کیا ہو رہا ہے؟
ایوب خدا کے سامنے اپنی آخری صفائی پیش کرتا ہے۔ وہ دکھ اُٹھانے سے پہلے کی اپنی زندگی کو یاد کرنے سے بات شروع کرتا ہے۔ ایوب کو خدا کے ساتھ ایک خاص رفاقت حاصل تھی (ایوب 29:4-5)۔ ایوب کی سخاوت غریبوں اور بے سہارا لوگوں کی ضرورتیں پوری کرتی تھی (ایوب 29:12)۔ ایوب امید رکھتا تھا کہ اُس کی زندگی لمبی اور باعزت ہوگی (ایوب 29:18)۔ ایوب یہاں تک کہ اپنا موازنہ ایک دلیر بادشاہ سے کرتا ہے جو انصاف سے حکومت کرتا ہے (ایوب 29:24-25)۔
لیکن ایوب سے سب کچھ چھین لیا گیا ہے۔ ہر سماجی عزت کی جگہ رسوائی نے لے لی ہے۔ کمینے لوگ اُس کی بدحالی سے فائدہ اُٹھاتے اور اُس کا مذاق اُڑاتے ہیں (ایوب 30:10، 13)۔ دہشت اور تاریکی اُس کی نیک نامی کو بھگا دیتی ہیں اور اُسے نقصان پہنچاتی ہیں (ایوب 30:15، 17)۔ اِن سب کے دوران خدا خاموش رہتا ہے (ایوب 30:20)۔ ایوب کو یوں لگتا ہے جیسے خدا اُس کے ساتھ بے رحمی سے پیش آیا ہو (ایوب 30:21)؛ گویا اُس نے دہشت اور تاریکی کے ساتھ مل کر اُس کی زندگی کو ایک چکراتے ہوئے، بے ترتیب طوفان میں بدل دیا ہو (ایوب 30:22)۔
ایوب اب اور برداشت نہیں کر سکتا۔ وہ چاہتا ہے کہ خدا یا تو اُس کی بے گناہی کی تصدیق کرے یا اُسے ایک قصوروار آدمی کی طرح مار ڈالے۔ چنانچہ ایوب بے گناہی کے ایک حلف نامے پر دستخط کر کے اُسے خدا کے سامنے پیش کرتا ہے (ایوب 31:35)۔ یہ اُن تمام غلط کاموں کی ایک لمبی فہرست ہے جو اُس نے نہیں کیے۔
اُس نے کبھی کسی عورت کو نہیں بہکایا (ایوب 31:9)۔ اُس نے کبھی جھوٹ نہیں بولا (ایوب 31:5)۔ اُس نے کبھی انصاف کا دامن نہیں چھوڑا (ایوب 31:13)۔ وہ غریبوں کے ساتھ سخاوت کرنے سے کبھی نہیں چُوکا (ایوب 31:16)۔ اُس پر لالچ کا الزام نہیں لگایا جا سکتا (ایوب 31:24)۔ ایوب کو اپنی بے گناہی کا اِتنا یقین ہے کہ وہ یہ تک بیان کر دیتا ہے کہ اُس کی سزائیں کیا ہونی چاہئیں (ایوب 31:22)۔
ایوب یہ فرض کرتا ہے کہ اگر خدا دھیان دے رہا ہے اور ایوب نے جھوٹ بولا ہے تو وہ اپنی جھوٹی قسم کی وجہ سے مارا جائے گا۔ لیکن اگر خدا دھیان دے رہا ہے اور کوئی جواب نہیں دیتا تو ایوب یقیناً بے گناہ ہے؛ اور اُس کا دکھ یقیناً ناانصافی ہے۔
قارئین کی حیثیت سے ہم پہلے باب ہی سے جانتے ہیں کہ ایوب بے گناہ ہے (ایوب 1:9)۔ چنانچہ ایوب نے ایک ایسی صورتِ حال گھڑ لی ہے جس میں خدا کے لیے کرنے کو صرف ایک ہی کام رہ جاتا ہے کہ وہ کچھ نہ کہے۔ لیکن اگر خدا خاموش رہتا ہے تو ایوب کا یہ الزام کہ خدا اُسے دکھ اُٹھانے دینے کی وجہ سے ناانصاف بلکہ بے رحم ہے، حل طلب ہی رہ جاتا ہے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
ایوب کی طرح ہمیں بھی خدا کے کردار پر سوال اُٹھائے بغیر اپنے بے قصور دکھ کو سمجھنا مشکل، بلکہ ناممکن لگتا ہے۔ اور چونکہ ہم جانتے ہیں کہ دکھ کا الزام ہمیشہ دکھ سہنے والے پر نہیں ڈالا جا سکتا، اِس لیے یوں لگتا ہے کہ اب واحد راستہ یہی بچا ہے کہ خدا کے کردار پر سوال اُٹھایا جائے۔ ناحق رسوائی، دائمی بیماری، ناجائز طور پر ٹھکرائے جانے اور بے قصور دکھ کے ہمارے تجربات اِس بات کا پکا ثبوت معلوم ہوتے ہیں کہ خدا بے رحم ہے۔
لیکن جلد ہی خدا ایوب کو اِس الزام پر ملامت کرے گا (ایوب 40:8)۔ خدا ایوب سے کہے گا کہ اُس کے پاس اِس قسم کا فیصلہ کرنے کے لیے نہ تو کافی علم ہے اور نہ کافی قدرت، اور نہ ہی ہمارے پاس ہے (اور اِس پر ہم جلد بات کریں گے)۔
لیکن جو چیز ہمارے پاس ہے اور ایوب کے پاس نہیں تھی، وہ یسوع میں ظاہر ہونے والا خدا کا کردار ہے۔
یسوع کی زندگی کی پہچان بے بسوں کے لیے اُس کا ترس (متی 9:36)، دائمی دکھ سہنے والوں کے لیے اُس کی دیکھ بھال (یوحنا 9:6؛ مرقس 3:5)، اور مظلوموں کے لیے اُس کی فکر تھی (مرقس 5:15)۔ یسوع، یعنی جسم میں ظاہر ہونے والا خدا کا کردار، بے رحم نہیں ہے۔
اِس سے بھی بڑھ کر یہ کہ خدا، یسوع میں ہو کر، صلیب پر بے قصور دکھ اُٹھاتا ہے تاکہ اُس کے لوگوں کا دکھ ختم ہو جائے (یسعیاہ 53:4-5)۔ یسوع میں خدا کا دکھ اُٹھانا ظاہر کرتا ہے کہ خدا بے رحم نہیں ہے۔
یاد رکھیں کہ خدا ایوب کو کبھی نہیں بتاتا کہ اُس نے دکھ کیوں اُٹھایا۔ اِس کی وجہ یہ ہے کہ ایوب کی کتاب جوابات پانے کی ہماری گہری خواہش کو پورا کرنے سے زیادہ ہمیں خدا پر بھروسا کرنے کی طرف لے جاتی ہے۔ اگرچہ یہ بات ہمیں بے چین کرتی ہے، لیکن یہی ہمارے لیے خوشخبری بھی ہے۔
ہمارے حالات ہمارے لیے خدا کی محبت کا پیمانہ نہیں ہیں؛ یسوع ہے۔
یہ سچ ہے کہ ہم نہیں جانتے کہ ہم دکھ کیوں اُٹھاتے ہیں۔ لیکن ہم یہ ضرور جانتے ہیں کہ جب ہمارے درد کی شدت بدلتی ہے تو ہمارے لیے خدا کے جذبات نہیں بدلتے۔ ہمیں کبھی بھی اپنے لیے خدا کے ترس پر سوال اُٹھانے کی ضرورت نہیں، کیونکہ اِس سوال کا جواب یسوع کی صلیب نے ہمیشہ کے لیے دے دیا ہے۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھیں جو دکھ اُٹھانے والوں کی فکر کرتا ہے۔ اور آپ یہ دیکھ سکیں کہ آپ کے دکھ کی نسبت یسوع آپ کے لیے خدا کی محبت کا کہیں بڑا پیمانہ ہے۔

