کیا ہو رہا ہے؟
لوقا چاہتا ہے کہ آپ یسوع کے معجزات دیکھیں اور اِس سوال سے کشتی لڑیں کہ ”یسوع کون ہے؟“
یسوع آندھی کو ڈانٹتا ہے اور بدروحوں کو نکالتا ہے۔ وہ ایک ایسی عورت کو شفا دیتا ہے جو ایک عرصے سے بیمار تھی اور جو اُس کے کپڑے کو چھوتی ہے، اور اپنے چھونے سے ایک مری ہوئی لڑکی کو زندہ کرتا ہے۔ وہ معجزانہ طور پر پانچ ہزار مردوں کے علاوہ عورتوں اور بچوں کو بھی کھانا کھلاتا ہے۔ وہ اپنا اختیار اپنے شاگردوں کو بھی سونپ دیتا ہے۔
جہاں بادشاہ ہیرودیس حیران ہے کہ یسوع کون ہو سکتا ہے، وہاں پطرس صاف صاف کہتا ہے کہ یسوع ”خدا کا مسیح“ ہے (لوقا 9:20)۔ یسوع وہی ہے جس کی پیش گوئی پرانے عہد نامے میں کی گئی تھی، جو اسرائیل کو اُن کے گناہوں سے بچائے گا اور غریبوں کو خوشخبری سنائے گا (لوقا 4:18)۔ پطرس یسوع کو بادشاہ داؤد کا سچا جانشین پہچانتا ہے، جو خدا کی بادشاہی ہمیشہ کے لیے قائم کرے گا۔
خدا ایک پہاڑ پر اِس الٰہی شناخت کی تصدیق کرتا ہے، جب ایک روشن بادل یسوع اور اُس کے شاگردوں کو گھیر لیتا ہے۔ یسوع کون ہے؟ بادل سے آنے والی آواز اعلان کرتی ہے، ”یہ میرا بیٹا ہے، میرا برگزیدہ، اِس کی سنو“ (لوقا 9:35)۔
اگرچہ یسوع برگزیدہ ہے، تاہم اُس کی شناخت کی تصدیق صرف اُس کی موت کے ذریعے ہوگی۔ نہ صرف یہ، بلکہ جو کوئی اُس کی پیروی کرنا چاہتا ہے اُسے بھی ”اپنی صلیب اٹھانی“ اور مرنا ہوگا (لوقا 9:23)۔ ہم یسوع کی پیروی یسوع کی طرح مر کر ہی کرتے ہیں۔
پھر لوقا ہمیں شاگردوں کی چار مثالیں دیتا ہے، جو زندگی، قوّت یا اختیار سے چمٹے رہنے کی کوشش کرتے ہیں۔ وہ ابھی تک نہیں سمجھتے کہ یسوع کی پیروی اُن سے اُن کا سب کچھ لے لے گی۔
خوشخبری کہاں ہے؟
تو یہ خوشخبری کیوں ہے کہ خدا کی بادشاہی میں داخل ہونے کے لیے ہمیں اپنی جان دینی پڑتی ہے؟ یہ خوشخبری کیوں ہے کہ اگر ہم زندگی چاہتے ہیں تو ہمیں ہر وہ چیز چھوڑ دینی ہوگی جو ہمیں عزیز ہے، اپنی صلیب اٹھانی ہوگی اور یسوع کے ساتھ مرنا ہوگا؟
جواب اُس وقت ملتا ہے جب ہم اِس سوال کا جواب دیتے ہیں کہ ”یسوع کون ہے؟“ پطرس نے اِس کا اعلان کیا اور خدا نے یہ فرمایا—یسوع برگزیدہ ہے۔ اُسے چُنا گیا کہ سب سے چھوٹا بنے، تاکہ وہ اور ہر وہ شخص جو اُس کی پیروی کرتا ہے آسمان کی بادشاہی میں بڑا بنے۔
شاگرد اِس حقیقت کو نہیں سمجھتے تھے۔ وہ بڑائی کے لیے ایک دوسرے سے مقابلہ کرنا اور خدا کے دشمنوں پر آگ برسانا چاہتے تھے (لوقا 9:54)۔ لیکن یسوع اُنہیں بتاتا ہے کہ پرانے عہد نامے کے سب نبیوں نے ایک کہیں زیادہ قربانی والی راہ کی طرف اشارہ کیا تھا (لوقا 9:58)۔
یسوع بڑائی کے بارے میں ہمارا تصور لے کر اُسے اُلٹ دیتا ہے، اور یہ خوشخبری ہے، کیونکہ یہی واحد راہ ہے جو ہمیشہ کی زندگی تک لے جاتی ہے۔ ہاں، ہم ساری دنیا کو کھو دیتے ہیں، لیکن اپنی جان حاصل کر لیتے ہیں (متی 16:26)۔ یسوع کو اِس لیے چُنا گیا کہ وہ دکھائے کہ اُس کے پیچھے موت میں چلنا ہی سچی زندگی کی واحد راہ ہے۔
خود دیکھیں
دعا ہے کہ روح القدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خدا کو دیکھ سکیں جو قربانی کو زندگی میں بدل دیتا ہے۔ اور آپ یسوع کو اُس برگزیدہ کے طور پر دیکھیں جو اپنی موت اور جی اُٹھنے کے ذریعے زندگی بخشتا ہے۔

