کیا ہو رہا ہے؟
ایوب کی کتاب ہمیں حکمت سکھانا چاہتی ہے، خاص طور پر یہ کہ ہم خدا کے بارے میں دانائی سے کیسے سوچیں، بالخصوص جب ہم دکھ اٹھاتے ہیں۔ یہ کتاب ہمیں ایوب نام کے ایک بے قصور، نیک اور راست باز آدمی سے متعارف کراتی ہے (ایوب 1:1)۔ اُس کا خاندان بڑا ہے اور اُس کے پاس بےشمار دولت ہے (ایوب 1:2-3)۔ ایوب نہ صرف خدا کی فرمانبرداری کا خیال رکھتا ہے بلکہ اپنے بچوں کے ممکنہ گناہوں کے لیے بھی لگاتار قربانیاں چڑھاتا ہے (ایوب 1:5)۔
پھر ہمیں آسمان پر ایک مجلس اور ایک کردار سے متعارف کرایا جاتا ہے جسے الزام لگانے والا کہا گیا ہے (ایوب 1:6)۔ خدا ایوب کی بے قصوری اور راستی کی تعریف کرتا ہے (ایوب 1:8)۔ لیکن الزام لگانے والا یہ کہتا ہے کہ ایوب صرف اِس لیے نیک ہے کیونکہ وہ خدا کے انعامات کے پیچھے ہے (ایوب 1:10)۔
الزام لگانے والا خدا پر الزام لگاتا ہے کہ وہ اپنی کائنات کا انتظام ٹھیک طرح نہیں چلا رہا۔ اُس کا خیال ہے کہ نیک چال چلن کا انعام دینے کی خدا کی پالیسی کا مطلب یہ ہے کہ ایوب کی نیکی محض لین دین ہے۔ ایوب کی فرمانبرداری کی واحد وجہ یہ ہے کہ اُسے خدا سے چیزیں ملیں (ایوب 1:9-10)۔ نیک لوگوں کو انعام دینے اور بُرے لوگوں کو سزا دینے سے شاید خدا کو ظاہری اور رسمی فرمانبرداری تو مل جائے، مگر اِس سے ایوب خدا کو مبارک نہیں کہے گا اور نہ اُس سے محبت رکھے گا۔ بلکہ الزام لگانے والے کو پورا یقین ہے کہ اگر خدا اُس کے انعامات چھین لے تو ایوب خدا پر لعنت کرے گا (ایوب 1:11)۔
خدا الزام لگانے والے کو اجازت دیتا ہے کہ وہ اُسے اور کائنات کے اُس کے انتظام کو کٹہرے میں کھڑا کرے۔ اگر بے قصور ایوب دکھ اٹھائے اور خدا پر لعنت کرے تو الزام لگانے والا جیت جائے گا اور خدا کی پالیسیاں ناقص ثابت ہوں گی۔
چنانچہ خدا الزام لگانے والے کو بھیجتا ہے کہ وہ ہر وہ اچھی چیز چھین لے جو ایوب کو دی گئی تھی (ایوب 1:12)۔ خدا اُسے یہ اجازت بھی دیتا ہے کہ ایوب کے جسم کو بُرے پھوڑوں سے بھر دے (ایوب 2:7)۔ لیکن الزام لگانے والے کی پیش گوئیوں کے باوجود ایوب خدا پر لعنت کرنے سے انکار کرتا ہے (ایوب 1:21)۔ اِس کے بجائے ایوب اُسے مبارک کہتا ہے اور تسلیم کرتا ہے کہ راستی اور بے قصوری ہمیشہ برکت کی ضمانت نہیں ہوتیں (ایوب 2:10)۔
لیکن کائنات کے خدا کے انتظام کا مقدمہ تو ابھی شروع ہی ہوا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
ہمارے لیے یہ ماننا آسان ہے کہ خدا کسی قسم کے لین دین کے نظام کے ذریعے کام کرتا ہے۔ دکھ ہمارے گناہ کی وجہ سے آتا ہے؛ صحت اور دولت کا تعلق ہماری نیکی سے ہے۔ آپ یہ سوچ اُس وقت بھی سنتے ہیں جب ٹی وی پر مشہور شخصیات جنگل کی آگ اور سمندری طوفانوں جیسی چیزوں کو کسی قوم کے بنائے ہوئے کسی قانون کا نتیجہ قرار دینے کی کوشش کرتی ہیں۔
خدا کو لین دین کی نظر سے دیکھنا ہمیں ہر وقت فکر مند رکھتا ہے۔ ہمیں ہمیشہ یہ اندیشہ رہے گا کہ خدا بس اِس انتظار میں ہے کہ ہمیں کسی گناہ، کسی خطا یا کسی غلطی کی سزا دے۔ ہمیں ہمیشہ یہ شک رہے گا کہ ہمارا دکھ دراصل خدا کا ہم سے بدلہ لینے کا طریقہ ہے۔ لہٰذا یا تو ہم یہ ثابت کرنے کے لیے خود کو کوستے رہیں گے کہ خدا کو ہمیں سزا دینے کی ضرورت نہیں، یا پھر ہم خدا سے اِس بات پر ناراض رہیں گے کہ وہ اِتنی باریکی سے نقص نکالتا ہے۔ یہ بالکل وہی صورتِ حال ہے جس کے بارے میں الزام لگانے والا دعویٰ کرتا ہے کہ خدا نے دنیا میں قائم کر رکھی ہے اور جو ایوب سے خدا پر لعنت کروائے گی (ایوب 1:11)۔
لیکن خدا لین دین کے اصول پر نہیں چلتا۔ جیسا کہ ایوب کہتا ہے، خدا دینے میں بھی اچھا ہے اور لے لینے میں بھی (ایوب 1:20)۔ برکت اور دکھ کسی سخت حساب کتاب کے مطابق نہیں بلکہ الٰہی حکمت کے مطابق چلتے ہیں۔ ایوب کی پوری کتاب اِسی خیال کو کھولے گی، لیکن یسوع ثابت کرتا ہے کہ یہ سچ ہے۔
خدا نے ہمیں اُس وقت برکت دی جب ہم ابھی گنہگار ہی تھے۔ یسوع ہمارے گناہوں کے لیے اُس وقت مرا جب ہمارے بُرے کام ہمارے اچھے کاموں سے بھاری تھے (رومیوں 5:8)۔ یسوع نے وہ حق نہیں مانگا جو لین دین کے حساب سے خدا کے بیٹے کے لقب، اپنی کامل زندگی اور اپنی قربانی کی موت کی بنا پر اُس کا بنتا تھا۔ بلکہ اُس نے اُسے چھوڑ دیا (فلپیوں 2:7)۔ اور اُس کی موت کے وسیلے سے جو کچھ خدا کا ہے، اب وہ ہمارا ہے (2 کرنتھیوں 5:21؛ یوحنا 16:15)۔
خدا اپنی کائنات پر سخت لین دین کے مطابق حکومت نہیں کرتا۔ وہ فیاض، محبت بھری اور اپنے آپ کو دے دینے والی حکمت سے حکومت کرتا ہے۔ ایوب کی طرح ہمیں بھی خدا سے ناراض ہونے یا اُس پر لعنت کرنے کی ضرورت نہیں۔ ہم اُسے مبارک کہہ سکتے ہیں جس نے ہمارا گناہ اٹھا لیا، اپنے آپ کو ہمیں دے دیا، اور ہمیں وہ نہیں دیتا جس کے ہم مستحق ہیں۔
یہ خدا کے بارے میں دانائی سے سوچنے کی طرف پہلا قدم ہے، خاص طور پر جب ہم دکھ اٹھاتے ہیں۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو دیتا بھی ہے اور لے بھی لیتا ہے۔ اور آپ یسوع کو خدا کے طور پر دیکھیں، جس کی جان لے لی گئی تاکہ ہمیں وہ دیا جائے جس کے ہم مستحق نہیں۔

