کیا ہو رہا ہے؟
آخرکار خدا ایک غضبناک طوفان میں سے ایوب سے کلام کرتا ہے (ایوب 38:1)۔ یاد رکھیں، ایوب نے خدا پر مقدمہ دائر کیا تھا کہ وہ اپنی کائنات کا انتظام ٹھیک سے نہیں چلا رہا۔ ایوب چاہتا ہے کہ خدا وضاحت کرے کہ خدا کے انصاف اور بھلائی کے بارے میں ایوب کی سمجھ کے مطابق اُس کا بےقصور دکھ اُٹھانا کیسے معقول ہو سکتا ہے۔
لیکن خدا اپنے انصاف پر بات کرنے یا اپنے کاموں کی وضاحت کرنے کے بجائے ایوب سے ایسے سوالوں کی ایک لمبی فہرست پوچھتا ہے جو جواب کے لیے نہیں بلکہ ایوب کے محدود علم اور قدرت کو ظاہر کرنے کے لیے ہیں۔
پہلے خدا کائنات کے بارے میں ایوب سے بازپرس کرتا ہے۔ جب دنیا بنائی گئی تو ایوب وہاں موجود نہ تھا (ایوب 38:4)۔ ایوب سمندر کو ناپ نہیں سکتا (ایوب 38:11)۔ وہ نہیں جانتا کہ نظامِ شمسی کو کیسے ترتیب دیا جائے (ایوب 38:19)، ستاروں کے جھرمٹ بنانا تو دور کی بات ہے (ایوب 38:33)۔
پھر خدا جنگلی جانوروں پر ایوب کے بےاختیار ہونے کے بارے میں بازپرس کرتا ہے۔ ایوب جنگلی سانڈ کو سدھا نہیں سکتا (ایوب 39:9)۔ جنگلی گھوڑوں کی طاقت اور رفتار میں اُس کا کوئی حصہ نہیں (ایوب 39:19)۔ باز کو اُڑنے کی صلاحیت ایوب کی حکمت نے نہیں دی (ایوب 39:26)۔ ایوب کسی بھی پیمانے پر خدا کے علم اور قدرت کا مقابلہ نہیں کر سکتا (ایوب 40:2)۔ اِس لیے جب خدا اُسے چیلنج دیتا ہے تو ایوب خاموش رہتا ہے (ایوب 40:5-6)۔
خدا ایوب کو دعوت دیتا ہے کہ وہ ذرا دیر کے لیے خدا بن کر دکھائے (ایوب 40:9-10)۔ ایوب نے اُس پر ناانصافی اور اپنی کائنات کا غلط انتظام کرنے کا الزام لگایا ہے (ایوب 40:8)، اِس لیے خدا اُس سے کہتا ہے کہ وہ اِس سے بہتر کر کے دکھائے؛ اور انصاف کو ویسے نافذ کرے جیسے اُس کے خیال میں ہونا چاہیے (ایوب 40:12-13)۔ اگر ایوب ایک ایسا کائناتی نظام بنا سکے جو انصاف کے اُس کے تصورات کے مطابق چلے، جس میں بےقصور کبھی دکھ نہ اُٹھائیں، تو خدا خوشی سے مان لے گا کہ ایوب درست ہے اور وہ خود غلط ہے (ایوب 40:14)۔
بات یہ ہے کہ ایوب ایسا نظام نہیں بنا سکتا۔ صاف ظاہر ہے کہ ایوب کے پاس اِتنی معلومات یا قدرت نہیں کہ وہ خدا کو اپنی دنیا ناانصافی سے ترتیب دینے کا قصوروار ٹھہرائے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
ایوب کی طرح ہم بھی سمجھتے ہیں کہ جب لوگ بےقصور دکھ اُٹھاتے ہیں تو انصاف کے بارے میں ہماری سمجھ خدا کو قصوروار ٹھہرانے کے لیے کافی ہے۔ لیکن یہ سوچ اِس مفروضے پر قائم ہے کہ انصاف کی جو تصویر ہمارے ذہن میں ہے وہ درست ہے، اور یہ کہ کائنات پر حکومت کرنے کا بہترین طریقہ واقعی انصاف ہی ہے۔
ایوب سے کیے گئے اپنے ایک سوال میں خدا بتاتا ہے کہ وہ غیرآباد زمین کو بھی بارش سے سیراب کرتا ہے (ایوب 38:26-27)۔ لیکن انصاف کا اطلاق گھاس کے میدانوں پر نہیں ہوتا۔ بیابان کسی اجر کے مستحق نہیں ہو سکتے۔ یہ خدا کا یہ کہنے کا انداز ہے کہ دنیا پر حکومت کرنے میں سب سے اہم خوبی انصاف نہیں بلکہ حکمت ہے۔
یہ سچ ہے کہ انصاف کے مطابق چلنے والی دنیا میں کوئی بےقصور دکھ نہ اُٹھاتا۔ لیکن کامل انصاف کی دنیا میں غلطیوں کی بھی کوئی گنجائش نہ ہوتی، بیابان کے پھولوں پر بارش کے فضل کی تو بات ہی کیا۔
محبت اور رحم سے چلنے والی کائنات میں بھی مسائل ہوتے۔ واقعی بدکار لوگ پھلتے پھولتے اور غالباً نظام اور بےقصوروں، دونوں سے ناجائز فائدہ اُٹھاتے۔
اِس کا مطلب یہ ہے کہ ہمیں ایک ایسی کائنات کی ضرورت ہے جس میں محبت اور انصاف، رحم اور دکھ، سب موجود ہوں۔ لیکن خدا کی بات کو سامنے رکھیں تو آپ کیسے طے کریں گے کہ کس کو کیا ملے؟ کون سے قوانین اور بنیادی سچائیاں حکمرانی کریں گی؟ آپ ایسی کائنات کیسے بنائیں گے جس میں بےقصور کبھی دکھ نہ اُٹھائیں اور شریر کبھی خوشحال نہ ہوں؟
بات یہ ہے کہ آپ اِتنے دانا نہیں۔ لیکن خدا ہے۔ خدا ہمیں دعوت دیتا ہے کہ ہم خود کو فروتن کریں اور مان لیں کہ ہم اُس سے بہتر نہیں جانتے۔ اور یہ بھی مان لیں کہ اگر ہم وہ سب کچھ جانتے جو خدا جانتا ہے تو ہم بھی دنیا کو ویسا ہی بناتے جیسی وہ اب ہے۔
اور جب ہم خدا کی حکمت پر بھروسا کرتے ہیں تو ہم آزاد ہو کر یسوع کی صلیب کی حکمت کو پہچان پاتے ہیں۔ یسوع میں محبت اور انصاف ایک دوسرے کا بوسہ لیتے ہیں (زبور 85:10)۔
یسوع ایک بےقصور دکھ اُٹھانے والے کے طور پر جان دیتا ہے تاکہ وہ بھی معاف کیے جا سکیں جو اِس کے مستحق نہیں۔ ایوب کے انصاف والی دنیا میں یسوع کی خود کو قربان کرنے والی محبت ممکن نہ ہوتی۔ ایوب کے انصاف والی دنیا میں ہمیں صرف وہی ملتا جس کے ہم مستحق ہیں۔ لیکن جب ہم خدا پر اور اُس کی حکمت بھری دنیا پر بھروسا کرتے ہیں جہاں محبت اور انصاف آپس میں ملتے ہیں، تو ہو سکتا ہے کہ ہم ناحق دکھ اُٹھائیں، مگر ہم ہمیشہ ایسی محبت کا تجربہ کریں گے جس کے ہم مستحق نہیں۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو حکمت سے حکومت کرتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس کے طور پر دیکھیں جو بےقصور دکھ اُٹھاتا ہے تاکہ ہم ایسی محبت کا تجربہ کر سکیں جس کے ہم مستحق نہیں۔

