کیا ہو رہا ہے؟
ایوب کا دوست الیفز اپنی دوسری تقریر شروع کرتا ہے۔ پہلی تقریر میں الیفز نے ایوب کی حوصلہ افزائی کی تھی کہ وہ اپنی راستی پر بھروسا رکھے (ایوب 4:6)۔ اب وہ ایوب پر الزام لگاتا ہے کہ وہ اپنی باتوں سے اپنی ہی راستی کو کھوکھلا کر رہا ہے (ایوب 15:4)۔ اس کا خیال ہے کہ ایوب کی باتیں اپنے گناہ کو جائز ٹھہرانے کے لیے گھڑے ہوئے ٹیڑھے بہانے ہیں (ایوب 15:5)۔
اپنی پچھلی تقریر میں ایوب نے اپنے دوستوں سے ثبوت مانگا تھا کہ اس نے کوئی ایسا بُرا کام کیا ہے جس کی وجہ سے وہ اس دکھ کا مستحق ٹھہرا۔ اب الیفز جواب دیتا ہے کہ ایوب کو اپنے خلاف ثبوت ڈھونڈنے کے لیے اپنے منہ سے آگے دیکھنے کی ضرورت نہیں (ایوب 15:6)۔
پھر الیفز شریروں کے انجام کے بارے میں لمبے شاعرانہ بیانات شروع کر دیتا ہے۔ چونکہ ایوب اپنا سب کچھ کھو چکا ہے اور اپنی بےگناہی کے دعوے سے پیچھے ہٹنے سے انکار کرتا ہے، اس لیے الیفز بخوشی ایوب کو اُن سب لوگوں میں شمار کر لیتا ہے جو خدا سے سرکشی کرتے ہیں (ایوب 15:25)۔
ایوب یہ سب پہلے بھی سن چکا ہے اور الیفز کی باتوں کو رد کرتا ہے (ایوب 16:2-3)۔ ایوب مانتا ہے کہ اس کا دکھ ایک ثبوت ہے (ایوب 16:8)، لیکن ایسا ثبوت نہیں جو اس کا قصوروار ہونا ثابت کرے (ایوب 16:17)۔ ایوب جانتا ہے کہ وہ بےگناہ ہے۔ اس کا دکھ صرف یہ ثابت کرتا ہے کہ خدا اس پر حملہ کر رہا ہے۔ وہ تو خدا کو ایک ایسے درندے سے بھی تشبیہ دیتا ہے جو اپنے شکار کی گھات میں ہو (ایوب 16:9)۔
پھر ایوب ایک وکیل کے لیے اپنی فریاد اَور بھی شدید کر دیتا ہے (ایوب 16:20)۔ وہ دعا کرتا ہے کہ کوئی آسمانی ہستی اس کی بےگناہی کی گواہی دے اور خدا کے سامنے اس کا مقدمہ لڑے، جیسے کوئی آدمی اپنے دوست کے ساتھ بحث کرتا ہے (ایوب 16:19، 21)۔
ایوب کو یقین ہے کہ اس کے مرنے کے بعد ایسی شفاعت ناممکن ہوگی (ایوب 17:14-15)۔ اس لیے ایوب چاہتا ہے کہ اسے ابھی بےگناہ قرار دیا جائے۔ وہ چاہتا ہے کہ عدالت میں اس کی شنوائی ہو اور اس کی راستی اسے لوٹا دی جائے۔
خوشخبری کہاں ہے؟
ایوب اور اس کے دوستوں کے درمیان سب سے بڑا فرق اجر کے تصور کے گرد گھومتا ہے۔ ایوب کے دوست سب سے زیادہ فصاحت سے اُس وقت بولتے ہیں جب وہ خدا کے اجر کے چھن جانے یا دوبارہ مل جانے کا بیان کرتے ہیں۔ لیکن ایوب کو اس گفتگو میں کوئی دلچسپی نہیں۔ اسے صرف اپنی بےگناہی، اپنی راستی اور اپنی نیک نامی کی بحالی سے غرض ہے (ایوب 17:9)۔
ایوب کی طرح ہم پر بھی مسلسل الزام لگائے جاتے ہیں۔ چاہے یہ ہمارے دوستوں کی طرف سے ہو، ہمارے اپنے خیالات کی طرف سے، یا شیطان کی قصوروار ٹھہرانے والی باتوں کی طرف سے، ہم سب ایسی آوازوں کے ساتھ جیتے ہیں جو ہم سے کہتی ہیں کہ ہم قصوروار ہیں اور ہم کافی اچھے نہیں۔ ایوب کی طرح ہم یہ سمجھ لیتے ہیں کہ یہ آوازیں خدا کی ہیں، لیکن ایسا نہیں ہے۔ خدا الزام لگانے والے کی طرح بات نہیں کرتا (ایوب 1:9)۔
اس کے برعکس، خدا یسوع کو اس لیے نہیں بھیجتا کہ وہ دنیا کو مجرم ٹھہرائے یا اس پر الزام لگائے، بلکہ اس لیے کہ اسے نجات دے (یوحنا 3:17)۔ ایوب نے تصور کیا تھا کہ اس کی بےگناہی کسی الٰہی عدالت میں ثابت ہوگی۔ اور پولس نے یسوع کے صلیب پر کیے گئے کام کو بالکل اسی طرح بیان کیا۔ یسوع ہر قانونی الزام کو کھوکھلا کر دیتا ہے اور سزا کے ہر حکم کو منسوخ کر دیتا ہے (کلسیوں 2:14)۔ یسوع صلیب پر الزام لگانے والے کی قوت کو بے اختیار کر دیتا ہے اور اس کے جھوٹے فیصلوں پر فتح پاتا ہے (کلسیوں 2:15)۔
ایوب خدا کو اپنا وکیل تصور نہ کر سکا کیونکہ اسے پورا یقین تھا کہ خدا اس کا دشمن ہے۔ لیکن یسوع میں ہمیں دکھایا جاتا ہے کہ خدا ہمیشہ اُن کی وکالت کرتا ہے جو اس پر بھروسا رکھتے ہیں، چاہے اس کے لیے اسے جان ہی کیوں نہ دینی پڑے۔
خود دیکھیں
روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھیں جو ہماری وکالت کرتا ہے۔ اور آپ دیکھیں کہ یسوع ہی وہ ہے جو ہمارے دشمن کے الزامات کو خاموش کر دیتا ہے اور ہمیں بےگناہ قرار دیتا ہے۔

