ہی کو آسمان پر، زمین پر، اور کلیسیا پر سارا اختیار حاصل ہے (کلسیوں 1:16-18)۔ اُس کا اختیار اور اُس کی حکومت شفا، برابری، اور انصاف لاتی ہے۔ ہمارا حاکم یسوع اب ہمیں اپنے روح سے قوت بخشتا ہے—وہی روح القدس جو رسولوں کو دیا گیا تھا (اعمال 5:32)۔ اب ہم جا کر اُن لوگوں تک خوشخبری، شفا، فیاضی، اور فضل پہنچا سکتے ہیں جنہیں اِس کی سب سے زیادہ ضرورت ہے۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جس کے پاس سارا اختیار ہے، مگر وہ اُسے اُن لوگوں کی دیکھ بھال کے لیے استعمال کرتا ہے جن کے پاس کوئی اختیار نہیں۔ اور آپ یسوع کو اُس اچھے بادشاہ کے طور پر دیکھیں جو ہمیں اپنی بادشاہی میں جینے کے نیک کام میں شامل ہونے کی دعوت دیتا ہے۔

