کیا ہو رہا ہے؟
اعمال 13 سے کتاب اعمال کا دوسرا اور آخری حصہ شروع ہوتا ہے۔ اس میں پہلے حصے کے بنیادی موضوعات دہرائے گئے ہیں، لیکن اب توجہ غیر قوموں میں ساؤل کی تبلیغی خدمت پر ہے۔
یروشلیم میں پطرس کی خدمت متیاہ کے چُنے جانے اور روح القدس کی موجودگی سے شروع ہوتی ہے (اعمال 1:26، 2:4)۔ اسی طرح ساؤل کا تبلیغی سفر اُس وقت شروع ہوتا ہے جب انطاکیہ کی کلیسیا روح القدس کی ہدایت سے ساؤل اور برنباس کو الگ کرتی ہے (اعمال 13:2)۔
ساؤل رسولوں کی طرح ایک بُت پرست جادوگر کے اثر پر غالب آتا ہے، بالکل ویسے ہی جیسے اعمال 8 میں فلپس اور پطرس نے کیا تھا (اعمال 13:8-10)۔ مصنف قوموں کی طرف اس تبدیلی کو نمایاں کرتا ہے جب وہ لکھتا ہے کہ ساؤل، جو ایک یہودی نام ہے، پولس بھی کہلاتا تھا، جو ایک رومی اور یونانی نام ہے (اعمال 13:9)۔
پطرس اور ستفنس کی طرح پولس بھی طویل تقریریں کرتا ہے تاکہ دکھائے کہ یسوع موعودہ مسیح کے طور پر کس طرح کلامِ مُقدّس کو پورا کرتا ہے (اعمال 17:2-3؛ 2:30؛ 7:52)۔ وہ بیان کرتا ہے کہ خدا اسرائیل کی پوری تاریخ میں کس طرح وفادار رہا اور اب یسوع کے وسیلے سے یہودیوں اور غیر قوموں دونوں کے لیے نجات لاتا ہے (اعمال 13:17، 26)۔ اُس کا یہ پیغام باقی کتاب اعمال میں اُس کی خوشخبری کی منادی کا نمونہ بن جاتا ہے۔
یروشلیم میں پطرس کے پیغام کی طرح، شروع میں بہت سے یہودی ایمان لاتے ہیں۔ دوسرے مخالفت کرتے ہیں بلکہ پولس اور برنباس کو اِتنا ستاتے ہیں کہ وہ اُس علاقے سے چلے جاتے ہیں (اعمال 13:43-45، 50)۔
منادی اور ایذا رسانی کا یہ سلسلہ باب 14 میں بھی جاری رہتا ہے، جب پولس اکنیُم، لسترہ اور دربے سے گزرتا ہے (اعمال 14:19)۔ غیر قومیں ایمان لاتی ہیں، اگرچہ وہ یہودی ایمان سے اتنی دُور ہیں کہ پولس اور برنباس کو یونانی دیوتا سمجھ کر اُن کی پرستش کرنے لگتی ہیں (اعمال 14:12)۔ لیکن یہودی بار بار کلیسیا کے لیے مصیبت کھڑی کرتے ہیں (اعمال 14:19)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
ظاہر ہے کہ خدا کا مشن اُس وقت تک مکمل نہیں ہوتا جب تک اُس کی بادشاہی زمین کی انتہا تک نہ پہنچ جائے۔ اعمال 13 میں پولس یسعیاہ 49:6 کا حوالہ دیتا ہے، جو کہتا ہے کہ خداوند کا خادم غیر قوموں کے لیے نور ہوگا اور زمین کی انتہا تک نجات پہنچائے گا (اعمال 13:47)۔ یہی کچھ ہم ہوتا ہوا دیکھتے ہیں جب کلیسیا یسوع کا پیغام یروشلیم سے قوموں تک لے جاتی ہے۔
لوقا کی انجیل کے شروع میں، ہیکل میں شمعون نام ایک راستباز آدمی یسوع کو بچپن میں دیکھتا ہے اور اِس نبوت کی تکمیل میں اُسے "غیر قوموں کو روشنی دینے والا نور" کہتا ہے (لوقا 2:32)۔
یسوع سب قوموں کے لیے خدا کے پاس آنے کی راہ کھول کر خدا کے خادم کے طور پر اپنا کردار پورا کرتا ہے۔ وہ یہ گناہوں کی معافی مہیا کر کے کرتا ہے، موسیٰ کی شریعت کی فرمانبرداری کے ذریعے نہیں بلکہ اپنی موت اور مُردوں میں سے جی اُٹھنے کے ذریعے (اعمال 13:38-39)۔
اب پولس اور برنباس یسوع میں ہمیشہ کی زندگی کی خبر دنیا تک پہنچاتے ہوئے یسعیاہ کے خادم کے کردار کو پورا کرتے رہتے ہیں (اعمال 13:47-48)۔
آج ہمارے لیے بھی یہی سچ ہے۔ نہ صرف خدا کے خادم یسوع کی خوشخبری ہم تک پہنچی اور اُس نے ہمیں نجات دی، بلکہ ہمیں بھی دنیا کے لیے خدا کے مقاصد کی اس تکمیل میں شامل ہونے کا شرف ملا ہے۔ ہم اُس کے خادم ہیں جو خوشخبری کا نور ایک تاریک دنیا تک لے جاتے ہیں (متی 5:14)۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو پوری انسانی تاریخ میں سب قوموں کو اپنے ساتھ ملانے کے لیے کام کرتا آیا ہے۔ اور آپ یسوع کو وہ موعودہ خادم دیکھیں جو ہماری جگہ مُوا اور قبر سے جی اُٹھا تاکہ ہمیں اپنے لبوں پر خوشخبری لیے دنیا میں بھیجے۔

