کیا ہو رہا ہے؟
ہنگاموں، مار پیٹ اور قتل کی سازشوں کے بعد، پولس کی زندگی کچھ ٹھہراؤ میں آتی دکھائی دیتی ہے جب اُسے حاکم کے محل میں نسبتاً آرام دہ نظر بندی میں رکھا جاتا ہے (اعمال 23:35)۔
لوقا بیان کرتا ہے کہ کس طرح دو سال سے زیادہ عرصے تک چلنے والے مقدمات اور سیاسی چالیں پولس کی قسمت کا فیصلہ کرتی ہیں۔ جب یہودی سردار اُس پر یہ الزام لگاتے ہیں کہ وہ ایک ایسے مذہبی فرقے کا سرغنہ ہے جو ہیکل کو ناپاک کرتا اور پرانے عہد نامے کی شریعت کو توڑتا ہے، تو پولس اپنے دفاع میں تین دلائل پیش کرتا ہے (اعمال 24:5-6)۔
پہلی بات، پولس حکام کو یاد دلاتا ہے کہ اُنہیں اُس پر الزام لگانے والوں کے اِس دعوے کی تصدیق کے لیے کوئی ثبوت نہیں مل سکتا کہ اُس نے ہیکل کو ناپاک کیا (اعمال 24:18)۔ لوقا اعمال میں پہلے بھی یہی بات درج کرتا ہے (اعمال 21:27)۔
پولس کا دوسرا دفاع شریعت پر اُس کے عمل کے بارے میں ہے۔ شریعت توڑنے کا قصوروار ہونا تو دور کی بات، پولس پہلے ایک فریسی تھا جو بڑی سرگرمی سے شریعت پر عمل کرتا تھا (اعمال 26:5)۔ اب یسوع کی پیروی کر کے پولس درحقیقت شریعت ہی پر عمل کر رہا ہے، کیونکہ پورا پرانا عہد نامہ یسوع ہی کی طرف اشارہ کرتا ہے کہ وہی موعودہ مسیح ہے (اعمال 26:22-23)۔
پولس کا تیسرا اور آخری دفاع، دفاع سے زیادہ ایک اعتراف ہے (اعمال 24:21)۔ وہ کہتا ہے کہ ایک سچی بات جو اُس نے کہی اور جس سے یہودی برہم ہوئے، وہ مُردوں کی آخری قیامت پر اُس کا ایمان ہے (اعمال 24:15)۔ یہ وہ دن ہوگا جب خدا نیکوں اور بدوں، راست بازوں اور ناراستوں، سب کو زندہ کرے گا تاکہ اُن سب پر برکت یا عدالت کا اپنا آخری فیصلہ سنائے۔
اگرچہ یہودی پولس کے خلاف کوئی قابلِ اعتبار مقدمہ پیش کرنے میں ناکام رہتے ہیں، مگر مقامی رومی حکام خود کو نااہل اور خود غرض منصف ثابت کرتے ہیں۔ کوئی بھی یہ فیصلہ نہیں کر پاتا کہ پولس یا یسوع کے بارے میں اُس کے پیغام کا کیا کیا جائے۔
آخرکار، دو سال تک سیاسی قیدی کے طور پر رکھے جانے کے بعد، پولس قیصر کے ہاں اپیل کرتا ہے (اعمال 25:11)۔ چونکہ وہ رومی شہری ہے، اِس لیے حکام کے پاس اُسے روم بھیجنے کے سوا کوئی چارہ نہیں رہتا، یعنی عین اُسی جگہ جہاں خدا نے پولس سے کہا تھا کہ اُسے یسوع کے نام کی منادی کرنی ہے (اعمال 23:11)۔
خوشخبری کہاں ہے؟
راست بازوں اور ناراستوں دونوں کی آخری قیامت کے بارے میں پولس کی مرکزی دلیل اِس حوالے کو اور اُس خوشخبری کو سمجھنے کے لیے نہایت اہم ہے جس کی پولس منادی کرتا ہے۔
بہت سے یہودی ایمان رکھتے تھے کہ آخری قیامت کے وقت خدا ہر اُس شخص کی عدالت کرے گا جو کبھی بھی زندہ رہا (اعمال 24:15 الف)۔ خدا کی عدالت کو جھوٹے الزامات، بے ڈھنگے عدالتی نظام اور سیاسی خود غرضی کے بالکل برعکس دیکھنا چاہیے۔
جب یسوع واپس آئے گا تو وہ ہر ایک کی عدالت کامل طور پر اور پورے انصاف کے ساتھ کرے گا (2 تیمتھیس 4:1)۔ نہ کوئی سرکاری بدعنوانی، نہ کوئی تہمت آمیز غلط بیانی، نہ کوئی عدالتی نادانی، جانب داری یا خود غرضی، ہر شخص پر یسوع کے فیصلے کی درستی کو متاثر کر سکے گی۔
خوشخبری یہ ہے کہ انصاف ہو کر رہے گا۔ ہر ناانصافی کا ازالہ کیا جائے گا۔
پولس بے قصور ہونے کے باوجود مقدمے اور پوچھ گچھ کا سامنا کرتا رہا۔ اُسے کسی ایسے کی ضرورت تھی جو آ کر اُسے اُس پر لگائے گئے الزامات سے بری قرار دے۔ ایمان داروں کے ساتھ بھی ہر روز یہی ہوتا ہے۔ ہمارا دشمن ہم میں سے اُن لوگوں کو جو یسوع پر ایمان رکھتے ہیں، مجرم ٹھہرانا چاہتا ہے حالانکہ ہم بے قصور ہیں۔ وہ چاہتا ہے کہ ہم خود کو قصوروار محسوس کریں حالانکہ ہم قصوروار نہیں (رومیوں 8:1)۔
لیکن جب ہم یسوع کی موت اور اُس کے جی اُٹھنے کی خوشخبری کو مضبوطی سے تھامے رہتے ہیں تو ہم بے قصور ٹھہرائے جاتے ہیں، کیونکہ ہم مسیح کے نور سے معمور ہیں (اعمال 26:23)۔ ہماری واحد امید یہ ہے کہ ہم وہی کریں جس کی پولس اِس حوالے میں حاکموں سے التجا کرتا ہے، یعنی یسوع پر ایمان لائیں (اعمال 26:27)۔ مسیح کے تختِ عدالت سے بالاتر اپیل کی کوئی عدالت نہ ہوگی (2 کرنتھیوں 5:10)۔ ہماری اپیل صرف مسیح ہی میں ہوگی۔
خود دیکھیں
میری دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھیں جو ساری دنیا کو اپنے کامل انصاف کے تحت لاتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہمیں اُس انصاف سے آزاد کرتا ہے جس کے ہم مستحق ہیں، تاکہ ہمیں وہ فضل بخشے جس کے ہم مستحق نہیں۔

