کیا ہو رہا ہے؟
یِسوع بہتّر نئے شاگردوں کو بھیجتے ہیں (لوقا 10:1)۔ یہ عدد پیدائش 10 کی طرف اشارہ کرتا ہے، جہاں بابل کے بُرج کے گرنے کے بعد ستّر قوموں کی فہرست دی گئی ہے۔ یہ لوقا کا طریقہ ہے کہ وہ بتائیں کہ خُدا کی بادشاہی کی خوشخبری صرف اسرائیل کے لیے نہیں بلکہ تمام قوموں کے لیے ہے۔
یعقوب اور یوحنا کے برعکس، جو ایک سامری شہر پر آسمان سے آگ نازل کرانے کی دعا کرنا چاہتے تھے، یِسوع وعدہ کرتے ہیں کہ یہودی شہر ہی ایسے انجام کا سامنا کریں گے جو غیر قوم کے شہر سدوم کے انجام سے بھی بدتر ہوگا (لوقا 10:13)۔
وہ بہتّر شاگرد خوشی مناتے ہوئے واپس آتے ہیں کہ بدروحیں بھی اُن کی زبان پر یِسوع کے نام کی فرمانبرداری کرتی ہیں (لوقا 10:17)۔ یِسوع اُنہیں دعوت دیتے ہیں کہ اِس سے بھی زیادہ خوشی کریں کہ وہ، جو پہلے دشمن قوموں کے علامتی نمائندے تھے، اب خُدا کی کتابِ حیات میں لکھے جا چکے ہیں (لوقا 10:20)۔ جو کوئی بھی خُدا سے محبت رکھے اور اپنے پڑوسی سے محبت رکھے، وہ لکھا جائے گا—صرف یہودی ہی نہیں۔
لیکن ایک فقیہ، جو خُدا کی کتابِ حیات میں اپنے مراعات یافتہ مقام کو درست ثابت کرنا چاہتا تھا، یِسوع سے پوچھتا ہے کہ اُس کا پڑوسی کون ہے۔ وہ توقع کرتا ہے کہ یِسوع کچھ ایسا جواب دیں گے، ”تیرا خاندان، تیرے دوست اور تیرے ہم وطن اسرائیلی“ (لوقا 10:29)۔ فقیہ ہونے کے ناطے اُس کے پاس ہر ایک کے لیے کافی دلائل موجود تھے۔ لیکن اِس کے بجائے یِسوع ایک کہانی سے جواب دیتے ہیں۔
ڈاکو ایک شخص کو راستے کے کنارے مرنے کے لیے چھوڑ جاتے ہیں۔ ایک کاہن اور ایک لاوی ایک سامری کی فیاضی اور رحم کے مقابلے میں پڑوسی جیسا سلوک نہیں کرتے (لوقا 10:33)۔ سامری مذہبی اور نسلی طور پر باہر کے لوگ سمجھے جاتے تھے۔ یہ بھی ایک وجہ تھی کہ یعقوب اور یوحنا اُن کے ایک گاؤں کو جلا دینے پر اِس قدر تیار تھے۔ چنانچہ جب یِسوع ایک نفرت کی نگاہ سے دیکھی جانے والی اقلیت کو کہانی کا ہیرو بناتے ہیں، تو وہ ظاہر کر رہے ہیں کہ خُدا کی بادشاہی کے شہری کہیں سے بھی آ سکتے ہیں۔ جو کوئی خُدا اور اپنے پڑوسی سے محبت رکھتا ہے، وہ اندر آ سکتا ہے!
یہی وجہ ہے کہ ہمارا یہ حصہ دو عورتوں کے ذکر پر ختم ہوتا ہے—ایک بے چینی سے اِدھر اُدھر دوڑ دھوپ کرتی ہوئی اور دوسری بیٹھ کر یِسوع کا کلام سنتی ہوئی (لوقا 10:39-40)۔ یِسوع کے قدموں میں بیٹھ کر مریم نے وہ بات پہچان لی جسے مرتھا، اُس فقیہ اور اِتنے سارے یہودی شہروں نے نہ پہچانا۔ یِسوع محض خُدا کے کلام کے اُستاد نہیں تھے، بلکہ خود خُدا کا کلام تھے۔ یِسوع کے قدموں میں بیٹھنا خُدا سے محبت رکھنا تھا، اور یِسوع کے کلام کو سننا اُن کی ایسی عزت کرنا تھا جیسے اُس سامری نے اپنے پڑوسی سے محبت رکھی۔
خوشخبری کہاں ہے؟
یہ ہم سب کے لیے خوشخبری ہے—خواہ ہم یہودی ہوں، غیر قوم ہوں، یا سامری۔ یِسوع نیک اعمال کے اُن الف سے ے تک کے ثبوتوں کا تقاضا نہیں کرتے جو اُس فقیہ کے پاس تیار تھے۔ یِسوع ہماری اُس خدمت کا تقاضا نہیں کرتے جو مرتھا بے چینی سے پیش کر رہی تھی۔ یِسوع نہ خون کی پاکیزگی کا تقاضا کرتے ہیں اور نہ مذہبی نسب نامے کا۔ یِسوع کا تقاضا یہ ہے کہ ہم بیٹھنے، سننے اور اُن کی فرمانبرداری کرنے کا انتخاب کریں۔
ہم خوشی کر سکتے ہیں، کیونکہ تمام نام اور تمام قومیں اِسی بنیاد پر آسمان پر لکھی جاتی ہیں، نہ کہ ہماری اپنی مصروفیت یا اپنی خودراستی کی بنیاد پر۔ کوئی شخص اور کوئی قوم یِسوع کی نجات دینے کی قدرت سے باہر نہیں (لوقا 10:22)۔
خود دیکھیں
دعا ہے کہ روحُ القُدس آپ کی آنکھیں کھولے تاکہ آپ اُس خُدا کو دیکھ سکیں جو تمام قوموں کو نجات دیتا ہے۔ اور دعا ہے کہ آپ یِسوع کو اُس ہستی کے طور پر دیکھیں جو ہر ایک کو اپنے قدموں میں بیٹھنے اور اپنی خوشخبری سننے کی دعوت دیتا ہے۔

